سام سنگ کا نیا فلیگ شپ فون 108 میگا پکسل کیمرے سے لیس ہوگا؟
سام سنگ کے نئے فلیگ شپ فون گلیکسی ایس 11 کو متعارف ہونے میں ابھی کئی ماہ باقی ہیں مگر اس کے حوالے سے افواہیں اور لیکس کا سلسلہ جاری ہے۔
رواں سال مئی میں سام سنگ نے اعلان کیا تھا کہ وہ 5 ایکس آپٹیکل زوم موڈیول کی بڑے پیمانے پر پروڈکشن شروع کررہی ہے اور اب جی ایس ایم ایرینا نے جنوبی کورین سائٹ دی ایلس کی رپورٹ کے حوالے سے بتایا ہے کہ جنوبی کورین کمپنی گلیکسی ایس 11 میں پیری اسکوپ زومنگ کے اضافے کے ساتھ 108 میگا پکسل کیمرا دے سکتی ہے۔
سام سنگ کی ذیلی کمپنی الیکٹرو Mechanics نے ایک ویڈیو میں دکھایا تھا کہ یہ نیا سنسر کس طرح کام کرتا ہے، یہ موڈیول 5 ملی میٹر موٹا ہے جس سے یہ فون کے بیک پر زیادہ موٹا محسوس نہیں ہوتا۔
اس کے علاوہ اس میں او آئی ایس بھی موجود ہے جو فوکل لینتھ کے حوالے سے اہم ہے، اگرچہ یہ تاحال قیاس ہے مگر سام سنگ کی جانب سے کیمرا سسٹم میں نیا اضافہ حیران کن بھی نہیں ہوگا۔
اس طرح پہلی بار سام سنگ کے کسی فون میں 5 ایکس آپٹیکل زوم کا فیچر متعارف کرایا جائے گا اور دلچسپ بات یہ ہے کہ سام سنگ کے سنسر کی بدولت ہی اوپو کے فلیگ شپ رینو سیریز میں آپٹیکل فائیو ایکس زوم کا فیچر دیا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق زومنگ سے ہٹ کر گلیکسی ایس 11 کے بیک پر 4 کیمرے دیئے جائیں گے جن میں سے ایک 108 میگا پکسل سنسر سے لیس ہوگا جبکہ تھری ڈی سنسنگ ٹی او ایف موڈیول بھی دیا جاسکتا ہے۔
رواں سال اگست میں سام سنگ نے 108 میگا پکسل سنسر تیار کرنے کا اعلان کیا تھا۔
خیال رہے کہ گلیکسی ایس 11 آئندہ سال فروری یا مارچ میں متعارف کرایا جائے گا اور اس کے حوالے سے لیکس کا سلسلہ جب تک جاری رہے گا۔












لائیو ٹی وی