افغانستان کے صوبے فراہ کے ضلعے انار دارا کے پہاڑی علاقے میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک ہوگئے۔

افغانستان کے خبر رساں ادارے طلوع نیوز کی رپورٹ کے مطابق مقامی حکام نے ہیلی کاپٹر گرنے کی تصدیق کردی۔

اس بارے میں گفتگو کرتے ہوئے 207 کے ملٹری کمانڈر ترجمان نجیب اللہ نجیبی نے بتایا کہ دو ہیلی کاپٹر ایک ساتھ سفر کررہے تھے جس میں سے ایک گر کر تباہ ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان، دھماکے اور عام انتخابات

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ہیلی کاپٹر میں 20 افراد سوار تھے جن میں فراہ کی صوبائی کونسل کے اراکین اور ملٹری حکام موجود تھے۔

انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ تباہی کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر میں سوار کوئی شخص زندہ نہیں بچ سکا۔

فوج کے زمینی یونٹ کے ترجمان نورالحق خلیقی نے بتایا کہ صوبے فراہ کی کونسل کے سربراہ فرید بختاور کے ہمراہ کونسل کے اراکین جمیلہ امینی، نعمت اللہ خلیل اور دیگر افراد بدقسمت ہیلی کاپٹر میں سوار تھے۔

مزید پڑھیں: ’افغانستان میں امن مذاکرات کے لیے تشدد کا خاتمہ لازم ہے‘

اس کے علاوہ حادثے کا شکار ہونے والے ہیلی کاپٹر میں 207 ظفر ملٹری کے ڈپٹی کمانڈر انچیف بھی موجود تھے۔

تاہم ہیلی کاپٹر گرنے کی وجوہات کا ابھی تک علم نہ ہوسکا جبکہ حکام نے معاملے کی تحقیقات کا حکم دےدیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں