وزیراعظم کاوی وی آئی پی وفد کے خلاف مہم بلاک کرنے کی ہدایت پر نوٹس

16 فروری 2019
فواد چوہدری نے ٹویٹر پر بیان جاری کیا—فائل/فوٹو:ڈان
فواد چوہدری نے ٹویٹر پر بیان جاری کیا—فائل/فوٹو:ڈان

وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے مبینہ طور پر وزارت داخلہ کی جانب سے 5 تنظیموں کے خلاف سوشل میڈیا میں وی وی آئی پی وفد کی پاکستان کے دورے کے خلاف مہم چلانے پر کارروائی کے لیے جاری کیے گئے احکامات کا نوٹس لے لیا ہے۔

فواد چوہدری نے ٹویٹر میں جاری اپنے بیان میں کہا کہ ‘وزیراعظم نے ایک خاص فرقے اور طبقے کے حوالے سے وزارت داخلہ کی جانب سے مبینہ طور پر جاری کیے گئے نوٹی فیکیشن کے جزیات پر سنجیدہ نوٹس لے لیا ہے’۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ‘سیکریٹری داخلہ کو ہدایت کی گئی ہے فوری طور پر اس حوالے سے انکوائری شروع کردیں’۔

خیال رہے کہ وزارت داخلہ کی جانب سے تمام صوبائی چیف سیکریٹریز، انسپکٹرز جنرل پولیس، چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور ڈائریکٹر جنرل فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کو بھیجے گئے مراسلے میں ہدایت کی گئی تھی کہ وہ ان تظیموں کے کارکنوں کو تلاش کریں اور کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بلاک کردیں۔

مزید پڑھیں:وی وی آئی پی وفد کے خلاف سوشل میڈیا مہم بلاک کرنے کی ہدایت

ان تنظمیوں کی نشاندہی تعمیرِ وطن، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن طالبات کراچی، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پشاور، تحریکِ حمایتِ مظلومینِ جہانِ پاکستان اور شیعہ وحدت نیوز کے طور پر کی گئی تھی۔

مراسلے میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ ’وی وی آئی پی وفد کے پاکستان کے اعلیٰ سطح کے دورے سے متعلق مبینہ طور پر منفی تصور پیش کرنے کے لیے سوشل میڈیا پر ایک مہم چلائی جارہی ہے اور مخصوص مقاصد، مذموم مفادات یا ایجنڈے کے لیے وی وی آئی پی وفد یا پاکستانی حکومت کو بدنام کیا جارہا ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں:حکومت کا سوشل میڈیا پر نفرت پھیلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا اعلان

وزارت داخلہ کے سینئر حکام سے اس معاملے پر جب رابطہ کیا گیا تو انہوں نے اس مراسلے کی نہ تو تصدیق کی اور نہ ہی تردید کی۔

یاد رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدی نے13 فروری کو اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران سوشل میڈیا پر نفرت پھیلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم پاکستان میں قان کی حاکمیت کو یقینی بنانے پر یقین رکھتے ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم نے ایک میکانزم تیار کرلیا ہے جہاں ہم سوشل میڈیا پر بھی نفرت انگیز بیانیے کو کنٹرول کرپائیں گے کیونکہ ڈیجیٹل میڈیا عام میڈیا پر ٹیک اوور کررہا ہے لہٰذا ضروری تھا کہ ہم اسے ریگولرائز کریں۔

انہوں نے کہا تھا کہ ہم پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پمرا) لارہے ہیں، جس کا مقصد پرنٹ، الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا کے لیے قوانین نافذ کرنا ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ یہ ضروری تھا کہ ہم سوشل میڈیا کو مانیٹر کرسکیں، وہاں جو جعلی اکاؤنٹس ہیں انہیں پکڑ سکیں اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سزا دے سکیں۔

انہوں نے کہا کہ رواں ہفتے کچھ ایسی گرفتاریاں ہوئی ہیں، جنہوں نے سوشل میڈیا کو فتویٰ دینے، دھمکیاں دینے اور نفرت انگیز بیانیہ پھیلانے والوں کے لیے استعمال کیا اور ہم آنے والے ہفتوں میں اس کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کریں گے اور ہم سوشل میڈیا پر نفرت انگیز بیانیے کی اجازت نہیں دیں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ طاقت کا اختیار صرف ریاست کا ہے اور کسی فرد کو اس کا اختیار نہیں دے سکتے اور ہم جلد ایک بڑے کریک ڈاؤن کا آغاز کریں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں