رواں برس حج پیکج 4 لاکھ 86 ہزار روپے تک ہوگا، حتمی پالیسی جاری

اپ ڈیٹ 20 فروری 2020
رواں سال حج کے لیے 24 فروری سے لے کر 4 مارچ تک درخواستیں جمع ہوں گی — فائل فوٹو: اے پی
رواں سال حج کے لیے 24 فروری سے لے کر 4 مارچ تک درخواستیں جمع ہوں گی — فائل فوٹو: اے پی

وزارت مذہبی امور نے باضابطہ طور پر حج پالیسی 2020 جاری کردی جس کے تحت رواں برس حج پیکج فی کس 4 لاکھ 86 ہزار روپے تک ہوگا۔

اس حوالے سے وزارت مذہبی امور کی ویب سائٹ پر جاری حج پالیسی 2020 کے مطابق رواں سال پاکستان میں جنوبی ریجن کے لیے حج پیکج 4 لاکھ 55 ہزار 6 سو 95 روپے ہوگا، جس میں کوئٹہ، کراچی اور سکھر شامل ہیں۔

شمالی ریجن کے لیے حج پیکج 4 لاکھ 63 ہزار 4 سو 45 روپے ہوگا جس میں اسلام آباد، پشاور، لاہور، سیالکوٹ، ملتان اور رحیم یار خان شامل ہیں۔

پالیسی کے مطابق قربانی کے لیے 22 ہزار 8 سو 25 روپے اختیاری ہوں گے، قربانی کے ساتھ جنوبی ریجن کے لیے حج اخراجات 4 لاکھ 78 ہزار 5 سو 20 روپے اور شمالی ریجن کے لیے 4 لاکھ 86 ہزار روپے ہوں گے۔

مزید پڑھیں: حج پالیسی 2020: فی کس حج پیکج 4 لاکھ 90 ہزار روپے ہوگا، نورالحق قادری

خیال رہے کہ گزشتہ برس کے مقابلے میں رواں برس حج اخراجات میں 29 ہزار روپے تک اضافہ کیا گیا ہے۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق رواں برس ایک لاکھ 79 ہزار 2 سو 10 پاکستانی شہری حج کرنے جائیں گے، سرکاری اسکیم کے تحت ایک لاکھ 7 ہزار 5 سو 26 عازمین جبکہ پرائیویٹ اسکیم کے تحت 71 ہزار 6 سو 84 عازمین حج کی سعادت حاصل کرسکیں گے۔

پالیسی کے مطابق رواں برس سرکاری حج اسکیم کے لیے 60 فیصد اور نجی حج اسکیم کے لیے 40 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق رواں سال حج کے لیے 24 فروری سے لے کر 4 مارچ تک درخواستیں جمع ہوں گی اور اس حوالے سے تمام قومی بینکوں کو ہدایت جاری کردی گئی ہے۔

حج کے لیے درخواست گزاروں کے میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ کی شرط لازمی ہوگی جبکہ سینئر سٹیزن کی عمر کی حد 80 سال سے کم کرکے 70 سال کردی گئی ہے۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق مسلسل 3 بار ناکام درخواست گزار بلا قرعہ اندازی کامیاب تصور ہوں گے جبکہ پہلی مرتبہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ایک ہزار حجاج کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔

اس اسکیم کے تحت اوورسیز حجاج کے انتخاب کے لیے بھی حج پالیسی کی شرائط کا اطلاق ہوگا۔

حج پالیسی 2020 کے مطابق ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل افراد حج کے لیے درخواست دینے کے اہل نہیں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: حج درخواستوں سے جمع ہونے والی رقم پر سود لینے کا انکشاف

رواں برس پاکستان میں بائیو میٹرک کے لیے اعتماد سینٹرز کی تعداد 29 سے بڑھا کر 35 کی جائے گی جس میں موبائل یونٹس بھی شامل ہوں گے۔

گلگت بلتستان میں عازمین حج کے لیے عارضی کیمپس قائم کیے جائیں گے اور وزارت مذہبی امور کی جانب سے حجاج کرام کو گلگت بلتستان سے اسلام آباد ایئرپورٹ لے جایا جائے گا۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق ’روڈ ٹو مکہ‘ منصوبے کو اسلام آباد ایئرپورٹ کے ساتھ ساتھ کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ ایئرپورٹس تک توسیع دینے کے لیے سعودی حکام سے بات چیت جاری ہے۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق ایام حج کے دوران مشائر میں حجاج کو درپیش مسائل کے حل کے لیے پاکستان حج مشن کے عہدیداران اور سعودی حکام پر مشتمل ریپڈ رسپونس کمیٹی (آر سی سی) یا جوائنٹ کور کمیٹی (جے سی سی) تشکیل دی جائے گی۔

گزشتہ دنوں وزیر مذہبی امور وزیر نور الحق قادری نے حج پالیسی 2020 کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ شمالی ریجن کے لیے رواں سال حج پیکج 4 لاکھ 90 ہزار روپے جبکہ جنوبی ریجن کے لیے حج پیکج 4 لاکھ 80 روپے ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ حج پیکج کی قیمت میں کمی لائی جا سکے اور بتایا تھا کہ حج پیکج میں اضافے کی وجہ فضائی اخراجات میں اضافہ اور روپے کی قدر میں کمی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں