’نہ سڑکیں ختم ہوتی ہیں نہ تنہائی، بس آدمی ختم ہوجاتا ہے’، آدھی رات کو سڑک پر چلتے ہوئے اس نے سوچا۔

‘دیکھیں! مجھے آپ سے محبت نہیں ہے’، بیوی کے کہے لفظ اس کے دماغ میں گونج رہے تھے۔

‘لیکن میں تمہارا شوہر ہوں’، اس نے بیوی کو یاد دلانے کی کوشش کی۔

‘اس سے کیا ہوتا ہے؟ محبت نہ ہو تو کچھ نہیں ہوتا’۔

شادی کی پہلی رات بھلا کوئی ایسی بات کرتا ہے جو اس کی بیوی نے کی تھی۔ وہ گھبرا کر کمرے سے نکلا اور برآمدے میں چلنے لگا۔ سب مہمان سو رہے تھے، وہ گھر کا بیرونی دروازہ کھول کر باہر سڑک پر آگیا۔

‘سڑک میری پیاری سڑک، تم نہ ہوتی تو میں کس قدر تنہا ہوجاتا۔’

وہ بہن بھائیوں میں سب سے بڑا تھا اور ایک نجی فرم میں نوکری کرتا تھا جہاں اس کی تنخواہ بہت کم تھی۔

‘اس سے گھر نہیں چلے گا، دیکھو تم گھر کے بڑے ہو، تم نے 5 بہنوں کی شادی کرنی ہے، بھائی کو پڑھانا ہے، ابّا نے جو قرض لیا تھا وہ واپس کرنا ہے، گھر بنوانا ہے، اس تنخواہ سے تو کچھ نہیں ہوگا’، وہ روز یہ باتیں سنتا تو پریشان ہوجاتا اور زیادہ سے زیادہ روپے کمانے کے منصوبے بناتا رہتا۔

25 سال کی عمر میں وہ بیرونِ ملک چلا گیا اور پھر اس نے بڑا بن کر دکھایا بھی تھا۔ 25 سے 45 سال تک اس نے خود کو ایک مشین میں ڈھال لیا تھا، اس نے نہیں سوچا کہ اس کی اپنی بھی ایک زندگی ہے۔ وہ جس دن بیمار بھی ہوتا تو کام پر جاتا کہ اس کے سامنے فرائض کا ایک پہاڑ کھڑا تھا جسے آخر کار اس نے دن رات ایک کرکے 20 سال میں سر کرلیا تھا۔

سب بہنوں کی دھوم دھام سے شادی کی، اس کا چھوٹا بھائی انجینئر بن گیا اور 2 سال قبل وہ بھی اپنی پسند کی شادی کرکے دوسرے شہر چلا گیا۔ 20 سال بعد وہ اپنے ملک واپس لوٹ آیا جہاں آگے فقط ایک خالی مکان تھا جو اس کا اپنا تھا جس میں اب وہ تنہا زندگی گزار رہا تھا۔جلد ہی اسے ایک کمپنی میں نوکری مل گئی تھی۔

اس کی بہنیں اسے فون کرتیں تو کہتیں ‘بھیّا اب شادی کرلیں کب تک اکیلے گھر میں رہیں گے اور اب تو آپ پر کوئی ذمہ داری بھی نہیں’، وہ یہ باتیں سنتا اور سوچتا کہ بھلا اب وہ اس بات کا کیا جواب دے۔ اسے یہ فرمائش بہت دُور سے آتی کوئی آواز معلوم ہوتی، عموماً وہ کہتا ‘اب بھلا اس عمر میں کیا شادی کروں؟’

‘ابھی آپ کون سا بوڑھے ہوگئے ہیں؟ 45 سال تو کوئی عمر نہیں ہوتی’۔

لیکن کئی روز سے اس کے اندر ایک عجیب سی تبدیلی پیدا ہوگئی تھی، وہ دفتر سے گھر لوٹتا تو ایک بے پناہ اداسی کی لہر اس کا دامن پکڑ لیتی، وہ جلدی جلدی رات کا کھانا کھاتا اور سڑک پر آکر ٹہلنا شروع کردیتا اور گزشتہ زندگی کے بارے سوچنے لگ جاتا جو اتنی ہی تنہا تھی جتنی کہ یہ سڑک۔ سڑک پر تو پھر بھی کبھی کبھار کوئی نہ کوئی گزرتا ہی رہتا تھا لیکن اس کی زندگی تو بالکل خالی تھی۔ وہ چاہتا تھا کہ بس ساری رات سڑک پر چلتا رہے اور کبھی اپنے مکان پر لوٹ کر نہ جائے۔

پہلے پہل یہ کیفیت تھوڑی دیر تک کے لیے رہتی پھر وہ ٹھیک ہوجاتا لیکن اب تنہائی اور اداسی کا دورانیہ بڑھ گیا تھا۔ وہ کسی محفل میں بھی ہوتا تو خود کو مکمل طور پر تنہا محسوس کرتا تھا۔ کبھی کبھار راتوں کو بستر پر بیٹھے بیٹھے رونے لگ جاتا۔ اسے سمجھ نہ آتی کہ آخر اسے ہو کیا گیا ہے۔ وہ تنہائی کے اس لامحدود سمندر میں اپنے زندہ رہنے کا جواز ڈھونڈ رہا تھا۔ اس کے حصے میں جو ذمہ داریاں تھیں ان سب سے وہ سبکدوش ہوچکا تھا، تو اب وہ کیوں کر زندہ رہے؟

ماضی میں جب کبھی بھی اس کے دل پر کسی نے دستک دی تو اس نے یہ کہہ کر دل کو سمجھا لیا کہ اس کے کاندھوں پر ابھی بہت سی ذمہ داریاں ہیں وہ بھلا اپنے بارے میں کیسے سوچ سکتا تھا۔ لیکن اب کچھ عرصے سے اس کے اندر ایک خلا سا پیدا ہوگیا تھا۔ خالی سڑک پر جب وہ خود سے باتیں کرتے ہوئے گزر رہا ہوتا تو اسے اپنی آواز بازگشت کی طرح سنائی دیتی تھی۔ ایک روز وہ گھبرا کر ماہرِ نفسیات کے پاس چلا گیا۔

‘معلوم نہیں میں آپ کو کیسے سمجھاؤں یا شاید میرے پاس مناسب الفاظ نہیں، ڈاکٹر صاحب یہاں اندر ایک عجیب خلا سا ہے’، اس نے سینے پر ہاتھ مار کر کہا۔

‘آپ رات کو کتنی دیر سوتے ہیں؟’ ڈاکٹر نے پوچھا۔

‘ایک دو سال پہلے تو میں 7، 8 گھنٹے سو لیتا تھا لیکن اب بہت کم سوتا ہوں، آخر آدمی سڑک پر سو تو نہیں سکتا’۔

‘کیا مطلب سڑک پر، کیا آپ کا گھر نہیں ہے؟’ ڈاکٹر نے حیرانی سے پوچھا۔

‘جی جی بالکل میرا گھر ہے لیکن مجھے اب اپنے کمرے سے وحشت سی ہوگئی ہے، میں ساری رات سڑک پر چلتا رہتا ہوں، کوئی اداسی سی ہے، مجھے سمجھ نہیں آرہی کہ آخر مجھے کیا ہوگیا ہے۔ آپ سمجھ رہے ہیں نا ڈاکٹرصاحب؟’

‘جی جی، میں سمجھ رہا ہوں، دراصل آپ کو آرام اور نیند کی سخت ضرورت ہے’، ڈاکٹر نے اس کے لیے نیند کی دوا تجویز کی جسے وہ گھنٹوں ہاتھ میں لیے بیٹھا رہتا کہ کھانی چاہیے یا نہیں اور پھر تنگ آکر باہر سڑک پر نکل آتا۔

‘مجھے شادی کرلینی چاہیے، شاید مجھے کسی کی محبت کی ضرورت ہے۔ ایک محبت جو اس خلا کو پُر کردے’، وہ بہت سوچنے کے بعد اس نتیجے پر پہنچا تھا۔

اب کی بار جب اس کی بہن نے اس کے رشتے کی بات کی تو اس نے کہا ‘بھئی کوئی رشتہ لاؤ تو میں فیصلہ کروں نا’۔

‘ارے واہ۔ آپ کے لیے کوئی لڑکیوں کی کمی ہے، بلکہ ایک رشتہ تو میری نظر میں پہلے ہی سے ہے، میرے شوہر کی پھپھو کی بیٹی ہے وہ آج کل اس کے رشتے کے لیے پریشان ہیں، ایک منٹ ٹھہریے، میں موبائل سے آپ کو اس کی تصویر بھیجتی ہوں’۔

‘تصویر رہنے دو، اب اس عمر میں مجھے شکل و صورت کی پَروا نہیں، تم رشتے کی بات کرو اگر انہیں میری عمر اور مالی حیثیت پر کوئی اعتراض نہ ہو تو میری طرف سے ہاں ہے’۔

لڑکی والوں نے بھی فوراً ہاں کہہ دی تھی۔

ایک ماہ بعد اس کی شادی کی تاریخ طے پائی، اس عرصے کے دوران بھی وہ رات بھر سڑک پر پھرتا رہتا تھا۔

خالی بستر اور تنہا مکان سے زیادہ اداس کچھ بھی نہیں ہوتا، سو وہ سڑک کی جانب دوڑتا۔

‘بس ایک ہی مہینہ ہے پھر یہ ساری وحشت ختم ہوجائے گی، مجھے دراصل کسی کی محبت کی ضرورت ہے، وہ آئے گی تو کمرے میں اتنی تنہائی نہیں رہے گی’، وہ سڑک پر چہل قدمی کرتے ہوئے ساری رات یہی سوچتا رہتا۔

اور آج جب وہ شادی کی پہلی رات کمرے میں داخل ہوا تو مدت بعد تنہائی اور اداسی نے اس کا دامن نہ پکڑا۔ وہ خود کو بہت ہلکا پھلکا محسوس کررہا تھا۔ اس نے سوچا واقعی یہی کمی تھی جو آج پوری ہوئی ہے۔

‘آپ ٹھیک ہیں’، اس نے بات کا آغاز کیا۔

‘جی ٹھیک ہوں’، جواب ملا۔

‘آج ہم نے زندگی کے نئے سفر کا آغاز کیا ہے، میں کوشش کروں گا کہ آپ کو یہاں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ابھی اس گھر کی ساری سیٹنگ میں نے اپنی مرضی سے کر رکھی ہے، چیزیں بہت بے ترتیب ہیں بالکل میری طرح لیکن اب چونکہ آپ آگئی ہیں تو جو چاہیں جیسا چاہیں کرلیجیے گا’، اس نے کہا۔

‘مجھے آپ سے ایک ضروری بات کرنی ہے’۔

‘ہاں ہاں کہیے، اس میں بھلا اجازت کی کیا بات ہے’، مدت بعد اس کے ہونٹوں پر مسکراہٹ نے بسیرا کیا تھا۔

‘دیکھیں! مجھے آپ سے محبت نہیں ہے’، اس کی بیوی نے کہا۔

پہلے پہل اسے لگا کہ یہ آواز کہیں اس کے اندر سے آئی ہے، اس نے گھبرا کر اِدھر اُدھر دیکھا پھر گریبان میں جھانکا۔ یہ آواز کہاں سے آئی تھی؟ جب اسے اس بات کا یقین ہوگیا کہ جس بات کا وہ یقین نہیں کرنا چاہتا تھا کہ یہ آواز سامنے سے آئی ہے تو اس نے گھبرا کر آہستہ سے کہا ‘لیکن میں تو آپ کا شوہر ہوں’۔

‘اس سے کیا ہوتا ہے، محبت نہ ہو تو کچھ نہیں ہوتا’، اس کی بیوی نے کہا۔

اسے یوں محسوس ہوا جیسے کوئی جواری زندگی کی بازی میں آخری پتا بھی غلط پھینک بیٹھا ہو۔ لیکن آخری چند سانسیں مستعار لینے کی خاطر اس نے پوچھا ‘کیا تم کچھ دن کے لیے مجھ سے محبت کرسکتی ہو؟ دراصل ایک عجیب سی اداسی نے مجھ کو گھیر رکھا ہے اور میں اس سے بے حد خوف زدہ ہوں، کافی مدت کے بعد آج پہلی بار میں اس کیفیت سے آزاد ہوا تھا، تم بے شک مجھ سے جھوٹی محبت کرلو’۔

‘محبت ایسے تھوڑی ہوتی ہے’، اس کی بیوی نے جواب دیا۔

‘تو تم نے مجھ سے شادی کیوں کی؟’، یہ پوچھتے ہوئے اس کی آواز میں دنیا جہان کا دکھ تھا۔

‘یہ شادی تو میں نے گھر والوں کے دباؤ میں آکر کی ہے، میں جس سے محبت کرتی ہوں وہ دبئی میں نوکری کرنے گیا ہے لیکن وہ ضرور واپس آئے گا۔ پھر ہم دونوں ایک نیا سفر شروع کریں گے، آپ چاہیں تو مجھے طلاق بھی دے سکتے ہیں، میں نے اپنے محبوب کو سب کچھ بتا دیا ہے اسے کوئی اعتراض نہیں۔ یہی سچی محبت کی نشانی ہے’۔

وہ جو اپنے گھر کا سب سے بڑا تھا، جس نے سب ذمہ داریاں اٹھائی تھیں اور جس نے 40 سال اپنے بارے کچھ نہیں سوچا تھا، کسی بچے کی طرح روتے ہوئے گھر سے باہر نکل آیا تھا۔

پھر اس نے سڑک پر رہنا شروع کردیا۔ اس کی بہنیں آئیں اور اسے سمجھایا کہ وہ گھر لوٹ آئے لیکن اس نے کوئی جواب نہ دیا۔ گاؤں کے لوگ آتے اس سے بات کرتے لیکن وہ کسی بھی بات کا جواب نہ دیتا۔ سارا دن سڑک پر بیٹھا رہتا اور رات کو چلنا شروع کردیتا۔

اس کی بیوی نے گاؤں والوں کو بتایا کہ شادی کی پہلی رات وہ عجیب وغریب باتیں کررہا تھا کہ اس کو کسی اداسی نے گھیر رکھا ہے، سو اسے اس دیوانگی کے بارے میں زیادہ علم نہیں ہے۔ گاؤں کے لوگ اس کو روٹی دے دیتے تھے وہ چپ چاپ کھا لیتا اور سڑک کنارے پڑا رہتا۔ بارشیں آئیں وہ وہیں رہا، جون جولائی کی دوپہریں بھی اسے اپنی جگہ سے نہ ہلاسکیں۔ انہی دنوں اس کی بیوی ایک نوجوان کے ساتھ اس کے پاس آئی۔ وہ سڑک کنارے ایک درخت کے نیچے سرجھکائے بیٹھا تھا۔

‘اِدھر آؤ، یہ کچھ نہیں کہتا’، اس کی بیوی نے نوجوان سے کہا جو کافی فاصلے پر ہی ڈرا ہوا کھڑا تھا۔

‘سنیے! یہ راشد ہے، دبئی سے لوٹ آیا ہے، میں نے آپ کو اس کے بارے بتایا تھا نا، یہ وہی ہے۔ مجھ سے شادی کرنا چاہتا ہے۔ ہمیں ایک دوسرے سے بہت محبت ہے، وہ آپ مجھے طلاق دے دیں گے نا؟’

اس نے کوئی جواب نہ دیا۔

‘یہ خُلع کے کاغذات ہیں، آپ کے دستخط چاہیے تھے’، یہ کہہ کر اس کی بیوی نے کاغذ اس کے سامنے رکھے اور پین اس کے ہاتھ میں تھما دیا۔ نوجوان اب بھی دُور ہی کھڑا تھا۔

اس نے پین پکڑا اور دستخط کردیے۔

‘بہت شکریہ، آپ کتنے اچھے ہیں، دیکھا میں نے کہا نہیں تھا یہ فوراً دستخط کردیں گے’، اس کی سابقہ بیوی نے نوجوان کی جانب دیکھ کر کہا جو اب دُور کھڑا مسکرا رہا تھا۔

وہ سڑک سے اپنے گھر گیا وہاں سے ایک بڑا رجسٹر اور قلم لے کر سڑک کنارے بیٹھ گیا۔ ہر گزرتے شخص سے اس کا نام پوچھتا اور رجسٹر میں لکھ دیتا، اس نے سڑک سے گزرتی ہر گاڑی کا نمبر رجسٹر میں درج کرنا شروع کردیا پھر ایک روز جب وہ ساری گاڑیوں کے نمبر اور گاؤں کے ہر شخص کا نام درج کرچکا تو سڑک پر یہ پکارتے ہوئے دوڑنے لگا کہ ‘سڑک کی تنہائی ختم ہوگئی ہے، اب میں سب لوگوں اور گاڑیوں کو جانتا ہوں، لیکن مجھے کوئی نہیں جانتا’۔

تبصرے (1) بند ہیں

adnan Sep 03, 2019 12:04pm
Buhat alaaa , superb