پی 30 اور پی 30 پرو ہواوے کے طاقتور ترین فلیگ شپ فونز

26 مارچ 2019
فوٹوگرافی کے شوقین افراد کے لیے مثالی ڈیوائسز— فوٹو بشکریہ ہواوے
فوٹوگرافی کے شوقین افراد کے لیے مثالی ڈیوائسز— فوٹو بشکریہ ہواوے

ہواوے نے اپنے نئے فلیگ شپ فونز پی 30 اور پی 30 پرو متعارف کرادیئے ہیں اور انہیں فوٹوگرافی کے شوقین افراد کے لیے مثالی ڈیوائسز قرار دیا ہے۔

گزشتہ سال پی 20 سیریز کو دنیا بھر میں کافی سراہا گیا تھا اور اب نئے فونز میں ہواوے نے کافی کچھ بہتر کیا ہے تاہم ڈیزائن کے لحاظ سے یہ دونوں فونز گزشتہ ماڈلز سے ملتے جلتے ہی ہیں۔

مگر نوچ کو پہلے کے مقابلے میں کم کیا گیا ہے جبکہ کیمرا سسٹم بہتر بنایا گیا ہے۔

ان دونوں فونز میں کمپنی نے اپنے کیرین 980 پراسیسر دیا ہے جبکہ دونوں میں فنگرپرنٹ اسکینر اسکرین کے اندر نصب ہیں جس کا ایریا بڑھایا گیا ہے۔

دونوں فونز کے فرنٹ پر 32 میگا پکسل سیلفی کیمرا موجود ہے ، اینڈرائیڈ پائی آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج کمپنی نے اپنے ای ایم یو آئی سے کیا ہے۔

پی 30 پرو

فوٹو بشکریہ دی ورج
فوٹو بشکریہ دی ورج

اس فون کے بیشتر فیچر تو پی 30 جیسے ہی ہیں مگر کچھ مختلف بھی ہیں جیسے اس میں 6.47 انچ فل ایچ ڈی پلس او ایل ای ڈی ڈسپلے دیا گیا ہے۔

درحقیقت یہ فون فوٹوگرافی کے شوق رکھنے والوں کے لیے زبردست ثابت ہونے والا ہے جس کے بیک پر 4 کیمرے دیئے گئے ہیں۔

اس کا پرائمری کیمرا 40 میگا پکسل سپر سنسنگ سنسر سے لیس ہے جبکہ 20 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اینگل کیمرا اور 8 میگا پکسل پیری اسکوپ لینس دیا گیا ہے جو کہ 5 ایکس آپٹیکل زوم، 10 ایکس ہائیبرڈ زوم اور 50 ایکس ڈیجیٹل زوم کی سہولت فراہم کرتا ہے اور چوتھا ٹائم آف فلائٹ کیمرا ہے جو کہ پس منظر کو دھندلا کرنے میں مدد دیتا ہے۔

کمپنی کے مطابق پی 30 پرو میں کم روشنی میں فوٹوگرافی کی صلاحیت کو پہلے سے بہتر بنایا گیا ہے اور سپر ہائی آئی ایس او گہری تاریکی میں بھی تصاویر لینے میں مدد دیتا ہے، جبکہ کم روشنی میں ویڈیو ریکارڈنگ کو بھی بہتر کیا گیا ہے۔

فوٹو بشکریہ ہواوے
فوٹو بشکریہ ہواوے

جہاں تک ویڈیو کی بات ہے تو اس کے لیے صارفین زوم لینس اور پرائمری کیمرے کو بیک وقت استعمال کرکے اسپلٹ اسکرین ویڈیو بھی ریکارڈ کرسکیں گے۔

اس میں 4200 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی ہے جس کے ساتھ 40 واٹ فاسٹ چارجنگ اور 15 واٹ فاسٹ وائرلیس چارجنگ سپورٹ دی گئی ہے اور ہاں ریورس وائرلیس چارجنگ کا فیچر بھی موجود ہے جس سے آپ دیگر ڈیوائسز کو اس کی مدد سے چارج کرسکتے ہیں۔

یہ فون 8 جی بی ریم کے ساتھ 128، 256 اور 512 جی بی اسٹوریج والے 3 ورژن میں دستیاب ہوگا جس میں ایس ڈی کارڈ سے 256 جی بی تک مزید اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

اور ہاں اگر انٹرنیٹ اسپیڈ بہت اچھی ہو تو اس میں 1.4 جی بی فی سیکنڈ کی رفتار سے چیزیں ڈاﺅن لوڈ کرنا بھی ممکن ہے، یعنی ایک منٹ میں عام کوالٹی کی درجنوں فلمیں بھی ڈاو ¿ن لوڈ کی جاسکتی ہیں۔

پی 30

فوٹو بشکریہ ہواوے
فوٹو بشکریہ ہواوے

پی 30 میں 6.1 انچ او ایل ای ڈی ڈسپلے دیا گیا ہے جو کہ ایچ ڈی آر 10 سپورٹ کے ساتھ ہے جبکہ اس کا ڈسپلے فلیٹ ہے (پی 30 پرو میں خم ڈسپلے ہے)۔

اس فون میں سکس جی بی ریم موجود ہے جبکہ صرف 128 جی بی اسٹوریج کا آپشن دیا گیا ہے جس میں ایس ڈی کارڈ سے 256 جی بی تک اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

3650 ایم اے ایچ بیٹری 25 واٹ فاسٹ چارجنگ اور ریورس وائرلیس چارجنگ سپورٹ کے ساتھ ہے۔

جہاں تک بیک کیمروں کی بات ہے تو اس میں 40 میگا پکسل کا پرائمری کیمرا، 16 میگا پکسل کا الٹراوائیڈ اینگل کیمرا اور 8 میگا پکسل ٹیلی فوٹو کیمرا دیا گیا ہے جو کہ 3 ایکس آپٹیکل زوم، 5 ایکس ہائیبرڈ زوم اور 30 ایکس ڈیجیٹل زوم کے ساتھ ہے۔

یہ فون واٹر اور ڈسٹ ریزیزٹنس ہے جبکہ 1 جی بی پی ایس انٹرنیٹ اسپیڈ دی گئی ہے۔

قیمت

فوٹو بشکریہ ہواوے
فوٹو بشکریہ ہواوے

یہ دونوں فونز یورپ میں فروخت کے لیے پیش کردیئے گئے ہیں۔

پی 30 کی قیمت 799 یورو (ایک لاکھ 26 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے۔

اس کے مقابلے میں پی 30 پرو کے 8 جی بی ریم اور 128 جی بی والا ورژن 999 یورو (ایک لاکھ 58 ہزار پاکستانی روپے سے زائد)، 8 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج والا ورژن 1099 یورو (ایک لاکھ 74 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 8 جی بی ریم اور 512 اسٹوریج والا ماڈل 1249 یورو (ایک لاکھ 98 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے۔

یہ پاکستان میں کب تک دستیاب ہوں گے ابھی کچھ کہنا مشکل ہے اور یہاں آنے کے بعد اس قیمت میں مزید اضافے کا بھی امکان ہے۔

یعنی قیمت کے لحاظ سے ہواوے کا یہ فون گلیکسی ایس 10 سے بھی مہنگا ہے بلکہ آئی فونز کو بھی اس نے پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں