عمران خان کو غلط فہمی ہے کہ ہماری لڑائی ان سے ہے،مریم نواز
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے این اے 125 کے بجائے این اے 127 سے ٹکٹ جاری کیے جانے کو پارٹی کا فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری اپنی جدوجہد ہے جبکہ عمران خان کو غلط فہمی ہے کہ ہماری لڑائی ان سے ہے۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےمریم نواز نے کہا کہ این اے 125 کے لیے میں نے درخواست دی تھی، میری جماعت نے فیصلہ کیا ہے کہ میں این اے 127 سے الیکشن لڑوں تو میں اس کے لیے تیار ہوں کیونکہ میری پارٹی قیادت مجھے جہاں سے کہے گی میں وہیں سے الیکشن لڑوں گی۔
خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے جاری کردہ فہرست میں مریم نواز کو لاہور کے حلقہ این اے 125 سے امیدوار نامزد کیا گیا تھا تاہم آج این اے 127 سے ٹکٹ جاری کردیا گیا ہے۔
ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ یہ 2018 ہے اور ہماری قوم جاگ رہی ہے جس کا ثبوت لوگوں نے ہمارے جلسوں میں شریک ہو کر دیا اور ہمارے جلسوں کو کامیاب بنایا۔
انھوں نے کہا کہ میری والدہ کلثوم نواز انتہائی علیل ہیں، والدہ کی طبیعت بہتر ہوتے ہی پاکستان واپس جائیں گے، نواز شریف ڈر کر بھاگے نہیں جو بھی فیصلہ آئے گا سامنا کریں گے کیونکہ کوئی ایسی سزا نہیں ہے جو نواز شریف کو نہ دی گئی ہو۔
مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کا بیانیہ قومی ہے ذاتی نہیں جو گھر گھر پھیل چکا ہے، عمران خان اس جدوجہد کے بارے میں کچھ نہیں جانتے وہ تو جو سکھایا جاتا ہے وہی کٹھ پتلی کی طرح کرتے ہیں لیکن ہماری ایک اور جدوجہداورجنگ ہے شاید اس کو وہ جانتے بھی نہیں ہوں گے۔
انھوں نے کہا کہ عمران خان کو غلط فہمی ہے کہ ہماری لڑائی ان سے ہے،عمران خان کی سوچ اپنی نہ حکمت عملی اپنی ہے۔
انتخابات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے ساتھ امتیازی رویہ قبول نہیں، ایک جماعت اور اس کے لوگوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے، نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن کونوٹس لینا چاہیے۔
مریم نواز نے کہا کہ انتخابات کی شفافیت پر سوال اٹھے گا، ایسے حالات میں انتخابات وسوسوں کے سائے میں ہوں گے۔











لائیو ٹی وی
تبصرے (1) بند ہیں