مریم نواز نے فاش غلطی کے بعد ٹوئٹ ڈیلیٹ کردی
لاہور: پاکستان مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز کو اس وقت ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا جب انہوں نے اپنی پارٹی کے دور حکومت کے حوالے سے عالمی بینک کی تنقیدی رپورٹ خود ٹوئٹ کے ذریعے شیئر کردی۔
تاہم بعد ازاں اس بات کا علم ہونے کے بعد کہ عالمی بینک کی یہ رپورٹ مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی کے بارے میں تھی انہوں نے اپنی ٹوئٹ ڈیلیٹ کردی۔
سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے لکھا تھا کہ ’یہ ہے نالائق و نااہل حکومت کی اصل کارکردگی‘۔
یہ بھی پڑھیں: مریم نواز میثاق معیشت کی مخالف، حکومتی کوشش کو مذاق قرار دے دیا
اپنی ٹوئٹ میں مریم نواز نے عالمی بینک کی رپورٹ منسلک کی تھی تاہم جب انہیں بتایا گیا کہ یہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی 3 سالہ کارکردگی کے بارے میں ہے تو انہوں نے اسے ڈیلیٹ کردیا۔
مذکورہ ٹوئٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے امور معاشیات حماد اظہر نے لکھا کہ ’مریم نواز سمجھتی ہیں کہ ٹوئٹ ڈیلیٹ کرنے سے ان کی پارٹی پر سے معاشی بدانتظامی اور بدعنوانی کے دھبے دور ہوجائیں گے‘۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ ہم مُک مکا دور میں دن کی روشنی میں کی جانے والی ڈکیتی کو سامنے لاتے رہیں گے‘۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عالمی بینک کی رپورٹ مسلم لیگ (ن) کے 3 سالہ دورِ حکومت کے بارے میں ہے۔
مزید پڑھیں: حکومت کو 5 سال دینے کے لیے تیار ہوں، مریم نواز
انہوں نے کہا کہ ’اس طرح مریم نواز نے مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو نااہل و نالائق قرار دے دیا ہے جس سے ہم اتفاق کرتے ہیں‘۔
حماد اظہر کا مزید کہنا تھا کہ وہ ٹوئٹ ڈیلیٹ کرسکتی ہیں لیکن عوام کی یادداشت سے بدعنوانی، جعل سازی، اثاثے چھپانا، اور غلط کاریاں محو نہیں کرسکتیں۔
یہ خبر 27 جولائی 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔












لائیو ٹی وی