حکومت کو ’ہم مصروف تھے‘ کی جگہ ’ہم نالائق ہیں‘ کا اشتہار دینا چاہیے، مریم اورنگزیب

اپ ڈیٹ 29 نومبر 2018
مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم اورنگزیب — فائل فوٹو
مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم اورنگزیب — فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے حکومت کو ’ہم مصروف تھے‘ کی جگہ ’ہم نالائق ہیں‘ کا اشتہار دینا چاہیے۔

حکومت کی 100 روزہ کارکردگی پر تقریب سے قبل اپنے ایک ویڈیو پیغام میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ قوم ہوشیار رہے آج شام قومی نشریاتی رابطے اور سرکاری خرچ پر وزیراعظم قوم سے براہ راست جھوٹ بولیں گے۔

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان آج جھوٹ کا عالمی ریکارڈ قائم کریں گے، جنہیں جھوٹ بولنے کی عادت ہو انہیں مزید جھوٹ بولنے سے شرم نہیں آتی۔

مریم اورنگ زیب کا مزید کہنا تھا کہ آج ایک ایسا جھوٹ ہوگا جسے پاکستان سمیت دنیا کی کوئی حکومت نہیں توڑ سکے گی۔

انہوں نے حکومتی وزرا کو بھی ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ وزرا میں بھی جھوٹ بولنے کا سخت مقابلہ جاری ہے، یہاں جو وزیر سب سے بڑا جھوٹ بولے گا، عمران خان صاحب اسے سب سے بڑا میڈل دیں گے۔

مریم اورنگ زیب نے کہا کہ عوام حکومت کی 100 روز کی کارکردگی جاننے کے لیے گوگل پر تلاش جاری رکھیں۔

لیگی ترجمان کا کہنا تھا کہ حکومت نے سرکاری خرچ پر اپنے جھوٹ کی تشہیر شروع کردی ہے، اور 100 دن کی کارکردگی کے اشتہار میں پرانے 100 دن کا پلان ایک بار پھر شائع کردیا۔

انہوں نے وزیرِ اعظم عمران خان کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ حکومت کو ’ہم مصروف تھے‘ کی جگہ ’ہم نالائق ہیں‘ کا اشتہار دینا چاہیے۔

مریم اورنگ زیب نے کہا کہ 100 روز کی کارکردگی دکھانے کے لیے جی سی ویمن یونیورسٹی کی طرح حکومت کو ہمارے دور کے افتتاح کردہ منصوبوں کا سہارا لینا پڑرہا ہے۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ عمران خان کے جھوٹ اور ناکامی کے ”سچ“ کو چھپانے کے لیے 100 ”جھوٹ“ گھڑے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) 100 دن کی حکومتی نااہلی، جھوٹ، ناکامیوں اور ’یوٹرنز‘ پر جلد عوام کو حقائق نامہ جاری کرے گی۔

مریم اورنگ زیب کا کہنا تھا کہ حکومت کے 100 دن عوام کے لیے 100 اذیت ناک دن تھے، پی ٹی آئی کے اپنے ووٹرز اور سپورٹرز کے لیے ناامیدی، ملک کے لیے بدنامی اور شرمندگی کے دن تھے۔

لیگی رہنما نے طنزیہ انداز میں کہا کہ حکومتی ہدایت اور عمران خان صاحب کے جھوٹ کو سچ نہ کہنے والے صحافی نوکری سے نکال دیے جائیں۔

تبصرے (2) بند ہیں

MUKHTAR AHMAD AASI Nov 29, 2018 05:04pm
bibi aap aaj PTV py press conference kar rahi hain, kia ye tabdeeli nahi hy , kia aap ki hakomat main kisi opposition party ko ye facility de gai
Sharminda Nov 30, 2018 12:50am
Yeh tu PPP ka moto lagta hai. 10 saal ki performance kay baad. Oh sorry, Zardari sahab say tu aaj kal dosti chal rahi hai.