Dawnnews Television Logo
—فوٹو: دی گارجین

کراچی کی لڑکی کس طرح ’مس مارول‘ بنیں

پہلی پاکستانی نژاد خاتون سپر ہیرو کے کردار پر بنائی گئی ویب سیریز مس مارول 8 جون کو ریلیز ہوگی/
اپ ڈیٹ 08 جون 2022 10:23am

نہ صرف پہلی مسلمان بلکہ پہلی پاکستانی نژاد خاتون سپر ہیرو کردار ’کمالہ خان‘ پر بنائی گئی ویب سیریز ’مس مارول‘ 8 جون کو دنیا بھر میں ڈزنی پلس پر ریلیز ہو رہی ہے۔

مذکورہ ویب سیریز کا مرکزی کردار ’کمالہ خان‘ کا ہے جو کہ پاکستانی نژاد امریکی ریاست نیوجرسی کی منفرد صلاحیتوں کی مالک لڑکی ہوتی ہیں۔

جس طرح ویب سیریز کا مرکزی کردار پاکستانی ہے، اسی طرح اس کردار کو تخلیق کرنے والی خاتون ثنا امانت بھی پاکستانی نژاد ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پہلی مسلم خاتون سپر ہیرو سیریز کے لیے پاکستانی نژاد لڑکی کا انتخاب

ثنا امانت نے کمالہ خان کے کردار کو پہلی بار مارول کے کامک بکس میں 2013 میں متعارف کرایا تھا اور اب اس پر پہلی ویب سیریز بنائی گئی ہے۔

کمالہ خان کا کردار تخلیق کرنے والی ثنا امنات بھی پاکستانی ہیں—فوٹو: ٹوئٹر
کمالہ خان کا کردار تخلیق کرنے والی ثنا امنات بھی پاکستانی ہیں—فوٹو: ٹوئٹر

اس سے زیادہ دلچسپ بات یہ ہے کہ کمالہ خان کے کردار کو ادا کرنے والی 19 سالہ لڑکی ایمان ولانی بھی پاکستانی نژاد ہیں جو کہ صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پیدا ہونے کے بعد کینیڈا منتقل ہوگئی تھیں۔

علاوہ ازیں ’مس مارول‘ کے چار ہدایت کاروں میں سے ایک ہدایت کار شرمین عبید چنائے بھی پاکستانی ہیں جب کہ ویب سیریز کے دیگر اداکار بھی پاکستان سے لیے گئے ہیں۔

ایمان ولانی کی پیدائش کراچی میں ہوئی——فوٹو: مارول اسٹوڈیو
ایمان ولانی کی پیدائش کراچی میں ہوئی——فوٹو: مارول اسٹوڈیو

مس مارول ویب سیریز کا حصہ بننے والے دیگر پاکستانی اداکاروں میں ثنا بُچہ خان، مہوش حیات اور فواد خان سمیت ثمینہ احمد شامل ہیں۔

اگرچہ مس مارول ویب سیریز کا حصہ بننے والی باقی تمام شخصیات پہلے ہی شوبز کا حصہ تھیں مگر ایمان ولانی پہلی بار اسکرین ڈیبیو کرنے جا رہی ہیں۔

ایمان ولانی نے برطانوی اخبار دی گارجین کو بتایا کہ ان کی پیدائش کراچی میں ہوئی مگر پیدائش کے فوری بعد وہ والدین کے ہمراہ کینیڈا منتقل ہوگئیں اور وہ بچپن سے ہی کامک کرداروں کی دلدادہ تھیں۔

مہوش حیات بھی ویب سیریز کا حصہ ہیں0151فوٹو: انسٹاگرام
مہوش حیات بھی ویب سیریز کا حصہ ہیں0151فوٹو: انسٹاگرام

ان کے مطابق وہ والدہ کی جانب سے ملنے والے خرچ کے 20 ڈالرز کو کامک کتابوں اور مکڈونلڈ کے کھانوں میں خرچ کرتی رہی ہیں مگر انہوں نے کبھی کامک کردار ادا کرنے یا اداکاری سے متعلق نہیں سوچا تھا۔

ہائی اسکول کی تعلیم مکمل کرنے والی ایمان ولانی کے مطابق انہیں 2020 میں اپنی رشتیدار خاتون نے ایک واٹس ایپ میسیج بھیجا، جس میں مس مارول کے کردار کے آڈیشن کا ذکر تھا، جسے انہوں نے نظر انداز کردیا تھا۔

شرمین عبید چنائے ویب سیریز کے ہدایت کاروں میں شامل ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
شرمین عبید چنائے ویب سیریز کے ہدایت کاروں میں شامل ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

ان کے مطابق بعد ازاں ان کی خاتون رشتیدار نے انہیں مکمل تفصیلات ای میل پر بھیجیں، جس کے بعد انہوں نے آڈیشن دینے کا سوچا اور 2020 کے آغاز میں ان کا ورچوئل آڈیشن ہوا۔

ایمان ولانی نے بتایا کہ ہائی اسکول کے آخری دن انہیں معلوم ہوا کہ انہیں کمالہ خان کے کردار کے لیے منتخب کرلیا گیا ہے اور وہ دن ان کی زندگی کا سب سے اہم دن تھا۔

انہوں نے کورونا کی وبا کے باعث مس مارول کی شوٹنگ میں مشکلات اور تاخیر کا ذکر بھی کیا اور کامک کرداروں سے اپنی محبت پر بھی کھل کر بات کی۔

ان کی ویب سیریز کو پاکستان میں رواں ماہ کے اختتام پر سینما گھروں میں پیش کیا جائے گا، کیوں کہ یہاں ڈزنی پلس ویب سائٹ کی سروس دستیاب نہیں۔