پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے انتخابی مہم کے دوران نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر قوم سے معافی مانگ لی۔

پرویز خٹک کی جانب سے قوم سے معافی مانگنے کی ویڈیو سامنے آئی جس میں انہوں نے قوم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’ان کے اس بیان کا مقصد کسی کی دل آزاری کرنا نہیں بلکہ معاشرے میں موجود خرابیوں کی نشاندہی کرنا تھا، جس میں ووٹ کی خرید و فروخت بھی شامل ہے‘۔

مزید پڑھیں: پرویز خٹک کا پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے نامناسب لفظوں کا استعمال

انہوں نے مزید کہا کہ ’اگر میرے ان الفاظ سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہو تو میں معذرت خواہ ہوں‘۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور خیبر پختونخوا کے سابق وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی ایک ویڈیو، انتخابات سے قبل سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں انہوں نے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پشتو زبان میں پاکستان پیپلز پارٹی کو نامناسب انداز میں تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

پرویز خٹک کے اس بیان پر صحافیوں، عام عوام اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے ناراضگی کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: نازیبا الفاظ کا استعمال، پرویز خٹک نے غیرمشروط معافی مانگ لی

معروف صحافی گل بخاری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پرویز خٹک کی ویڈیو اور اس کے ہمراہ ان کے بیان کا اردو ترجمہ ٹویٹ کیا۔

واضح رہے کہ پرویز خٹک اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی سے وابستہ رہ چکے ہیں۔

بعد ازاں الیکشن کمیشن نے پرویز خٹک کی جانب سے انتخابی مہم کے دوران ناشائستہ زبان استعمال کرنے پر از خود نوٹس لیا تھا جس پر پی ٹی آئی کے رہنما پرویز خٹک نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے غیر مشروط معافی طلب کی تھی۔

مزید پڑھیں: رحمٰن ملک کا پرویز خٹک کے ’ڈرگ ٹیسٹ‘ کرانے کا مطالبہ

تاہم الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت 9 اگست تک ملتوی کردی تھی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے 9 اگست کو کیس کا فیصلہ سنائے جانے کا بھی امکان ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں