مایا علی کا رقص اور ہیما مالنی کا انکشاف

ہیما مالنی کے مطابق والدین ان کی شادی کے لیے راضی نہیں تھے—فائل فوٹو: فیس بک
ہیما مالنی کے مطابق والدین ان کی شادی کے لیے راضی نہیں تھے—فائل فوٹو: فیس بک

گزشتہ ہفتے کی طرح اس بار بھی شوبز کی دنیا میں قیاس آرائیوں اور افواہوں کے بازار گرم رہنے سمیت کچھ اچھی خبریں بھی سامنے آئیں جب کہ بعص خبروں نے مداحوں کو افسردہ بھی کیا۔

دنیا میں کورونا کی وبا کے پھیلاؤ کے کم ہونے کے بجائے اس کے بڑھنے پر جہاں حکومتیں پریشان دکھائی دیں، وہیں شوبز شخصیات بھی مایوس نظر آئیں، کیون کہ اس سے انڈسٹری کے مالی حالات خراب ہونے سمیت لوگوں کی ذہنی صحت پر بھی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

کورونا کی وبا سے بچنے کے لیے حکومتوں کی طرح شوبز شخصیات بھی اقدامات کرتی دکھائی دیں اور سب سے زیادہ ہولی وڈ اداکارہ جینیفر آنسٹن کے اقدامات کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا، جنہوں نے ویکسین نہ لگوانے افراد سے روابط ختم کرنے کا اعلان کیا۔

جینیفر آنسٹن کی ویکسین نہ لگوانے والوں سے دوستی ختم

اداکارہ جینیفر آنسٹن نے گزشتہ ہفتے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے اعلان کیا کہ وہ ان تمام افراد سے روابط اور تعلقات ختم کر رہی ہیں، جنہوں نے کورونا کی وبا سے بچنے کے لیے ویکسینیشن نہیں کروائی۔

اداکارہ پر تنقید بھی کی گئی—فائل فوٹو: اے پی
اداکارہ پر تنقید بھی کی گئی—فائل فوٹو: اے پی

اداکارہ کو ان کے فیصلے پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا مگر انہوں نے تنقید کی کوئی پرواہ نہیں کی اور اپنے فیصلے پر ڈٹی رہیں اور کہا کہ دنیا کو محفوظ بنانے اور کورونا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے ایسے فیصلے ضروری ہیں۔

آئمہ بیگ کی بہن کی شادی

حال ہی میں منگنی کے بندھن میں بندھنے والی گلوکارہ آئمہ بیگ اپنی بہن کومل بیگ کی شادی مین نہ صرف انتہائی خوش دکھائی دیں بلکہ وہ اپنے منگیتر شہباز شگری کے ہمراہ بھی انداز دکھاتی دکھائی دیں۔

آئمہ بیگ کی بہن کی شادی میں متعدد شوبز شخصیات نے شرکت کی اور ساتھ ہی بھی یہ چہ مگوئیاں ہونے لگیں کہ بہن کے بعد اب گلوکارہ کی شادی کی باری ہے۔

آئمہ بیگ اور شہباز شگری پہلے ہی یہ عندیہ دے چکے ہیں کہ وہ 2022 کے آغاز تک شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے، انہوں نے جولائی 2021 میں منگنی کی تھی۔

منوج باجپائی نے 26 سالہ فلمی سفر سے کیا سیکھا؟

بھارتی فلم ساز و اداکار منوج باجپائی کہتے ہیں کہ انہوں نے 26 سالوں میں بولی وڈ میں ہر طرح کے کردار ادا کیے، وہ پولیس والے سے لے کر غنڈے کے روپ میں بھی دکھائی دیے اور انہوں نے ایجنٹ کا کردار ادا کرنے سمیت ظالم کا روپ بھی دھارا، تاہم اب ایسا وقت آگیا ہے کہ اداکار کو خود کو منوانے کے لیے بہت محنت کرنی پڑتی ہے۔

ٹائمز آف انڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے منوج باجپائی کا کہنا تھا کہ اب بولی وڈ میں کئی نئے ہدایت کار آگئے ہیں اور ان کے آگے خود کو منوانے کے لیے دگنی محنت کرنی پڑتی ہے اور انہیں اس مقام تک پہنچنے میں بھی ناکامیوں اور غربت کے ساتھ کئی مسائل کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

منوج باجپائی نے ہدایت کاری بھی دے رکھی ہے—فائل فوٹو: فیس بک
منوج باجپائی نے ہدایت کاری بھی دے رکھی ہے—فائل فوٹو: فیس بک

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے 26 سال میں کم از کم 4 مرتبہ پولیس افسر، 4 مرتبہ فوجی افسر، 2 مرتبہ جاسوس ، 4 مرتبہ گینگسٹر اور متعدد بار پروفیسر کا کردار ادا کرنے سمیت ہر طرح کے کردار ادا کیے ہیں مگر وہ خود کو ہمیش یونیفارم میں دیکھنے کے خواہاں نہیں ہیں۔

منوج باجپائی کو بولی وڈ کے چند ورسٹائل اداکاروں میں شمار کیا جاتا ہے، انہوں نے بعض فلموں کی ہدایات بھی دی ہیں۔

فلم شوٹنگ کے دوران موت کو قریب سے دیکھنے کی بات بتاتے شفقت چیمہ رو پڑے

متعدد پاکستانی فلموں میں ولن کا کردار ادا کرکے ہیرو اور ہیروئنز کو رلانے والے شفقت چیمہ حال ہی مین ایک ٹی وی انٹرویو میں ماضی میں اپنے ساتھ ہونے والے واقعات کی داستان سناتے ہوئے رو پڑے ۔

شفقت چیمہ نے ٹی وی شو میں بتایا کہ ماضی میں جب وہ اداکار سعود کے ہمراہ دل سنبھالا نہ جائے نامی فلم کی شوٹنگ کر رہے تھے تو وہ پانی میں ڈوبتے ڈوبتے بچے اور انہیں ایک نئی زندگی ملی۔

اداکار کے مطابق فلم کا سین شوٹ کرنے کے لیے وہ سعود کے ہمراہ پانی میں اترے جب کہ انہیں تیرنا تک نہیں آتا تھا اور انہوں نے پہلے ہی سعود کو مدد کرنے کے لیے کہہ رکھا تھا، کیوں کہ وہ تیرناجانتے تھے۔

شفقت چیمہ نے دعویٰ کیا کہ سعود نے عکس بندی کے بعد ان کی مدد نہیں کی اور وہ خود پانی سے نکل گئے اور وہ انہیں چھوڑ گئے اور وہ ڈوبتے ڈوبتے بچے۔

ان کے مطابق ان کی مدد کے لیے ان کے چھوٹے بھائی پانی میں کودے مگر دونوں بے ہوش ہوگئے اور مرتے مرتے بچے اور کسی دوسرے آدمی نے آکر ان کی مدد کی۔

شیر شاہ کی شوٹنگ کے دوران کیارا اڈوانی اور سدھارتھ ملہوترا میں قربتیں بڑھ گئیں

خبریں ہیں کہ آنے والی بولی وڈ ایکشن تھرلر فلم شیر شاہ کی شوٹنگ کے دوران فلم میں رومانٹک میاں بیوی کے کرداروں کے سینز کی عکس بندی کرواتے کرواتے کیارا اڈوانی اور سدھارتھ ملہوترا مین حقیقی قربتیں بڑھ گئیں۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق شیر شاہ مین دونوں رومانس کرتے دکھائی دیں گے اور حال ہی مین کیارا اڈوانی نے ایک انٹرویو میں سدھارتھ ملہوترا کو اپنا بہترین دوست قرار دیا تو افواہیں پھیلیں کہ ان میں چاہتیں بڑھنے لگی ہیں۔

دونوں شیر شاہ میں رومانس کرتے دکھائی دیں گے—فائل فوٹو: فیس بک
دونوں شیر شاہ میں رومانس کرتے دکھائی دیں گے—فائل فوٹو: فیس بک

دونوں کے درمیان محبتیں پروان چڑھنے کی خبریں آنے کے بعد شیر شاہ کے ہدایت کار نے بھی کہہ دیا کہ دونوں اداکاروں کے درمیان شوٹنگ کے بعد ہونے والی محبت اور قربتوں سے انہیں کوئی مسئلہ نہیں، اس سے ان کی فلم میں بھی خلل نہیں پڑ رہا۔

کیارا اڈوانی اور سدھارتھ ملہوترا کے درمیان قربتیں بڑھنے کی افواہیں پہلی بار نہیں اڑیں، اس سے قبل بھی ان میں معاشقے کی خبریں آتی رہی ہیں۔

جم بلوشی بیوی سے طلاق لینے کے خواہاں

خبریں ہیں کہ امریکی اداکار جیمز ایڈم بلوشی المعروف جم بلوشی نے اپنی تیسری اہلیہ جینیفر سیلون سے طلاق کے لیے عدالت میں درخواست دائر کردی۔

شوبز ویب سائٹ ٹی ایم زیڈ کے مطابق اس سے قبل 2018 میں ان سے طلاق کے لیے ان کی بیوی نے عدالت سے رجوع کیا تھا مگر جلد ہی دونوں کو غلطی کا احساس ہوگیا تھا اور دونوں کی ازدواجی زندگی ختم ہونے سے بچ گئی تھی۔

دونوں نے 1998 میں شادی کی تھی—فائل فوٹو: فیس بک
دونوں نے 1998 میں شادی کی تھی—فائل فوٹو: فیس بک

اب اہلیہ کو منانے کے تین سال بعد شوہر نے طلاق کے لیے عدالت میں درخواست دائر کردی، جس پر چند ہفتوں میں مزید قانونی کارروائی ہونے کا امکان ہے۔

جم بلوشی نے جینیفر سیلون سے 1998 میں شادی کی تھی اور دونوں کو دو بالغ بچے بھی ہیں جب کہ اداکار نے ان سے قبل بھی دو بیویوں کو طلاق دی تھی۔

ہیما مالنی اور دھرمیندر نے شادی کیسے کی تھی؟

بولی وڈ کی ماضی کی مقبول اور خوبرو ترین اداکارہ ہیما مالنی اور دھرمیندر کی شادی کو 41 سال مکمل ہو چکے ہیں اور دونوں کی دو بیٹیاں بھی ہیں، جن میں سے ایشا دیول بھی اداکاری کے میدان خود کو منوا چکی ہیں۔

ہیما مالنی اور دھرمیندر ماضی میں متعدد فلموں میں ایک ساتھ جلوہ گر ہو چکے ہیں ، تاہم حیران کن طور پر ان کی شادی حادثاتی طور پر ہوئی تھی۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق ہیما مالنی نے ماضی میں ایک ٹی وی شو میں بتایا تھا کہ وہ شادی سے قبل ہی دھرمیندر کے ساتھ کئی فلموں میں کام کر چکی تھیں مگر انہوں نے کبھی ایسا نہیں سوچا تھا کہ وہ ان سے ہی شادی کریں گی۔

ان کی بیٹی ایشا دیول بھی اداکارہ ہیں—فائل فوٹو: فیس بک
ان کی بیٹی ایشا دیول بھی اداکارہ ہیں—فائل فوٹو: فیس بک

اداکارہ کے مطابق کام کرنے کے دوران انہیں خیال آیا کہ وہ جب بھی شادی کریں گی تو دھرمیندر جیسے شخص سے ہی کریں گی اور پھر آگے چل کہ ان میں کچھ قربتیں بڑھیں، لیکن تب تک بھی وہ ان سے شادی نہیں کرنا چاہتی تھیں۔

ہیما مالنی نے بتایا کہ جب وہ ذہنی طور پر دھرمیندر سے شادی کے لیے تیار ہوئیں تو ان کے گھر والوں نے مخالفت کردی اور اس وقت ہی ان کی شادی حادثاتی طور پر ہو گئی۔

ہیما مالنی نے بتایا کہ جب اہل خانہ نے مخالفت کی تو وہ دھرمیندر کے پاس گئیں اور انہوں نے ان سے کہا کہ وہ ابھی ان سے شادی کرلیں اور پھر اداکار نے ان سے اسی وقت ہی شادی کی تھی۔

رائن رینالڈز اور بلیک لائیولی گلوکار ٹیلر سوئفٹ کے مشکور

ہولی وڈ اداکار رائن رینالڈز اور ان کی اہلیہ بلیک لائیولی نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا ہے کہ گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ نے اپنے گانوں میں ان کے بچوں کے نام استعمال کیے۔

یو ایس ویکلی کے مطابق ٹیلر سوئفٹ نے گزشتہ برس اپنے ریلیز کیے گئے ایلبم کے گانوں میں دونوں کی 5 اور تین سال بچوں کے نام اپنے گانوں میں شامل کیے تھے۔

دونوں میاں بیوی نے خوشی کا اظہار کیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام
دونوں میاں بیوی نے خوشی کا اظہار کیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام

ٹیلر سوئفٹ نے بعد ازاں بتایا تھا کہ انہوں نے جو گانوں میں نام استعمال کیے ہیں وہ رائن رینالڈز اور بلیک لائیولی کے بچوں کے ہیں، جس پر اب اداکار اور ان کی اہلیہ نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔

رائن رینالڈز اور بلیک لائیولی نے ٹیلر سوئفٹ کے گانوں میں اپنے بچوں کے نام کے استعمال کو اعزاز قرار دیا ہے۔

رائن رینالڈز اور بلیک لائولی کی شادی 2012 میں کی تھی، ان کے ہاں بیٹے جیمز کی پیدائش 2014 میں جب کہ بیٹی آنیز کی پیدائش 2016 میں ہوئی تھی۔

کنڈیل جینر کے خلاف مقدمہ

ایک اطالوی کمپنی نے امریکا کی سرفہرست اور سپر ماڈل کنڈیل جینر کے خلاف تشہیری معاہدے کی خلاف ورزی کا مقدمہ دائر کردیا۔

کنڈیل جینر کا شمار مہنگی ترین ماڈلز میں ہوتا ہے—فائل فوٹو: رائٹرز
کنڈیل جینر کا شمار مہنگی ترین ماڈلز میں ہوتا ہے—فائل فوٹو: رائٹرز

رائٹرز کے مطابق کنڈیل جینر پر اطالوی فیشن برانڈ Liu Jo نے تشہیری مہم میں تصاویر کے لیے دستیاب نہ ہونے پر مقدمہ دائر کردیا۔

فیشن برانڈ نے ماڈل کے خلاف نیویارک کی عدالت میں سول مقدمہ دائر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انہوں نے تشہیری مہم کے لیے کنڈیل جینر کو 15 لاکھ امریکی ڈالر کی فیس ادا کی، جس کے عوض ماڈل کو دو تشہیری فوٹوشوٹ میں حصہ لینا تھا مگر انہوں نے ایسا نہیں کیا۔

مایہ علی کی ڈانس ویڈیو وائرل

خبروں میں رہنے والی مایا علی کی حال ہی میں ایک پرانی ڈانس ویڈیو دوبارہ وائرل ہوئی، جس میں انہیں بابر ظہیر کے ہمراہ رقص کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

مذکورہ ویڈیو کو مایا علی کی فلم سپر اسٹار کی شوٹنگ کے وقت ریکارڈ کیا گیا تھا اور یہ حال ہی میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔