• KHI: Asr 4:55pm Maghrib 6:39pm
  • LHR: Asr 4:27pm Maghrib 6:12pm
  • ISB: Asr 4:32pm Maghrib 6:18pm
  • KHI: Asr 4:55pm Maghrib 6:39pm
  • LHR: Asr 4:27pm Maghrib 6:12pm
  • ISB: Asr 4:32pm Maghrib 6:18pm

بختاور کی منگنی: بھٹو زرداری خاندان میں کئی دہائیوں بعد خوشی کا دن

بختاور کی منگنی سے قبل کئی سال سے بھٹو زرداری خاندان میں کوئی خوشی کی تقریب نہیں ہوئی۔
شائع November 27, 2020

سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری کی منگنی کی تقریب آج 27نومبر (بروز جمعہ) منعقد ہوگی۔

بختاور کی منگنی کی تقریب بھٹو زرداری خاندان میں کئی دہائیوں بعد خوشی کا دن ہوگا، تاہم بدقسمتی سے اس میں بھی خاندان کے اہم ترین افراد کی عدم شرکت کا امکان ہے۔

بختاور کے والد آصف علی زرداری اس وقت نیب کیسز میں ضمانت پر ہسپتال میں زیر علاج ہیں جب کہ بختاور کے بھائی پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا ایک دن قبل ہی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد بلاول بھٹو زرداری کی تقریب میں شرکت تقریباً ناممکن بن چکی ہے تاہم اس حوالے سے بلاول ہاؤس، پی پی پی اور خود بلاول کی جانب سے کوئی وضاحتی بیان جاری نہیں کیا گیا۔

بختاور بھٹو زرداری کی منگنی کی تقریب میں شرکت کرنے والے مہمانوں کے لیے پہلے ہی کورونا کے منفی ٹیسٹ دکھانا لازمی قرار دیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق خود میں کورونا کی تشخیص کے بعد بلاول بہن کی زندگی کے اہم دن کی تقریب میں شرکت نہیں کر سکیں گے—فوٹو: بختاور انسٹاگرام
ذرائع کے مطابق خود میں کورونا کی تشخیص کے بعد بلاول بہن کی زندگی کے اہم دن کی تقریب میں شرکت نہیں کر سکیں گے—فوٹو: بختاور انسٹاگرام

اس لیے بلاول بھٹو زرداری کی شرکت نہ کیے جانے کا امکان ہے جب کہ ان کے والد آصف علی زرداری بھی ہسپتال میں زیر علاج ہیں اور وہ بھی زیادہ دیر تک تقریب میں نہیں رہ سکتے، البتہ وہ کچھ وقت کے لیے مرکزی تقریب میں شرکت کے لیے آ سکیں گے۔

ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری محض 2 گھنٹے کے لیے اپنی بڑی صاحبزادی کی منگنی میں شرکت کے لیے آئیں گے۔

والد کی کم وقت کی شرکت جب کہ بڑے بھائی کی عدم شرکت سے بختاور بھٹو کی زندگی کے اہم ترین دن کی خوشیاں بھی ماند پڑ گئیں جب کہ کئی دہائیوں بعد ان کے خاندان میں ہونے والی خوشی کے دن کی تقریبات بھی اچھے طریقے سے نہ ہوسکیں گی۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ بختاور کی منگنی کی تقریب میں ان کی خالہ اور بینظیر بھٹو کی بہن صنم بھٹو یا ان کے بچے بھی شریک ہوں گے یا نہیں؟

بختاور کے والد بھی ہسپتال میں زیر علاج ہیں، اس لیے وہ بھی مختصر وقت کے لیے تقریب میں شرکت کریں گے، ذرائع—فائل فوٹو: بختاور انسٹاگرام
بختاور کے والد بھی ہسپتال میں زیر علاج ہیں، اس لیے وہ بھی مختصر وقت کے لیے تقریب میں شرکت کریں گے، ذرائع—فائل فوٹو: بختاور انسٹاگرام

اس بات کی بھی کوئی اطلاعات نہیں کہ بختاور بھٹو زرداری کے ماموں زاد کزن فاطمہ بھٹو اور ذوالفقار جونیئر بھی ان کی منگنی کی تقریب میں شرکت کریں گے یا نہیں؟

علاوہ ازیں بختاور بھٹو کی پھوپھو و سابق صدر آصف علی زرداری کی بہن فریال تالپر کی شرکت کے حوالے سے بھی یقینی طور پر کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ بختاور کی بڑی پھوپھو صوبائی وزیر صحت عذرا فضل پیچوہو تقریب میں شریک ہوں گی۔

اپنی منگنی کی مناسبت سے بختاور بھٹو زرداری نے اپنی ایک جذباتی ٹوئٹ میں ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے ان کی نئی زندگی کی شروعات پر ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

بختاور بھٹو زرداری نے منگنی کے دن کو اپنی زندگی کا جذباتی دن قرار دیتے ہوئے پی پی پی کے کارکنان اور رہنماؤں کو پیغام دیا کہ کورونا کی وبا ختم ہونے کے بعد وہ مل کر خوشیاں منائیں گے۔

بختاور بھٹو زرداری نے لکھا کہ انہیں معلوم ہے کہ پی پی پی کے رہنما و خاندان ان کی منگنی کی تقریب میں شرکت کرنے کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے منگنی کو نئے دور کا آغاز قرار دیتے ہوئے پی پی پی کے کارکنان و رہنماؤں کا پیغام دیا کہ جلد ہی وہ مل کر خوشیاں منائیں گے۔

زندگی کے اہم ترین دن پر وہ والدہ کو بھی نہ بھول پائیں اور انہوں نے لوگوں سے والدہ اور اپنے اہل خانہ کے لیے دعائیں کرنے کی اپیل بھی کی۔

بختاور بھٹو زرداری کی منگنی کی تقریب شام 4 بجے کے بعد بلاول ہاؤس میں منعقد ہوگی اور حوالے سے تقریبا تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

کورونا کی وبا کے باعث منگنی کی تقریب مختصر کیے جانے کا امکان ہے جب کہ تقریب میں سماجی فاصلے سمیت دیگر احتیاطی تدابیر کو بھی اختیار کیا جائے گا۔

بختاور کی چھوٹی بہن آصفہ خوشی کے دن پر ان کے ساتھ ہوں گی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
بختاور کی چھوٹی بہن آصفہ خوشی کے دن پر ان کے ساتھ ہوں گی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

بختاور بھٹو زرداری کی منگنی پاکستانی نژاد متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صنعت کار یونس چوہدری کے صاحبزادے محمود چوہدری کے ساتھ ہوگی۔

بختاور بھٹو زرداری کی منگنی سے قبل ہی ان کی منگنی کے حوالے سے بہت سے گمراہ کن خبریں پھیلنا شروع ہوگئی تھیں اور دوسرے لوگوں کی تصاویر شیئر کرکے انہیں ان کے منگیتر کے طور پر بھی پیش کیا گیا تھا۔

علاوہ ازیں بختاور بھٹو کی خفیہ منگنی کی جعلی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر پھیلائی گئی تھیں جن پر بختاور بھٹو اور پی پی پی نے وضاحتی بیان جاری کرکے تمام تصاویر، ویڈیوز اور خبروں کو گمراہ کن اور جھوٹا قرار دیا تھا۔

خبریں ہیں بختاور منگنی پر والدہ کے نکاح جیسا لباس پہنیں گی—فائل فوٹو: انسٹاگرام/ فیس بک
خبریں ہیں بختاور منگنی پر والدہ کے نکاح جیسا لباس پہنیں گی—فائل فوٹو: انسٹاگرام/ فیس بک