سنجے دت نے ’کلنک‘ میں کام کرنے کے لیے ہامی کیوں بھری؟

17 اپريل 2019
فلم 17 اپریل کو سینما گھروں میں ریلیز ہوگی —فوٹو/ اسکرین شاٹ
فلم 17 اپریل کو سینما گھروں میں ریلیز ہوگی —فوٹو/ اسکرین شاٹ

بولی وڈ اداکار سنجے دت بہت جلد فلم ’کلنک‘ میں ایک نہایت اہم کردار نبھاتے نظر آئیں گے اور یہ فلم ان کے کیریئر کے لیے بھی بہت اہم ہے۔

اس فلم کی ایک خاص بات تو یہ ہے کہ اداکار سنجے دت اس فلم میں مادھوری ڈکشٹ کے ساتھ کام کرتے نظر آئیں گے۔

مادھوری ڈکشٹ اور سنجے دت 22 سال بعد ایک ساتھ فلمی اسکرینز پر جلوہ گر ہورہے ہیں اور سنجے دت کے مطابق وہ اس بات کو سوچ کر کافی نروس بھی ہیں۔

تاہم اس کے علاوہ سنجے دت نے ایک اور وجہ سے فلم میں کام کرنے کی ہامی دی اور وہ یہ تھی کہ فلم ’کلنک‘ دراصل کرن جوہر کا نہیں بلکہ ان کے والد فلم ساز یش جوہر کا خیال تھی۔

سنجے دت نے ایک انٹرویو میں شیئر کیا کہ فلم ’کلنک‘ کی کہانی کا خیال سب سے قبل فلم ساز یش جوہر نے 1993 میں فلم ’گمراہ‘ کی شوٹنگ کے دوران ان سے ظاہر کیا تھا۔

سنجے کا کہنا تھا کہ ’گمراہ کی شوٹنگ کے دوران یش انکل نے مجھے کلنک کی کہانی کے حوالے سے بتایا تھا، دھرما پروڈکشنز میرے لیے فیملی کی طرح ہے، اس ہی لیے جب کرن جوہر نے مجھ سے فلم میں کام کرنے کے حوالے سے پوچھا تو میں نے فوری ہامی بھردی‘۔

اداکار نے مزید کہا کہ ’یہ بھی ایک اتفاق ہے کہ فلم میں میرے کردار کا نام بلراج ہے، بلراج میرے والد (سنیل دت) کا بھی اصل نام تھا، وہ بھی برصغیر کی تقسیم کے دوران پاکستان سے بھارت آئے تھے، تو میں جذباتی طور پر بھی اس فلم سے کافی جڑ چکا ہوں‘۔

یاد رہے کہ فلم ’کلنک‘ میں ورن دھون اور عالیہ بھٹ مرکزی کردار نبھا رہے ہیں۔

اس فلم میں سوناکشی سنہا، ادیتہ رائے اور مادھوری ڈکشٹ بھی موجود ہیں۔

فلم ’کلنک‘ رواں ماہ 17 تاریخ کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں