’ایک لڑکی کو دیکھا تو ایسا لگا‘

اپ ڈیٹ 28 جون 2018
رومانوی کامیڈی فلم کی ریلیز تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا —۔
رومانوی کامیڈی فلم کی ریلیز تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا —۔

ماضی کا خوبصورت گانا ’ایک لڑکی کو دیکھا تو ایسا لگا‘ جب بھی سنا تو صرف انیل کپور اور منیشا کوئرالا کی رومانوی فلم ’1942 اے لو اسٹوری‘ کی یاد آئی۔

لیکن اس فلم جیسی سادگی اب 2018 میں نہیں، اور یہی وجہ ہے کہ انیل کپور اس بار اپنی بیٹی سونم کپور کے ساتھ فلم ’ایک لڑکی کو دیکھا تو ایسا لگا‘ میں اس انداز کو منفرد انداز میں پیش کرتے نظر آئیں گے۔

فلم ’ایک لڑکی کو دیکھا تو ایسا لگا‘ میں انیل کپور کے ساتھ سونم کپور، جوہی چاؤلہ اور راج کمار راؤ کام کرتے نظر آئیں گے۔

اس فلم کا پہلا ٹیزر بھی ریلیز کردیا گیا، جس میں انیل کپور نے اپنی 1994 میں ریلیز ہوئی فلم ’1942 اے لو اسٹوری‘ کی جھلک بھی دکھائی۔

سونم کپور نے اس ٹیزر کو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بھی شیئر کیا، جس پر انہوں نے لکھا کہ ’پیار میں سیاپا نہیں کیا، تو کیا پیار کیا؟

ٹیزر میں دکھایا گیا کہ 1942 ایک سادہ رومانوی کہانی تھی، لیکن 2018 ایک سیاپا رومانوی کہانی ہوگی۔

ٹیزر کو دیکھ کر اندازہ ہورہا ہے کہ فلم میں بھی انیل کپور نے سونم کے والد کا کردار ادا کیا، جبکہ فلم کی شوٹنگ پنجاب میں کی گئی ہے۔

سونم نے اس فلم کا پہلا پوسٹر بھی مداحوں سے شیئر کیا تھا، جس میں انہوں نے بتایا کہ وہ سویٹی چوہدری نامی لڑکی کا کردار ادا کررہی ہیں۔

خیال رہے کہ یہ انیل کپور اور سونم کپور کی ایک ساتھ پہلی فلم ہوگی۔

فلم ’ایک لڑکی کو دیکھا تو ایسا لگا‘ کی ہدایات شیلی چوپڑا دے رہی ہیں، جس کی ریلیز تاریخ کا اعلان اب تک نہیں کیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں