’لو آج کل 2‘ میں سارہ اور سیف ایک ساتھ کاسٹ

شائع January 25, 2019
دونوں پہلی مرتبہ کسی فلم میں ایک ساتھ نظر آئیں گے —فوٹو/ اسکرین شاٹ
دونوں پہلی مرتبہ کسی فلم میں ایک ساتھ نظر آئیں گے —فوٹو/ اسکرین شاٹ

بولی وڈ کی ابھرتی اداکارہ سارہ علی خان جب اپنے والد اداکار سیف علی خان کے ساتھ کافی ود کرن شو میں جلوہ گر ہوئیں، تو ہر کسی نے شو کی اس قسط کو بےحد پسند کیا، جس کی وجہ سارہ علی اور سیف علی خان کا ایک دوسرے کے ساتھ مزاحیہ رویہ اور سارہ کا ٹیلنٹ تھا۔

اور اب یہ دونوں بہت جلد پھر سے ایک ساتھ اسکرینز پر نظر آنے والے ہیں، تاہم اچھی خبر یہ ہے کہ اب یہ دونوں کسی شو میں نہیں ایک فلم میں ساتھ کام کرتے نظر آئیں گے۔

رپورٹس کے مطابق ہدایت کار امتیاز علی اپنی کامیاب فلم ’لو آج کل‘ کے سیکوئل کا اسکرپٹ تیار کررہے ہیں، جس میں انہوں نے سارہ علی خان اور سیف علی خان کو کاسٹ کرنے کا ارادہ کیا ہے۔

یہ دونوں اس فلم میں بھی باپ اور بیٹی کے کرداروں میں نظر آئیں گے۔

یاد رہے کہ کامیڈی رومانوی فلم ’لو آج کل‘ 2009 میں ریلیز ہوئی تھی، جس میں سیف علی خان کے ساتھ دپیکا پڈوکون نے مرکزی کردار نبھایا تھا۔

یہ فلم باکس آفس پر کامیاب ثابت ہوئی تھی، جبکہ اب لو آج کل 2 سے بھی یہی امیدیں کی جارہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سیف علی خان کی بیٹی رنبیر کپور کی دلہن بننے کی خواہاں

خیال رہے کہ فلم لو آج کل میں رشی کپور نے سیف علی خان کے ساتھ اہم کردار نبھایا تھا۔

جبکہ سیکوئل کی دیگر کاسٹ کا اب تک اعلان نہیں کیا گیا۔

رپورٹس ہیں کہ اس سیکوئل میں سارہ علی خان کے ہمراہ کارتک آرین کام کرتے نظر آئیں گے۔

خیال رہے کہ سارہ علی خان اپنے متعدد انٹرویوز میں کارتک آرین کو پسند کرنے کے حوالے سے بتاچکی ہیں، یہی وجہ ہے کہ مداح اب ان دونوں کو کسی فلم میں ایک ساتھ دیکھنا چاہتے ہیں۔

فلم کی شوٹنگ کا آغاز رواں سال ہوگا، جبکہ اسے اگلے سال ریلیز کرنے کا ارادہ کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ سارہ علی خان نے بولی وڈ میں فلم ’کیدرناتھ‘ کے ساتھ ڈیبیو کیا، جس کے بعد ان کی فلم ’سمبا‘ سامنے آئی۔

یہ دونوں ہی گزشتہ سال کی کامیاب فلمیں رہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2025
کارٹون : 21 دسمبر 2025