پی بی 47 ضمنی انتخاب، بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار کامیاب
کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی کے حلقے پی بی 47 (کیچ) میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے غیر حتمی لیکن سرکاری نتیجے کے مطابق بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے امیدوار کامیاب ہوگئے۔
بلوچستان عوامی پارٹی کے عبدالرشید 7 ہزار 88 ووٹ لے کر پہلےنمبر پر رہے۔
ضمنی انتخاب میں بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے امیدوار جمیل احمد دشتی 5 ہزار 758 ووٹ لے کر دوسرے جبکہ نیشنل پارٹی کے فدا حسین 3 ہزار 55 ووٹ حاصل کرکے تیسرے نمبر پر رہے۔
یہ بھی پڑھیں: ‘تحریک انصاف بلوچستان میں حکومت بنائے گی‘
واضح رہے کہ عام انتخابات میں اس حلقے سے 'بی اے پی' کے عبدالرؤف رند کامیاب ہوئے تھے، تاہم دہری شہریت ہونے کی وجہ سے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ان کی کامیابی کالعدم قرار دے دی تھی۔
ڈان کو موصول فارم 47 کے مطابق انتخابی حلقے میں کل 60 پولنگ اسٹیشنز تھے جبکہ ووٹرز کی کُل تعداد 56 ہزار 472 تھی۔
رجسٹرڈ ووٹرز میں سے 17 ہزار 422 نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا جن میں 8 ہزار 698 مرد اور 8 ہزار 724 خواتین شامل تھیں۔
مزید پڑھیں: بلوچستان نے شدید مالی خسارے پر وفاق سے مدد مانگ لی
ڈالے گئے ووٹوں میں سے 401 ووٹ مسترد کیے گئے جبکہ ووٹوں کی مجموعی شرح 30.85 فیصد رہی۔
سیاسی جماعتوں میں بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی) نے سب کم 42 ووٹ حاصل کیے جبکہ ضمنی انتخاب میں 8 آزاد امیدواروں نے بھی حصہ لیا۔
حلقے کے تمام پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا تھا اور سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔











لائیو ٹی وی