برطانوی شاہی جوڑا تاریخی دورے پر پاکستان پہنچ گیا

اپ ڈیٹ 15 اکتوبر 2019
شاہی جوڑا رات ساڑھے 9 بجے اسلام آباد پہنچا — فوٹو: اے پی
شاہی جوڑا رات ساڑھے 9 بجے اسلام آباد پہنچا — فوٹو: اے پی

برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن تاریخی دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔

برطانوی شاہی جوڑے کا خصوصی طیارہ نورخان ایئربیس پہنچا جہاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، برطانوی ہائی کمشنر تھومس ڈریو اور دیگر حکام نے ان کا ریڈ کارپیٹ استقبال کیا جبکہ بچوں نے شاہی مہمانوں کو گلدستے پیش کیے۔

پاکستان آمد پر شاہی جوڑے کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے گئے — فوٹو: رائٹرز
پاکستان آمد پر شاہی جوڑے کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے گئے — فوٹو: رائٹرز

قبل ازیں شاہی مہمانوں کے استقبال کے لیے نورخان ایئربیس پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ 'پاکستان اور برطانیہ کے تاریخی تعلقات ہیں اور شاہی جوڑے کے دورہ پاکستان پر خوشی ہے۔'

انہوں نے کہا کہ 'برطانوی شاہی جوڑا پاکستان کے مختلف شہروں کا دورہ کرے گا، شاہی جوڑا شمالی علاقہ جات اور لاہور کا بھی دورہ کرے گا جبکہ وہ سول سوسائٹی کے نمائندوں سے بھی ملاقات کریں گے۔'

برطانوی شاہی جوڑے کے دورے سے متعلق شاہی محل نے رواں برس جون میں اعلان کیا تھا اور بعد ازاں گزشتہ ماہ 20 ستمبر کو شاہی جوڑے کے دورے کی تاریخوں کا بھی اعلان کیا گیا تھا۔

شہزادہ ولیم اپنی اہلیہ سمیت پہلی مرتبہ رات تقریباً ساڑھے 9 بجے اسلام آباد پہنچے۔

پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر تھومس ڈریو نے بھی شاہی جوڑے کی آج پاکستان آمد کے حوالے سے ٹوئٹر پر تصدیق کی اور بتایا کہ لوگوں کا انتظار ختم ہوا، شاہی جوڑا اپنے پہلے تاریخی دورے پر آج پہنچ رہا ہے۔

شاہی جوڑا 5 دن تک پاکستان میں قیام کرے گا، جوڑا اسلام آباد کے علاوہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور اور گلگت بلتستان کا دورہ بھی کرے گا۔

شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا—فوٹو: اے ایف پی
شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا—فوٹو: اے ایف پی

برطانیہ کے شاہی محل کے مطابق شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کا پاکستانی دورہ ایک ہزار کلو میٹر پر مشتمل ہوگا اور اس دورے کے دوران جوڑا پاکستان کے مختلف علاقوں میں ثقافتی و فلاحی پروگرامز میں شرکت کرے گا۔

شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ 18 اکتوبر تک پاکستان میں قیام کریں گے اور ان کی پاکستان آمد کے حوالے سے تمام انتطامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ جوڑے کے ساتھ بچے بھی آئیں گے یا نہیں—فوٹو: اے ایف پی
ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ جوڑے کے ساتھ بچے بھی آئیں گے یا نہیں—فوٹو: اے ایف پی

خیال رہے کہ یہ شہزادہ ولیم اور کیٹ میڈلٹن کا پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا تاہم شاہی خاندان کے دیگر افراد ماضی میں اسلام آباد کا دورہ کرچکے ہیں۔

شہزادہ ولیم کی والدہ پرنسز آف ویلز شہزادی ڈیانا نے بھی ماضی میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

شہزادہ ولیم کی والدہ لیڈی ڈیانا نے بھی پاکستانی دورہ کیا تھا—فوٹو: ٹوئٹر
شہزادہ ولیم کی والدہ لیڈی ڈیانا نے بھی پاکستانی دورہ کیا تھا—فوٹو: ٹوئٹر

علاوہ ازیں برطانیہ کی ملکہ الزبتھ دوئم نے 1961 اور 1997 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا، ان کے علاوہ پرنس آف ویلز شہزادہ چارلس اور ڈچز آف کارن وال 2006 میں پاکستان آئے تھے۔

ملکہ برطانیہ نے 1961 میں کراچی کے ایوان صدرِ میں تقریب میں شرکت کی تھی جب کہ 1997 میں انہوں نے راولپنڈی کا دورہ بھی کیا تھا اور انہوں نے پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم سے بھی ملاقات کی تھی۔

ملکہ برطانیہ بھی 2 بار پاکستان کا دورہ کر چکی ہیں—فوٹو: اے اسٹاک
ملکہ برطانیہ بھی 2 بار پاکستان کا دورہ کر چکی ہیں—فوٹو: اے اسٹاک

تبصرے (0) بند ہیں