مہوش حیات نے ’مس مارول‘ کا حصہ ہونے کی تصدیق کردی

مہوش حیات نے مس مارول میں پاکستانی اداکاروں کی کاسٹنگ کو خوش آئندہ قرار دیا—فوٹو: انسٹاگرام
مہوش حیات نے مس مارول میں پاکستانی اداکاروں کی کاسٹنگ کو خوش آئندہ قرار دیا—فوٹو: انسٹاگرام

معروف اداکارہ مہوش حیات نے بلآخر ویب سیریز ’مس مارول‘ کی ریلیز سے چند دن قبل اس بات کی تصدیق کردی کہ وہ بھی سیریز کا حصہ ہیں۔

گزشتہ چند ماہ سے چہ مگوئیاں تھیں کہ مہوش حیات بھی ’مس مارول‘ کا حصہ ہیں اور حال ہی میں انہوں نے ویب سیریز کے پریمیئر میں بھی شرکت کی تھی، جس سے لوگوں نے اندازا لگایا تھا کہ وہ بھی سیریز کا حصہ ہوں گی۔

اور اب انہوں نے تصدیق کردی کہ وہ بھی ’مس مارول‘ کا حصہ ہوں گی، تاہم ان کے کردار سے متعلق تاحال کوئی معلومات سامنے نہیں آ سکی۔

مہوش حیات نے 5 جون کو انسٹاگرام پر پریمیئر کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے تصدیق کی کہ وہ ’مارول اسٹوڈیو‘ کی ویب سیریز کا حصہ ہیں اور انہوں نے اپنا خواب پورا ہونے پر شکرانے بھی ادا کیے۔

انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ وہ ’مس مارول‘ میں کیا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی، تاہم خبریں ہیں کہ ممکنہ طور پر مہوش حیات اور فواد خان ویب سیریز کی ہیروئن ’کمالہ خان‘ یعنی مس مارول کے پڑ پوتے اور پڑ پوتی کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے۔

مہوش حیات نے ’مس مارول‘ میں ایمان ولانی کے ساتھ کام کرنے پر خوشی کا اظہار کیا اور یہ بھی بتایا کہ انہوں نے مارول اسٹوڈیو کی ٹیم سے بھی ملاقاتیں کیں۔

یہ بھی پڑھیں: پہلی مسلم خاتون سپر ہیرو سیریز کے لیے پاکستانی نژاد لڑکی کا انتخاب

مہوش حیات نے ’مس مارول‘ سیریز کی ہدایت کارہ شرمین عبید چنائے کی بھی تعریفیں کیں اور بتایا کہ انہوں نے بہترین انداز میں ویب سیریز میں پاکستانی لہجے اور ثقافت کو پیش کرنے کی بھرپور کوشش کی ہے۔

علاوہ ازیں مہوش حیات کی جانب سے پریمیئر کے دوران صحافیوں سے بات کرنے کی ایک مختصر ویڈیو بھی وائرل ہو رہی ہے، جس میں انہوں نے ’مس مارول‘ کی تعریف کی اور بتایا کہ پہلی بار ہولی وڈ میں پاکستانی کرداروں اور لہجے کو درست اور مثبت انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ آج تک ہولی وڈ میں پاکستانی کرداروں کو منفی اور غلط انداز میں پیش کیا جاتا رہا ہے، تاہم مس مارول میں انہیں درست انداز میں پیش کیا جائے گا۔

انہوں نے ’مس مارول‘ میں پاکستانی کرداروں کی درست نمائندگی پر بھی مارول ٹیم کی تعریفیں کیں۔

مزید پڑھیں: ’مس مارول‘ میں پاکستانی گانا ’پیچھے ہٹ‘ دیے جانے کا امکان

’مس مارول‘ ویب سیریز کی مرکزی کہانی ’کمالا خان‘ نامی 16 سالہ سپر ہیرو لڑکی کے گرد گھومتی ہے جو کہ دراصل ایک پاکستانی نژاد لڑکی ہوتی ہے اور جرسی سٹی میں رہتی ہے۔

کمالا ایک پرجوش فنکار، ایک شوقین گیمر، اور فکشن کی دلدادہ ہے، وہ اوینجرز اور خاص طور پر کیپٹن مارول کی ایک بہت بڑی مداح ہے لیکن سپرپاورز حاصل کرنے سے قبل کمالا خان نے ہمیشہ دنیا میں اپنا مقام تلاش کرنے کے لیے جدوجہد کی۔

مذکوہ ویب سیریز کو 8 جون کو اسٹریمنگ ویب سائٹ ڈزنی پلس پر ریلیز کیا جائے گا، تاہم اسے پاکستان میں سینماؤں میں پیش کیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں