اکتوبر،نومبر میں پاک۔بھارت جنگ ہوتی دیکھ رہا ہوں، شیخ رشید

اپ ڈیٹ 28 اگست 2019
23 دن سے ہٹلر اور خونخوار مودی کی وجہ سے کشمیر سے بارود کی بو آرہی ہے، شیخ رشید — فوٹو: ڈان نیوز
23 دن سے ہٹلر اور خونخوار مودی کی وجہ سے کشمیر سے بارود کی بو آرہی ہے، شیخ رشید — فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ اس وقت تمام اختلاف ختم کر کے ہمیں ایک ساتھ ہونا چاہیے کیونکہ اکتوبر، نومبر میں پاک ۔ بھارت جنگ ہوتے ہوئے دیکھ رہا ہوں۔

راولپنڈی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ 'کشمیر کا فیصلہ کشمیریوں کی جدوجہد نے کرنا ہے، میں نے کبھی نریندر مودی کو سمجھنے میں غلطی نہیں کی، 23 دن سے ہٹلر اور خونخوار مودی کی وجہ سے کشمیر سے بارود کی بو آرہی ہے اور سفاک مودی نے دنیا میں عجیب سماں بنا دیا۔'

انہوں نے کہا کہ 'سلامتی کونسل نے مسئلہ حل نہیں کیا، اگر وہ سنجیدہ ہوتی تو رائے شماری ہو چکی ہوتی، بھارت کے 25 کروڑ مسلمان آج پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں، آج ہمیں کشمیریوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر چلنا ہے ورنہ تاریخ ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔'

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ 'ذہنی پستی کا شکار مودی کے راستے میں ایک ہی رکاوٹ ہے وہ ہے پاکستان، مودی کو افغانستان اور دیگر ممالک جانے کے لیے کوئی رکاوٹ نہیں چاہیے، پاکستان اور بھارت کے درمیان 10 جنگیں ہوچکی ہیں یا ہونے کے قریب پہنچ کر واپس لوٹے ہیں، کشمیری اتنی لمبی لڑائی لڑ رہے ہیں لیکن عالمی اداروں کی زبانیں بند ہو چکی ہیں۔'

ان کا کہنا تھا کہ 'تمام اختلاف ختم کر کے ہمیں ایک ساتھ ہونا چاہیے کیونکہ اکتوبر، نومبر میں پاک ۔ بھارت جنگ ہوتے ہوئے دیکھ رہا ہوں۔'

انہوں نے کہا کہ 'سیاستدان وہ ہوتا ہے جو دور اندیش اور دیوار کے پیچھے دیکھنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جس کا فہم و تدبر آنے والے وقت کے لیے ہوتا ہے، آج میں پہلی بار کہہ رہا ہوں کہ یہ گھی سیدھی اُنگلی سے نہیں نکلے گا، 72 سال ہم نے اور ہماری افواج نے جو جدوجہد اور تیاری کی میرے خیال میں اس کے آخری معرکے کا وقت آگیا ہے۔'

وزیر ریلوے نے کہا کہ 'وہ مسلمان جو پٹرول پمپوں پر بیٹھے ہیں وہ ہمارے ساتھ نہیں، جو مسلمان سڑکوں پر بیٹھے ہیں وہ ہمارے ساتھ ہیں، آج ہمارا میڈیا دنیا میں سب سے زیادہ مضبوط ہے، نہرو اور گاندھی کا بھارت مر چکا ہے جبکہ آج مذاکرات کا وقت نہیں اور جو سوچتے ہیں کہ مذاکرات کی گنجائش ہے وہ بے وقوف ہیں۔'

تبصرے (0) بند ہیں