• KHI: Partly Cloudy 19.7°C
  • LHR: Partly Cloudy 13.2°C
  • ISB: Partly Cloudy 11.5°C
  • KHI: Partly Cloudy 19.7°C
  • LHR: Partly Cloudy 13.2°C
  • ISB: Partly Cloudy 11.5°C

’کرپشن ختم کرنے کیلئے احتساب کا دائرہ ہر لٹیرے تک بڑھایا جائے‘

شائع July 7, 2018

پاکستان عوامی تحریک ( پی اے ٹی ) کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ کرپشن کی وبا ختم کرنے کے لیے احتساب کا دائرہ ہر لٹیرے تک بڑھایا جائے۔

پی اے ٹی اسلام آباد میڈیا سیل سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے ہیتھرو ایئرپورٹ لندن سے ایتھنز روانگی کے موقع پر خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جہاں ہم کرپشن، غیر آئینی و غیر قانونی اقدامات پر ذمہ داران کی گرفت کرتے ہیں وہیں ایماندار افسران کی تحسین بھی ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ احتساب عدالت کا فیصلہ بارش کا پہلا قطرہ ہے، ابھی تو ان پر اولے بھی برسیں گے اور موسلا دھار بارش بھی ہوگی، فیصلہ کرپشن کے خاتمے کی طرف ایک بڑی پیش رفت ہے، اس کا دائرہ ہر اس کرپٹ تک بڑھنا چاہیے جس نے پاکستان کی دولت کو لوٹا ہے۔

مزید پڑھیں: احتساب کے بغیر انتخابات میں خیر نہیں دیکھ رہا،طاہر القادری

پی اے ٹی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ انصاف اور احتساب کے اداروں نے ایک بڑا کام کردیا، اب یہ سلسلہ رکنا نہیں چاہیے، پاکستان کی تعمیر نو اور عوامی مسائل کے حل کا یہ اللہ نے موقع فراہم کیا ہے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ ملک اور قومیں لائحہ عمل، یقین اور عمل سے آگے بڑھتی ہیں اور یہ موقع بھی آگیا، جس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے جامع اصلاحات کا آغاز کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب تک یہ نظام رہے گا تو سیاسی فائدے کے لیے کرپشن، قتل و غارت گری، جھوٹ ،سازش کی وبا بھی رہے گی، پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ طاقتور اشرافیہ کے خلاف فیصلہ آیا ہے ہم اس کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ احتساب عدالت کا فیصلہ قانون کی بالادستی اور سیاسی مافیا کی شکست ہے، شاندار اور جرأت مندانہ کارکردگی کے مظاہرے پر نیب پروسیکیوٹرز بھی مبارکباد کے مستحق ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سانحہ ماڈل ٹاؤن: طاہر القادری کے مطالبات میں اضافہ

سربراہ عوامی تحریک نے مزید کہا کہ ہم ایسا ہی انصاف اور ٹرائل شہداء ماڈل ٹاؤن کے لیے بھی چاہتے ہیں کیونکہ پیسے کی چوری، انسانی خون بہائے جانے سے چھوٹا جرم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ معصوم کا خون بہانے والے کو اللہ کی عدالت سے بھی معافی نہیں ملے گی لہٰذا انصاف کے ادارے انسانی خون کی حرمت کو یقینی بنانے اور انصاف کی فراہمی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

اس موقع پر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے عوامی تحریک کی تمام تنظیمات کو ہدایت کی کہ احتساب عدالت کے شاندار فیصلے پر اظہار تشکر کیا جائے اور اس پر تہنیتی قراردادیں منظور کی جائیں۔

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2025
کارٹون : 23 دسمبر 2025