اسمارٹ فون بیٹری 17 منٹ میں چارج کرنے والی ٹیکنالوجی متعارف

26 مارچ 2019
یہ دنیا کی تیز ترین فاسٹ چارجنگ ٹیکنالوجی ہے— اسکرین شاٹ
یہ دنیا کی تیز ترین فاسٹ چارجنگ ٹیکنالوجی ہے— اسکرین شاٹ

شیاﺅمی نے ان اولین کمپنیوں میں سے ایک ہے جس نے بجٹ اسمارٹ فونز میں بڑی بیٹریوں کو متعارف کرایا اور اب اس نے دنیا کی تیز ترین سپر چارج ٹربو ٹیکنالوجی متعارف کرائی ہے۔

جی ہاں چینی کمپنی نے 100 واٹ سپر چارج ٹربو ٹیکنالوجی کو متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے جو 4000 ایم اے ایچ بیٹری کو محض 17 منٹ میں مکمل چارج کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

یہ اسمارٹ فونز کے لیے متعارف کرائی جانے والی دنیا کی تیز ترین فاسٹ چارجنگ ٹیکنالوجی ہے جس نے اوپو کی 50 واٹ سپر وی او او سی ٹیکنالوجی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے جو کہ 15 منٹ میں 50 فیصد بیٹری چارج کرسکتی ہے۔

شیاﺅمی نے اس ٹیکنالوجی کا مظاہرہ چینی سوشل میڈیا سائٹ ویبو پر شیئر کی جانے والی ایک ویڈیو میں کیا۔

شیاﺅمی نے اس ٹیکنالوجی کا تجربہ اوپو کی سپر وی او او سی چارج ٹیکنالوجی کے ساتھ کیا۔

اس آزمائش کے دوران شیاﺅمی کی ٹیکنالوجی نے 4000 ایم اے ایچ بیٹری کو صفر سے سو فیصد تک 17 منٹ میں چارج کیا جبکہ اوپو کی ٹیکنالوجی اس وقت میں 3700 ایم اے ایچ بیٹری کو 65 فیصد تک چارج کرسکی۔

شیاﺅمی کے چیئرمین بن لین کے مطابق یہ نیا چارجر محض 5 منٹ میں فون کو 40 فیصد تک چارج کرسکے گا اور مستقبل میں فون کی چارجنگ کی پریشانی کا سامنا کسی کو نہیں ہوگا۔

چینی کمپنی نے اس ٹیکنالوجی کی تفصیلات ابھی ظاہر نہیں کیں اور ابھی یہ بھی واضح نہیں کہ عام صارفین کے لیے یہ کب تک دستیاب ہوگی یا شیاﺅمی کے کس اسمارٹ فون کا حصہ ہوگی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں