سانحہ مچھ: مخلوق خدا پر رحم کرو، عمران خان کو آنا پڑے گا، مریم نواز
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز مچھ واقعے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اگر عمران خان کوئٹہ نہیں آسکتے تو پھر عوام انہیں اسلام آباد میں بھی بیٹھنے نہیں دیں گے۔
مریم نواز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 'آپ پر جو قیامت ٹوٹی ہے اس پر میں اپنے والد نواز شریف، شہباز شریف اور اپنی طرف سے دلی تعزیت کرتی ہوں، پانچ دنوں سے ہم یہ سب ٹی وی پر دیکھ رہے ہیں، ہمیں آپ کی تکلیف کا احساس ہے، مجھے سمجھ نہیں آرہی ہے کہ اپنی بات کہاں سے شروع کروں اور کن الفاظ میں اپنے دکھ اور غم کو بیان کروں کیونکہ جس پر گزرتی ہے وہی جانتا ہے'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'ہم سب اور پوری قوم آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں لیکن مجھے اس بات کا احساس ہے کہ جو آپ پر گزری ہے اور جو مصیبت آپ پر ٹوٹی ہے ہم اس کو سمجھ نہیں سکتے'۔
انہوں نے کہا کہ 'مجھے وہ تصاویر بھی دکھائی گئیں جو میں نہیں دیکھ پائی'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'ایک بچی کسی بے حس کو کہہ رہی تھی جب تک آپ نہیں آئیں گے میں اپنے والد کو نہیں دفناؤں گی، ان میتوں میں ایک ایسے بچے کی میت بھی ہے جو کالج سے چھٹیوں اپنی فیس جمع کرنے کے لیے کان میں کام کرنے گیا تھا'۔
مریم نواز نے کہا کہ 'مجھے پتہ چلا کہ ایک ایسی میث بھی ہے جس کے شہید ہونے سے اس کے خاندان میں اب کوئی مرد نہیں بچا اور آج ان کو دفنانے والا بھی کوئی نہیں'۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کو یہاں آنا پڑے گا اگر وہ کوئٹہ نہیں آسکتے تو عوام انہیں اسلام آباد میں بھی بیٹھنے نہیں دیں گے.
خبر میں مزید تفصیلات شامل کی جارہی ہیں












لائیو ٹی وی