بھارت کی ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ، ایک لڑکی جاں بحق، 6 افراد زخمی

اپ ڈیٹ 05 اگست 2020
ترجمان کے مطابق پاک فوج نے اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا اور بھارت کی ان پوسٹوں کو نشانہ بنایا جہاں سے فائرنگ کی گئی  — فائل فوٹو / اے ایف پی
ترجمان کے مطابق پاک فوج نے اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا اور بھارت کی ان پوسٹوں کو نشانہ بنایا جہاں سے فائرنگ کی گئی — فائل فوٹو / اے ایف پی

بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں جواں سالہ لڑکی جاں بحق اور 6 افراد زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے کنٹرول لائن پر بلااشتعال سیز فائر کی خلاف ورزی کی اور تتہ پانی سیکٹر میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔

بیان میں کہا گیا کہ بھارتی اشتعال انگیزی سے فتح پور گاؤں کی 18 سالہ لڑکی جاں بحق اور فتح پور اور تاہی گاؤں میں 4 خواتین سمیت 6 افراد زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاک فوج نے اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا اور بھارت کی ان پوسٹوں کو نشانہ بنایا جہاں سے فائرنگ کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: ایل او سی پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے نوجوان شدید زخمی

بھارتی فوج رواں سال سیز فائر کی 1877 بار خلاف ورزی کر چکی ہے جس میں 6 خواتین اور 5 بچوں سمیت 15 افراد جاں بحق ہوئے۔

سیز فائر کی ان خلاف ورزیوں کے نتیجے میں 46 خواتین اور 37 بچوں سمیت 144 افراد زخمی بھی ہوئے۔

بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی

دفتر خارجہ نے بھارتی ناظم الامور کو طلب کیا اور لائن آف کنٹرول پر بھارتی سیز فائر خلاف ورزیوں پر احتجاج ریکارڈ کرایا۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق بھارتی قابض افواج کی جانب سے بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل جنوبی ایشیا اور سارک زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ بے حسی کی ایسی کارروائیاں 2003 کے جنگ بندی معاہدے کی صریح خلاف ورزی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ خلاف ورزیاں تمام انسانی روایات اور پیشہ ورانہ فوجی رویے کے منافی ہیں۔

زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی قوانین کی یہ سنگین خلاف ورزیاں کنٹرول لائن پر صورتحال کو خراب کرنے کی مسلسل بھارتی کوششوں کو ظاہر کرتی ہیں اور علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔

خیال رہے کہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کے واقعات میں اضافہ دیکھا جارہا ہے اور آئے روز آزاد کشمیر میں ایل او سی کے مختلف سیکٹرز پر بلااشتعال فائرنگ کی جاتی ہے۔

بھارت کی اس اشتعال انگریزی پر آئے روز پاکستان میں تعینات بھارت کے سینئر سفارت کار کو دفترخارجہ طلب کر کے ان واقعات پر شدید احتجاج ریکارڈ کروایا جاتا ہے۔

21 جولائی کو لائن آف کنٹرول کے ساتھ بھارتی فوج کی شہری آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ سے ایک نوجوان شدید زخمی ہوگیا تھا۔

مزید پڑھیں: ایل او سی: بھارت کی بلااشتعال فائرنگ سے 2 خواتین زخمی

18 جولائی کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے ایک ایک بیان میں کہا تھا کہ بھارتی فوج نے ایل او سی پر رکھ چکری اور بروہ سیکٹرز میں شہری آبادی پر فائرنگ کی۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ بھارت کی بلااشتعال فائرنگ سے کِرنی اور گاہی گاؤں سے تعلق رکھنے والی 2 خواتین زخمی ہوگئیں۔

قبل ازیں 13 جولائی کو بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں عمر رسیدہ خاتون زخمی ہوئی تھیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں