اراکین صوبائی اسمبلی کی تنخواہوں میں بے پناہ اضافے پر وزیر اعظم برہم

اپ ڈیٹ 14 مارچ 2019
وزیر اعظم نے اراکین پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کو بلاجواز قرار دے دیا — فائل فوٹو/ اے پی
وزیر اعظم نے اراکین پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کو بلاجواز قرار دے دیا — فائل فوٹو/ اے پی

وزیر اعظم عمران خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب سمیت اراکین صوبائی اسمبلی کی تنخواہوں میں بے پناہ اضافے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس فیصلے کو بلا جواز قرار دے دیا۔

پنجاب اسمبلی میں حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور اتحادی جماعتوں نے وزیراعلیٰ اور اسپیکر سمیت دیگر اراکین کی تنخواہوں میں دگنے اضافے کے لیے منگل کو ایک بل پیش کیا تھا جسے اگلے ہی دن بلا کسی تاخیر کے اپوزیشن کی غیرموجودگی میں منظور کرلیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: پنجاب اسمبلی کے اراکین کی تنخواہ میں دگنا اضافہ

پنجاب اسمبلی میں بل کی منظوری کے بعد اب وزیراعلیٰ پنجاب کو 4 لاکھ 25 ہزار، صوبائی اسپیکر کو 2 لاکھ 60 ہزار اور اسمبلی کے اراکین کو فی کس ایک لاکھ 95 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ اور مراعات کی مد میں ملیں گے۔

وزیر اعظم عمران خان نے پنجاب اسمبلی کے وزیر اعلیٰ سمیت اراکین اسمبلی کی تنخواہوں میں بے پناہ اضافے کے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کیا۔

انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ پنجاب اسمبلی کی جانب سے اراکین اسمبلی، وزرا خصوصاً وزیراعلیٰ کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کا فیصلہ سخت مایوس کن ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان خوشحال ہوجائے تو شاید یہ قابلِ فہم ہو مگر ایسے میں جب عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے بھی وسائل دستیاب نہیں، یہ فیصلہ بالکل بلاجواز ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب اسمبلی کا آخری اجلاس: 45 منٹ میں 12 بل منظور

دوسری جانب وزیر اطلاعات و نشریات نے بھی پنجاب اسمبلی سے منظور شدہ اس فیصلے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے تحریک انصاف کی پالیسی سے متصادم قرار دیا۔

انہوں نے بھی ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ وزیر اعلیٰ اور پنجاب اسمبلی کے خود کو نوازنے کے اقدامات وزیر اعظم اور وفاقی حکومت کی پالیسیز سے متصادم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی پالیسی کا صریحاً مذاق اڑایا گیا ہے، اس پالیسی پر فوری نظرثانی کی جانی چاہیے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پنجاب حکومت اور وزیر اعلیٰ ہاؤس وزیر اعظم اور وفاقی حکومت کی سادگی کی پالیسی کے حوالے سے اندھیرے میں ہیں، بصورت دیگر خود کو نوازنے کا ایسا شرمناک عمل کبھی نہ کیا جاتا۔

تنخواہوں میں کتنا اضافہ کیا گیا؟

وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے منظور ہونے والی 4 لاکھ 50 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ میں 50 ہزار روپے کا مہمان داری الاؤنس بھی شامل ہو گا۔

پنجاب اسمبلی نے نئے بل میں کہا ہے کہ اگر صوبے کے وزیراعلیٰ کا لاہور میں گھر نہیں ہو تو صرف دور حکومت مکمل کرنے کے بجائے تاحیات گھر بھی ملے گا۔

مزید پڑھیں: ’پنجاب اسمبلی کے دروازے بند کرنا آمرانہ رویہ ہے‘

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی کو اس بل کی منظوری کے بعد ماہانہ 2 لاکھ 60 ہزار روپے تنخواہ ملے گی۔

پنجاب اسمبلی کے اراکین کی تنخواہوں میں دگنا اضافے کے بعد انہیں ماہانہ ایک لاکھ 95 ہزار روپے ملیں گے جبکہ اس سے قبل اراکین کی ماہانہ تنخواہ 88 ہزار روپے تھی۔

صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں دی گئی منظوری کے مطابق اراکین کو بنیادی تنخواہ 80 ہزار روپے، رہائش کے لیے 50 ہزار روپے، 4 ہزار روپے روزانہ الاؤنس، یوٹیلیٹی 20 ہزار روپے، مہمان داری الاونس 20 ہزار روپے اور ٹیلی فون الاؤنس 10 ہزار روپے نئی نتخواہ میں شامل ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں