پاکستانی نژاد شہریوں کا برطانیہ کی ترقی میں اہم کردار ہے، برطانوی ہائی کمشنر

09 فروری 2019
برطانوی ہائی کمشنر نے گورنر سندھ سے ملاقات کی—فوٹو: گورنرہاؤس
برطانوی ہائی کمشنر نے گورنر سندھ سے ملاقات کی—فوٹو: گورنرہاؤس

برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے پاکستانی نژاد برطانوی شہریوں کی ملکی ترقی میں کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان قریبی تعلق ہے۔

کراچی میں گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے تعلقات اور شہر کی معاشی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر سندھ کے پریس سیکریٹری کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات کے دوران عمران اسماعیل نے کہا کہ کراچی پاکستان کی معاشی شہ رگ ہے اس لیے اس شہر میں ہونے والی کوئی بھی معاشی سرگرمی پورے ملک کی اقتصادی ترقی و خوش حالی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کے ریونیو میں ایک نمایاں حصہ رکھنے والا شہر قائد ایک مرتبہ پھر معاشی سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کا مرکز بنتا جارہا ہے جس سے دنیا بھر کے سرمایہ کار فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

گورنر سندھ نے کہا کہ اقتصادی شعبے میں پاک-برطانیہ تعاون میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک-برطانیہ اقتصادی تعاون اب دو طرفہ ہوچکا ہے کیونکہ کئی پاکستانی کمپنیوں اور تجارتی اداروں نے برطانیہ میں اپنے مراکز قائم کر لیے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ برطانیہ کو کئی پاکستانی مصنوعات بھی برآمد کی جارہی ہیں۔

عمران اسماعیل نے مزید کہا کہ صوبہ سندھ میں برطانوی حکومت کے تعاون سے کئی منصوبوں پر کام کیا جا رہا ہے خصوصاً تعلیم کے شعبے میں برطانیہ کا تعاون لائق تحسین ہے۔

برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے کہا کہ دونوں ملکوں کے عوام کے مابین نہایت قریبی تعلق ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی نژاد شہری برطانیہ کی تعمیر و ترقی میں نمایاں کردار ادا کررہے ہیں اور سیاست، تجارت اور کھیل کے شعبوں میں پاکستانیوں کی خدمات نمایاں ہیں جس کو برطانیہ قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں