جونی ڈیپ اب ’کیپٹن جیک اسپیرو’ نہیں بن پائیں گے

27 اکتوبر 2018
اداکار نے 5 فلموں میں جیک اسپیرو کا کردار ادا کیا—اسکرین شاٹ
اداکار نے 5 فلموں میں جیک اسپیرو کا کردار ادا کیا—اسکرین شاٹ

جس طرح رواں برس اگست میں سائنس فکشن سپر ہیرو فلمیں بنانے والے ادارے وارنر برادر کے ڈی سی یونیورس نے اعلان کیا تھا کہ اب برطانوی اداکار ہینری کیول کے کردار ’سپر مین‘ پر کئی سال تک کوئی فلم نہیں بنائی جائے گی۔

اسی طرح اب معروف پروڈکشن ہاؤس والٹ ڈزنی نے بھی اعلان کیا ہے کہ اب کی مشہور فنٹیسی سواش بکلرفلم سیریز پائریٹس آف دی کیریبیئن کی اگلی فلم کو’کیپٹن جیک اسپیرو’ کا کردار نبھانے والے جونی ڈیپ کے بغیر بنایا جائے گا۔

جی ہاں، فلم اسٹوڈیو نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ 55 سالہ امریکی اداکار جونی ڈیپ کو اب اس کردار کے لیے مزید کاسٹ نہیں کیا جائے گا۔

اسکائے نیوز نے اپنی خبر میں ڈیلی میل ٹی وی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ پائریٹس آف دی کیریبیئن کے پہلے اور اصل لکھاری اسٹارٹ بیٹی نے اس بات کی تصدیق کی کہ والٹ ڈزنی اسٹوڈیو نے جونی ڈیپ کو اگلی فلم میں کاسٹ نہ کرنے کی تصدیق کی ہے۔

لکھاری نے بتایا کہ اگرچہ فلم پروڈکشن کمپنی نے اگلی فلم بنانے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی معلومات فراہم کی گئی ہے، تاہم کمپنی نے جونی ڈیپ کو ’جیک اسپیرو’ کے کردار کے لیے کاسٹ نہ کرنے کی تصدیق کی ہے۔

خیال رہے کہ ’کیپٹن جیک اسپیرو’ پائریٹس آف دی کیریبیئن کا مرکزی اور اہم کردار ہے، جس جونی ڈیپ گزشتہ 15 سالوں سے نبھاتے آ رہے تھے۔

جونی ڈیپ نے 1984 سے اداکاری کی شروعات کی—فوٹو: نیوزی لینڈ ہیرالڈ
جونی ڈیپ نے 1984 سے اداکاری کی شروعات کی—فوٹو: نیوزی لینڈ ہیرالڈ

پائریٹس آف دی کیریبیئن کی اب تک 5 فلمیں ریلیز کی جا چکی ہیں، جن میں سے آخری فلم ’ڈیڈ مین ٹیل نو ٹالس’ کو مئی 2017 میں ریلیز کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: جونی ڈپ کو دس سال قید کا خطرہ

اس سیریز کی پہلی فلم جولائی 2003 میں ریلیز کی گئی تھی، جس نے آتے ہی دھوم مچادی تھی۔

پہلی فلم کی کامیابی کے بعد دوسری فلم جولائی 2007، تیسری فلم مئی 2007 اور چوتھی فلم مئی 2011 میں ریلیز کی گئی۔

سیریز کی پانچویں فلم مئی 2017 میں ریلیز کی گئی تھی اور اب سیریز کی چھٹی فلم بنائی جائے گی، تاہم اس کا اعلان نہیں کیا گیا۔

جونی ڈیپ نے ’کیپٹن جیک اسپیرو’ کا کردار اب تک کی پانچوں فلموں میں نبھایا، ان کا یہ کردار ہر خطے کے ہر عمر کے افراد میں مقبول رہا۔

جونی ڈیپ پر دوسری اہلیہ امبر ہیرڈ نے تشدد کا الزام بھی عائد کیا تھا—فائل فوٹو—گالا ڈی
جونی ڈیپ پر دوسری اہلیہ امبر ہیرڈ نے تشدد کا الزام بھی عائد کیا تھا—فائل فوٹو—گالا ڈی

جونی ڈیپ نے 1984 سے فلمی کیریئر کا آغاز کیا اور اب تک انہوں نے 70 کے قریب فلموں میں کام کیا ہے۔

جونی ڈیپ نے 2 شادیاں کیں، انہوں نے پہلی شادی 1983 میں اداکارہ لوری ایلیسن سے کی، جو 2 سال بعد طلاق پر ختم ہوگئی، اس کے بعد ان کے تعلقات متعدد اداکاراؤں کے ساتھ رہے۔

جونی ڈیپ نے دوسری شادی معروف اداکارہ امبر ہیرڈ سے 2015 میں کی اور وہ بھی مشکل سے 2 سال تک قائم رہی اور دونوں میں 2017 میں طلاق ہوگئی۔

امبر ہیرڈ نے ان پر جسمانی تشدد کے الزامات بھی عائد کیے تھے، جب کہ جونی ڈیپ پر حد سے زیادہ منشیات استعمال کرنے کے عادی ہونے کا الزام بھی لگایا جاتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں