فلم 'جوکر' نے نئی تاریخ رقم کردی

17 نومبر 2019
— فوٹو بشکریہ وارنر برادرز
— فوٹو بشکریہ وارنر برادرز

اکتوبر میں ریلیز ہونے والی ڈی سی کامکس کی فلم 'جوکر' نے دنیا بھر میں ایک ارب ڈالرز (ایک کھرب 55 ارب پاکستانی روپے سے زائد) کما کر نئی تاریخ رقم کردی کیونکہ یہ پہلی آر ریٹیڈ فلم ہے جس نے یہ سنگ میل عبور کیا۔

آر ریٹیڈ ایسی فلموں کو کہا جاتا ہے جن میں تشدد یا بالغوں کا مواد زیادہ ہوتا ہے اور امریکا میں آر ریٹڈ فلموں کو 17 سال سے کم عمر افراد والدین یا بالغ سرپرست کے بغیر نہیں دیکھ سکتے۔

آسان الفاظ میں آر ریٹڈ فلمیں ایسی ہیں جو بنیادی طور پر بالغ افراد کے لیے مخصوص سمجھی جاسکتی ہیں۔

ہولی وڈ اسٹوڈیو وارنر برادرز نے معروف سپرہیرو بیٹ مین کے روایتی حریف جوکر کی زندگی پر مبنی اس فلم کو اکتوبر میں ریلیز کیا تھا اور اب اس نے لگ بھگ ڈیڑھ ماہ کے عرصے میں ایک ارب ڈالرز کمالیے ہیں، جبکہ ابھی تک اسے چین میں ریلیز بھی نہیں کیا گیا، جہاں یہ اگلے سال ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔

جواکوائین فیونکس نے جوکر کا مرکزی ادا کیا ہے جو ایک ذہنی طور پر بیمار تنہا شخص ہیں جو تشدد کے ذریعے شہرت حاصل کرتا ہے اور ناقدین نے اسے سراہا بھی تھا مگر امریکا میں اس فلم کی ریلیز کے موقع پر خدشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ اس سے لوگوں میں تشدد کے رجحان میں اضافہ ہوسکتا ہے اور پرتشدد واقعات پیش آسکتے ہیں۔

جوکر سے قبل سب سے زیادہ بزنس کرنے والی آر ریٹڈ فلم ڈیڈپول 2 (2018 ) تھی جس نے 78 کروڑ 50 لاکھ سے زیادہ کمائے تھے جبکہ اس کے بعد ڈیڈپول تھی جس نے 78 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز کمائے۔

جوکر کی تیاری میں 6 کروڑ ڈالرز خرچ ہوئے تھے جبکہ دیگر اخراجات الگ تھے اور فوربس کی رپورٹ کے مطابق اب ایک ارب ڈالرز کمانے کے بعد یہ اب تک سب سے زیادہ منافع بخش کامک بک فلم بھی بن گئی ہے جس نے اپنے بجٹ سے لگ بھگ 16 گنا زیادہ کمالیا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ جوکر بنیادی طورپر ایک ڈراما فلم ہے جس میں اسپیشل ایفیکٹس اور ایکشن کی بجائے کرداروں پر زیادہ توجہ دی گئی ہے اور ایکشن سیکونس بہت کم ہیں۔

اے پی فوٹو
اے پی فوٹو

جوکر رواں سال سب سے زیادہ کمانے والی 7 ویں بڑی فلم بھی بن گئی ہے، جس سے آگے 6 فلمیں ایوینجرز : اینڈ گیم، دی لائن کنگ، ٹوائے اسٹوری 4، کیپٹن مارول، اسپائیڈر مین فار فرام ہوم اور الہ دین شامل ہیں، جن میں سے ڈزنی اسٹوڈیو جبکہ ایک سونی(اسپائیڈرمین) کی تیار کردہ ہے، مگر اس میں بھی ڈزنی کا حصہ شامل تھا۔

توقع کی جارہی ہے کہ جوکر کو آسکر ایوارڈز میں متعدد شعبوں میں نامزد کیا جائے گا اور یہ پہلی کامک بک فلم بھی ہوسکتی ہے جسے بہترین فلم اور اداکار کے ایوارڈز مل جائیں۔

تبصرے (0) بند ہیں