ایک ارب ڈالرز سے زائد کمانے والی 44 فلمیں

ویسے تو ہولی وڈ میں سالانہ ایک ہزار سے زائد فلمیں بنائی جاتی ہیں اور اب تک اس انڈسٹری نے ہزاروں کی تعداد میں کامیاب اور شہرہ آفاق فلمیں دی ہیں، تاہم اب تک اس انڈسٹری کی صرف 44 فلمیں ہی ایسی ہیں جنہوں نے کمائی کا ایک نیا سنگ میل عبور کیا ہے۔

ہولی وڈ کی 15 نومبر 2019 تک صرف 44 فلمیں ہی ایسی تھیں، جنہوں نے ایک ارب ڈالر سے زائد کی کمائی کی تھی۔

اس فہرست میں تازہ اضافہ تھرِلر کرائم فلم ’جوکر‘ کا ہوا ہے جو گزشتہ ماہ اکتوبر میں ریلیز ہوئی تھی اور اس نے ریلیز کے ایک ماہ کے اندر ہی ایک ارب ڈالر کی کمائی کرلی

دلچسپ بات یہ ہے کہ ’جوکر‘ وہ پہلی ’آر ریٹڈ‘ فلم ہے جس نے ریکارڈ کمائی کی، اس سے قبل ریلیز ہونے والی آر ریٹڈ فلمیں اب تک ایک ارب کا ٹارگٹ پورا نہیں کر پائیں۔

نومبر 2019 کے وسط تک ایک ارب ڈالر کمائی کرنے والی ہولی وڈ کی زیادہ تر فلمیں سائنس فکشن ہیں، تاہم کچھ ڈیزاسٹر، ریئل لائف اسٹوری اور ایکشن فلمیں بھی ہیں، جنہوں نے یہ اعزاز حاصل کیا۔

درج ذیل ان 44 فلموں کی فہرست دی جا رہی ہے جنہوں نے 15 نومبر 2019 تک ایک ارب ڈالر یعنی پاکستانی ایک کھرب 55 ارب روپے سے زائد کی کمائی کی۔

ان فلموں میں چند فلمیں تو ایسی ہیں جنہوں نے 2 ارب ڈالر سے زائد اور تقریباً 3 ارب ڈالر کی کمائی کی ہے۔

تقریباً تین ارب ڈالر کمانے والی فلموں میں ’ ایونجرز اینڈ گیم، اوتار اور ٹائی ٹینک‘ جیسی شہرہ آفاق فلمیں شامل ہیں۔

44- جوکر

فلم جوکر رواں سال اکتوبر میں ریلیز ہوئی تھی، اس فلم میں جواکوائین فیونکس نے جوکر کا مرکزی ادا کیا ہے۔

43- دی ڈارک نائٹ

2008 میں سامنے آنے والی فلم 'دی ڈارک نائٹ 'بیٹ مین بگنز' کا سیکوئل تھی، فلم نے ایک ارب 46 لاکھ ڈالر کمائے۔

42- دی ہوبٹ

فلم 2012 میں ریلیز ہوئی تھی جس کی ہدایات پیٹر جیکسن نے دی تھی، فلم نے دنیا بھر کے باکس آفس پر ایک ارب 2 کروڑ 11 لاکھ ڈالر کمائے تھے۔

41- زوٹوپیا

ڈزنی کی اینیمیٹڈ فلم زوٹوپیا 2016 میں ریلیز ہوئی، اس فلم نے ایک ارب 2 کروڑ 38 لاکھ ڈالر کمائے تھے، فلم نے ڈزنی کمپنی کے لیے نیا ریکارڈ قائم کردیا تھا۔

40- ایلس ان ونڈرلینڈ

2010 کی فلم ایلس ان ونڈرلینڈ کی ہدایات ٹم برٹن نے دی تھی، اس فلم نے ایک ارب 2 کروڑ 55 لاکھ ڈالر کی کمائی کی۔

39- اسٹار وارز: ایپیسوڈ 1- دی فینٹم مینس

1999 میں سامنے آنے والی فلم نے دنیا بھر میں ایک ارب 2 کروڑ 70 لاکھ ڈالر حاصل کیے۔

38- فائنڈنگ ڈوری

سمندر کے دو دوستوں کی اس فلم نے دنیا بھر میں ایک ارب 2 کروڑ 86 لاکھ ڈالر کمائے، فلم 2016 میں ریلیز ہوئی تھی۔

37- جراسک پارک

ڈائیناسور کی کہانی پر مبنی فلم 1993 میں سامنے آئی تھی، فلم نے باکس آفس پر ایک ارب 2 کروڑ 92 لاکھ ڈالر حاصل کیے۔

36- ڈسپیک ابیل می 3

کارٹون فلم 2017 میں ریلیز ہوئی تھی، اس نے سب کو حیران کرتے ہوئے ایک ارب 3 کروڑ 35 لاکھ ڈاکر کمائے۔

35- پائیریٹس آف دی کیریبین: آن اسٹینجرز ٹائڈ

2011 میں ریلیز ہونے والی جوہنی ڈیپ کی فلم نے دنیا بھر کے باکس آفس پر ایک ارب 4 کروڑ 57 لاکھ ڈالر کما کر سب کو حیران کردیا۔

34- الہ دین

رواں سال ریلیز ہونے والی فلم الہ دین کو شائقین اور تجزیہ کاروں کا مثبت ردعمل ملا، فلم نے اب تک ایک ارب 5 کروڑ 6 لاکھ 93 ہزار ڈالر کمائے ہیں۔

33- روگ ون: اے اسٹار وارز اسٹوری

فلم نے اپنی ریلیز کے صرف 39 روز میں ایک ارب ڈالر سے زائد کما لیے تھے، 2016 میں سامنے آئی فلم اب تک ایک ارب 5 کروڑ 61 لاکھ ڈالر حاصل کرچکی ہے۔

32- پائرٹس آف دی کیربین: ڈیڈ مین چیسٹ

2006 میں ریلیز ہوئی اس فلم میں بھی جوہنی ڈیپ نے مرکزی کردار نبھایا تھا، فلم اب تک ایک ارب 6 کروڑ 62 لاکھ ڈالر کما چکی ہے۔

31- ٹوائے اسٹوری 3

یہ فلم 2010 میں ریلیز ہوئی تھی، اینیمیٹڈ فلم نے اب تک ایک ارب 6 کروڑ 70 لاکھ ڈالر حاصل کیے۔

30- ٹوائے اسٹوری 4

2019 میں ریلیز ہونے والی اس فلم نے ایک ارب 7 کروڑ 31 لاکھ 66 ہزار ڈالر کمائے ہیں۔

29- دی ڈارک نائٹ رائزز

2012 کی فلم دی ڈارک نائٹ رازز کی ہدایات کرسٹوگر نولان نے دی تھی، اس فلم نے ایک ارب 8 کروڑ 49 لاکھ ڈالر کماکر سب کو حیران کردیا۔

28- ٹرانسفارمرز ایج آف ایکسٹنکشن

2014 میں سامنے آنے والی اس فلم نے ایک ارب 10 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کماکر دنیا کو حیران کردیا۔

27- اسکائے فال

بونڈ سیریز کی فلم اسکائے فال 2012 میں ریلیز ہوئی تھی، فلم نے بھی اب تک ایک ارب 10 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کمائے ہیں۔

26- لارڈ آف دی رنگز: دی ریٹرن آف دی کنگ

2003 میں ریلیز ہونے والی فلم لارڈ آف دی رنگز: دی ریٹرن آف دی کنگ نے ایک ارب 11 کروڑ 99 لاکھ ڈالر کی کمائی کی۔

25- ٹرانسفارمرز: ڈارک آف دی مون

2011 میں ریلیز ہونے والی ٹرانسفورمرز: ڈارک آف دی مون نے دنیا بھر کے باکس آفس پر ایک ارب 12 کروڑ 38 لاکھ ڈالر کی کمائی کی۔

24- کیپٹن مارول

رواں سال ریلیز ہونے والی فلم 'کیپٹن مارول' کی ہدایات اینا بوڈن اور ریان فلیک نے دی تھی، فلم نے صرف تین ہفتوں میں باکس آفس پر ایک ارب 9 کروڑ 81 لاکھ کی کمائی کی، اس لیے اسے یہ پوزیشن ملی ہے، فلم کی کمائی میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

23- اسپائڈر مین: فار فروم ہوم

رواں سال سامنے آئی ایک اور سپرہیرو فلم اسپائڈر مین: فار فروم ہوم نے ریلیز کے صرف ایک ماہ میں ایک ارب سے زائد کمائے، اب تک یہ فلم ایک ارب 13 کروڑ 18 لاکھ 46 ہزار ڈالر کمائے ہیں۔

22- ایکوامین

2018 میں ریلیز ہونے والی فلم ایکوامین نے دنیا بھر کے باکس آفس پر ایک ارب 14 کروڑ 71 لاکھ ڈالر کمائے، اس کی کمائی میں مسلسل اضافہ جاری ہے، فلم سمندی کی دنیا کی کہانی پر مبنی تھی۔

21- کیپٹن امریکا: سول وار

فلم 2016 میں ریلیز ہوئی تھی، فلم نے اب تک ایک ارب 15 کروڑ 33 لاکھ ڈالر کی کمائی کی ہے۔

20- مینینز

2015 میں ریلیز ہونے والی اینیمیٹڈ فلم مینینز نے ایک ارب 15 کروڑ 94 لاکھ ڈالر حاصل کیے۔

19- آئرن مین 3

اداکار روبرٹ ڈاؤنی جونیئر کی فلم آئرن مین 3 دنیا بھر میں کامیاب ہوئی، فلم نے 2013 میں سامنے آنے کے بعد ایک ارب 21 کروڑ 48 لاکھ ڈالر کمائے تھے۔

18- دی فیتھ آف دی فیوریس

2017 میں ریلیز ہوئی اس فلم نے دنیا بھر کے باکس آفس میں ایک ارب 23 کروڑ 58 لاکھ ڈالر کی کمائی کی۔

17- انکریڈیبلرز 2

گزشتہ سال ریلیز ہونے والی اینیمیٹڈ سپر ہیرو فلم نے ایک ارب 24 کروڑ 28 لاکھ ڈالر حاصل کیے تھے۔

16- بیوٹی اینڈ دی بیسٹ

کامیاب کارٹون فلم بیوٹی اینڈ دی بیسٹ کا لائیو ایکشن سیکوئل 2017 میں سامنے آیا، اس فلم نے دنیا بھر کے باکس آفس پر ایک ارب 26 کروڑ 35 لاکھ ڈالر حاصل کیے۔

15- فروزن

دو بہنوں کی جذباتی کہانی پر مبنی اینیمیٹڈ فلم فروزن 2013 میں سامنے آئی، فلم نے ایک ارب 27 کروڑ 65 لاکھ ڈالر کی کمائی کی۔

14- جراسک ورلڈ: فالن کنگڈم

2018 کی یہ کامیاب ایڈونجر فینٹسی فلم بھی اس فہرست میں اپنا نام شامل کرانے میں کامیاب ہوئی، فلم نے ایک ارب 30 کروڑ 95 لاکھ ڈالر کماکر سب کو حیران کردیا تھا۔

13- اسٹار وارز: دی لاسٹ جیڈائے

2017 میں سامنے آئی اس فلم نے ریلیز کے صرف تین ہفتوں میں ایک ارب کمالیے تھے، فلم اب تک ایک ارب 33 کروڑ 25 لاکھ ڈالر کا بزنس کرچکی ہے۔

12- ہیری پوٹر اینڈ دی ڈیتھلی ہولو پارٹ 2

ہیری پوٹر سیریز کی آخری فلم 2011 میں ریلیز ہوئی تھی، جس نے ہیری پوٹر فلمز کے سارے ریکارڈ توڑتے ہوئے ایک ارب 34 کروڑ 15 لاکھ ڈالر کمائے۔

11- بلیک پینتھر

2018 میں ریلیز ہونے والی فلم بلیک پینتھر ڈزنی کمپنی کی 16ویں فلم ثابت ہوئی تھی جس نے ایک ارب سے زائد کمائی کی ہو۔ فلم نے دنیا بھر کے باکس آفس پر ایک ارب 34 کروڑ 69 لاکھ ڈالر کا بزنس کیا۔

10- ایونجرز: ایج آف الٹرون

2015 میں ریلیز ہونے والی فلم ایونجرز: ایج آف الٹرون نے ریلیز کے بعد ایک ارب 40 کروڑ 54 لاکھ ڈالر کمائے، فلم 'دی ایونجرز' کا سیکوئل تھی۔

9- فیوریس 7

مشہور رمانہ ہولی وڈ اداکار پال واکر کی زندگی کی آخری فلم نے باکس آفس پر ایک ارب 51 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کمائے تھے۔

8- دی ایونجرز

مارول کمپنی کی سپر ہیرو فلم دی ایونجرز نے باکس آفس پر ایک ارب 51 کروڑ 88 لاکھ ڈالر کا بزنس کیا۔ 2012 کی اس فلم میں کئی سپرہیروز اکٹھے ہوئے تھے۔

7- دی لائن کنگ

رواں سال ریلیز ہونے والی فلم دی لائن کنگ ڈزنی کمپنی کی ایک اور کامیاب فلم ہے جو اس فہرست میں شامل ہوئی، اس فلم نے باکس آفس پر ایک ارب 65 کروڑ 51 لاکھ 51 ہزار سے زائد کی کمائی کی۔

6- جراسک ورلڈ

2015 میں ریلیز ہونے والی ایڈونچر فینٹسی فلم نے ایک ارب 67 کروڑ 4 لاکھ ڈالر سے زیادہ کمائے۔

5- ایونجرز انفینٹی وار

مارول کمپنی کی ایک اور فلم ایونجرز انفینٹی وار نے 2018 میں سامنے آکر ایونجرز کے لیے نیار ریکارڈ قائم کیا تھا، فلم ریلیز کے بعد سے اب تک 2 ارب 21 لاکھ ڈالر سے زائد کما چکی ہے جس میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

4- اسٹار وارز: دی فورس اویکنز

2015 میں اسٹار وارز سیریز کی 7ویں فلم سامنے آئی تھی جس کے ریلیز کے بعد سے اب تک 2 ارب 6 کروڑ 82 لاکھ ڈالر کمائے ہیں۔

3- ٹائٹینک

دو دہائیاں گزرنے کے باوجود ہدایت کار جیمز کیمرون کی فلم 'ٹائیٹینک اس مقام پر موجود ہے، فلم نے باکس آفس پر 2 ارب 18 کروڑ 75 لاکھ ڈالر کمائی کی۔

2- اوتار

جیمز کیمرون کی فلم اوتار 2018 تک اس فہرست میں پہلے نمبر پر موجود تھی، 2009 میں سامنے آئی اس فلم نے 2 ارب 78 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کمائے۔

1- ایونجرز اینڈ گیم

اس فہرست میں نمبر ون پر آنے والی فلم مارول کمپنی کی ایونجرز اینڈ گیم کے جس نے ریلیز کے صرف 5 روز میں اب تک کی سامنے آئی ہر فلم کا ریکارڈ توڑ دیا۔ فلم اب تک 2 ارب 79 کروڑ 78 لاکھ ڈالر کا بزنس کرچکی ہے۔

بشکریہ: انسائڈر