کارکن حکومت کو آخری دھکا دینے کیلئے پارٹی کے اعلان پر ساتھ دیں، مریم نواز
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کارکنوں کو مخاطب کیا ہے کہ اگر جعلی حکومت کو آخری دھکا دینے کے لیے پارٹی نے اسلام مارچ کا اعلان کیا تو وہ ان کا ساتھ دیں۔
خوشاب میں ‘فری نواز’ مہم کے دوران کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ ‘عمران خان نے آپ سے صرف آپ کا ووٹ نہیں چھینا بلکہ آپ کی روٹی بھی چھین لی ہے، صرف ووٹ نہیں چھینا آپ سے آپ کا روزگار بھی چھینا ہے’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘ووٹ کو عزت دو کہنے سے ووٹ کی عزت نہیں ملی تو اب ہم سب کو ووٹ کی عزت چھین کر حاصل کرنا پڑے گی، یہ صرف آپ کے ووٹ کا سوال نہیں بلکہ آپ کی عزت کا سوال ہے جو مانگنے پر نہ ملی تو چھیننا پڑے گی’۔
مریم نواز نے کہا کہ ‘مجھے بتایا گیا ہے کہ عمران خان نے امریکا میں کہا کہ اگر نواز شریف کو چھوڑ دوں تو نواز شریف اقتدار میں پھر واپس آجائے گا’، ان کا کہنا تھا کہ ‘اسی لیے نواز شریف کو جیل میں رکھا گیا ہے’۔
مہنگائی پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ‘پاکستان کی ترقی رک گئی ہے، لوگوں کے چولہے بجھ گئے ہیں اور پاکستان میں ترقی کا پہیہ رک گیا ہے’۔
مزید پڑھیں:مریم نواز کا قافلہ فیصل آباد پہنچ گیا
سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی کا کہنا تھا کہ ‘مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر حملے ہورہے ہیں، نہتے کشمیریوں کو زخمی کیا جارہا ہے ان کا خون بہہ رہا ہے اور ان پر مظالم ہورہے ہیں لیکن نالائق اعظم سینیٹ میں دوسری جماعتوں کے اراکین خرید رہا ہے’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘جب کشمیر پر حملہ ہوتا ہے تو وزیر اعظم گھر کے بڑے کی حیثیت سے دشمن کو للکار کر جواب دیتا ہے’۔
کارکنوں کو مخاطب کرکے انہوں نے کہا کہ ‘میرے بھائیو! کشمیریوں کو آج یہ پیغام دینا ہے کہ کشمیری اکیلے نہیں ہیں پاکستان ان کے ساتھ کھڑا ہے، جب چوٹ کشمیریوں کو لگتی ہے تو درد پاکستان کو ہوتا ہے، نہتے کشمیریوں کا جو خون بہتا ہے وہ پاکستان کی رگوں میں دوڑتا ہے’۔
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے کہا کہ 'جس دن کوٹ لکھپت میں انصاف ہوا اور نواز شریف کی رہائی ہوگئی تو پاکستان کی ڈوبتی ہوئی معیشت کی بھی رہائی ہوگی، نواز شریف کی رہائی ہوئی تو اس وقت جکڑے ہوئے میڈیا کی بھی رہائی ہوگی'۔
یہ بھی پڑھیں:بھارت کی کسی بھی شرانگیزی کا بھرپور جواب دینے کو تیار ہیں، سول وملٹری قیادت
انہوں نے یوم شہدائے پولیس کی مناسبت سے پولیس زندہ باد کا نعرہ لگاتے ہوئے کہا کہ 'آج پولیس کا یوم شہدا ہے اور آج یہاں موجود پولیس والوں سمیت تمام پولیس جو ہماری حفاظت کی خاطر اپنا آرام قربان کررہے ہیں، جنہوں نے اس ملک اور عوام کی حفاظت کی خاطر جانیں دی ہیں، جنہوں نے ڈکٹیٹروں کی بنائی ہوئی غلط پالیسیوں کے نتیجے اپنی جانوں پر سہے ہیں، ان کو سلام پیش کرتے ہیں'۔
مریم نواز نے بھارتی جیل میں قید کشمیری رہنما یاسین ملک کی صحت کے حوالے سے خبروں پر ان کی کامل صحت کے لیے دعا کی اور کہا کہ اپنے ملک کو کمزور ہونے نہیں دینا کیونکہ ملک کمزور ہوتا ہے تو بھارت جیسا دشمن حملہ کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 'کشمیروں کے لیے آواز اٹھانی ہے اور ان سے کیے ہوئے وعدے نبھانے کا وقت آگیا ہے'۔
مریم نواز نے کارکنوں سے سوال کیا کہ ‘اگر اس جعلی حکومت کو آخری دھکا دینے کیلئے آپ کی جماعت مسلم لیگ (ن) نے اسلام آباد مارچ کی کال دی تو اپنی بہن کے ساتھ آؤ گے نا’۔
قبل ازیں مریم نواز نے جاتی امرا سے روانہ ہونے کے بعد منگوال اور کٹوال میں بھی کارکنوں سے مختصر خطاب کیا۔












لائیو ٹی وی