لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اپنی بھابھی کلثوم نواز کی میت وطن لانے کے لیے لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پہنچ گئے۔

بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ برطانوی وقت کے مطابق آج 12 بجکر 15 منٹ پر ریجنٹ پارک میں ادا کی جائے گی۔

نماز جنازہ کے بعد شہباز شریف اپنے بڑے بھائی اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کی میت لے کر کل وطن واپس پہنچیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: بیگم کلثوم نواز انتقال کرگئیں

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نجی ایئر لائن کی پرواز 'کیو آر 629' کے ذریعے براستہ دوحہ لندن پہنچے۔

مرحومہ کلثوم نواز کی جمعہ کو جاتی امراء لاہور میں تدفین ہوگی، تاہم ان کا نماز جنازہ لندن میں آج ادا کی جائے گی۔

اس حوالے سے عابد شیر علی کا بیان سامنے آیا جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ’لندن میں بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ جمعرات کو 12 بج کر 15 منٹ پر ریجنٹ پارک اسلامک سینٹر میں ادا کی جائے گی‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’نماز جنازہ کے بعد میت کو پاکستان لانے کے لیے ہیتھرو ایئرپورٹ لے جایا جائے گا جہاں میت کو پی آئی اے کی پرواز ’PK 58’ کے ذریعے جمعہ کی صبح 6 بجے لاہور ایئرپورٹ لایا جائے گا۔

مزید پڑھیں: لندن: بیگم کلثوم نواز کو دل میں تکلیف، وینٹی لیٹر پر منتقل

محکمہ داخلہ کے ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر بیگم کلثوم نواز کی آخری رسومات کی ادائیگی کے لیے ابتدائی طور پر 12 گھنٹے کے لیے رہائی دی گئی تھی، تاہم صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد ان رہائی کی مدت میں 3 دن توسیع کردی۔

محکمہ داخلہ کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد تینوں شخصیات کو پیرول پر جیل سے رہا کیا گیا۔

قبل ازیں ذرائع نے بتایا تھا کہ کلثوم نواز کے انتقال کے بعد نواز شریف اور مریم نواز کو اڈیالہ جیل کے کانفرنس روم میں بٹھایا گیا، جہاں سے انہوں نے لندن میں اپنے اہل خانہ سے رابطہ کیا۔

ذرائع نے بتایا کہ سابق وزیر اعظم اور مریم نواز کو کلثوم نواز کی وفات کی خبر سنائی گئی تو وہ آبدیدہ ہوگئے۔

اسی دوران مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کی بڑی تعداد جاتی امراء پہنچی لیکن انہیں ابتدا میں اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔

تبصرے (0) بند ہیں