اسلام آباد: آل پاکستان مسلم لیگ (اے پی ایم ایل) کے چیئرمین ڈاکٹر محمد امجد نے پارٹی عہدے اور بنیادی رکنیت سے استعفی دے دیا۔

واضح رہے کہ پشاور ہائیکورٹ کی جانب سے دیئے گئے نااہلی کے فیصلے کے بعد سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے آل پاکستان مسلم لیگ (اے پی ایم ایل) نے چیئرمین کے عہدے سے استعفیٰ دیا اور ڈاکٹر امجد کو جماعت کا نیا سربراہ مقرر کردیا تھا تاہم انتخابات میں ناکامی کے بعد ڈاکٹر محمد امجد نے رواں برس اگست میں اپنا استعفیٰ جمع کرایا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پرویز مشرف آل پاکستان مسلم لیگ کی صدارت سے مستعفی

اس حوالے سے بتایا گیا کہ ڈاکٹر محمد امجد نے انتخابات 2018 میں پارٹی کی ناکامی کی ذمہ داری اپنے سر لیتے ہوئے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کے اجلاس میں اپنا استعفی پیش کیا۔

ڈاکٹر محمد امجد نے دبئی میں اپنا استعفی پارٹی کے سرپرست اعلی پرویز مشرف کو پیش کیا۔

اس ضمن میں ڈاکٹر محمد امجد نے کہا کہ سابق صدر پرویز مشرف اور پارٹی کارکنوں کے ساتھ 8 سال کا شاندار عرصہ گزارا ہے۔

مزیدپڑھیں: سپریم کورٹ: پرویز مشرف کے انتخابات میں حصہ لینے کا حکم واپس

ان کا کہنا تھا کہ میں پرویز مشرف کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے پارٹی کی خدمت کے لیے مجھ پر بھروسہ کیا اور موقع دیا۔

اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ پارٹی پالیسیوں اور انتخابات میں ناکامی کے باعث ڈاکٹر امجد نے پارٹی چھوڑ دی۔

علاوہ ازیں انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹرمحمد امجد نے پرویز مشرف کو انتخابات میں نہ جانے کا مشورہ دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ: پرویزمشرف کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بحال کرنے کا حکم

ذرائع نے بتایا کہ پارٹی رہنما عام انتخابات میں پارٹی کی ناکامی کا ذمہ دار ڈاکٹر امجد کو قرار دے رہے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں