• KHI: Clear 25.8°C
  • LHR: Partly Cloudy 19.5°C
  • ISB: Cloudy 16.9°C
  • KHI: Clear 25.8°C
  • LHR: Partly Cloudy 19.5°C
  • ISB: Cloudy 16.9°C

مریم نواز کا جیل سے مسلسل تیسرا سوشل میڈیا پیغام؟

شائع July 23, 2018

سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے جیل سے اپنے ٹوئٹر ہینڈل کے ذریعے مسلسل تیسرا پیغام جاری کیا ہے۔

مریم نواز کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے آج (پیر کو) بھی ایک پیغام جاری کیا گیا جس میں انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کا انتخابات سے قبل پیغام عوام تک پہنچایا۔

خیال رہے کہ مریم نواز کو 6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت نے 7 سال قید بامشقت کی سزا سنائی تھی جس کے بعد وہ 13 جولائی کو اپنے والد نواز شریف کے ہمراہ لندن سے لاہور ایئرپورٹ پہنچی تھیں، جہاں سے انہیں گرفتار کرکے اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا تھا۔

یہ بھی معلوم رہے کہ پاکستان میں جیلوں میں موجود قیدیوں کو موبائل فون استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہے۔

مزید پڑھیں: مریم نواز کا سوشل میڈیا اکاؤنٹ جیل سے متحرک؟

تاہم مریم نواز کے ٹوئٹر ہینڈل سے گزشتہ 3 روز کے دوران 3 ٹویٹ جاری ہوئے ہیں۔

جیل میں ہونے کے باوجود نواز شریف کی صاحبزادی کے ٹوئٹر ہینڈل سے ٹویٹ کیے جانے پر مختلف جماعتوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی کہ مذکورہ ٹویٹ مریم نواز نے خود کی ہے یا ان کی سوشل میڈیا ٹیم کی جانب سے ان کا ٹوئٹر اکاؤنٹ استعمال کیا گیا ہے۔

بعض نجی چینل پر اس حوالے سے یہ خبر بھی نشر ہوئی کہ مریم نواز کو جیل میں انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کردی گئی ہے، تاہم اس خبر کی تصدیق نہیں ہوسکی۔

13 جولائی کو جیل جانے کے بعد مریم نواز کے اکاؤنٹ سے 21 جولائی کو پہلا ٹوئٹ سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے فیض احمد فیض کے چند اشعار شیئر کیے گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف، مریم نواز گرفتاری کے بعد اڈیالہ جیل منتقل

22 جولائی کو ان کے اکاؤنٹ سے دوسری ٹویٹ سامنے آئی تھی جس میں انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ترانے کے بول لکھے تھے۔

بعد ازاں آج (23 جولائی کو) بھی مریم نواز کے اکاؤنٹ سے ٹوئٹ کی گئی جس میں انہوں نے نوازشریف کا انتخابات سے قبل قوم کے نام پیغام شیئر کیا۔

مریم نواز کے ٹوئٹر ہینڈل سے ہونے والی ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ ’25 جولائی کو اپنے حقوق کی آزادی اور ووٹ کی عزت کے لئے اٹھ کھڑے ہو، گھروں سے نکلو اور شیر پر مہر لگاؤ‘۔

کارٹون

کارٹون : 13 دسمبر 2025
کارٹون : 12 دسمبر 2025