بھوٹان کو شکست، پاکستان 13 سال بعد ساف کپ کا سیمی فائنل کھیلے گا

اپ ڈیٹ 11 ستمبر 2018
پاکستانی فٹبال ٹیم کے کھلاڑی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے — فوٹو: بشکریہ ساف
پاکستانی فٹبال ٹیم کے کھلاڑی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے — فوٹو: بشکریہ ساف

بنگلہ دیش میں جاری جنوبی ایشیا فٹ بال فیڈریشن (ایس اے ایف ایف / ساف) کی چیمپیئن شپ میں پاکستان کی قومی فٹ بال ٹیم نے بھوٹان کو 0-3 سے شکست دے دی۔

بنگلہ دیش کے بنگاباندھو نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے گروپ-اے کے میچ میں پاکستان نے بھوٹان کو شکست دی اور ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔

قومی ٹیم نے محمد ریاض کے گول کی مدد سے میچ کے ابتدائی 20 منٹ میں بھوٹان کی ٹیم پر برتری حاصل کی۔

پہلے گول کے 9 منٹ کے بعد پاکستان کے حسن بشیر نے دوسرا گول داغ کر قومی ٹیم کی برتری کو دوگنا کردیا۔

میچ کے پہلے ہاف کے اختتام تک پاکستان نے اپنی 0-2 کی برتری کو برقرار رکھا۔

میچ کے دوسرے ہاف کے ابتدا ہی سے دونوں ٹیموں نے گول اسکور کرنے کی بھرپور کوششیں کیں تاہم کوئی بھی ٹیم کامیابی حاصل نہ کرسکی۔

تاہم میچ کے اختتام سے قبل 91ویں منٹ میں پاکستان کے فہیم احمد نے گول کر کے پاکستان کی برتری 0-3 کردی۔

پاکستان کی کامیابی کے باعث قومی ٹیم ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوگئی، اس سے قبل پاکستان کی فٹ ٹیم نے 2005 میں ایس اے ایف ایف یا ساف کا سیمی فائنل کھیلا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں