• KHI: Sunny 26.3°C
  • LHR: Sunny 20.6°C
  • ISB: Partly Cloudy 17.8°C
  • KHI: Sunny 26.3°C
  • LHR: Sunny 20.6°C
  • ISB: Partly Cloudy 17.8°C

انگلینڈ آسٹریلیا ٹی ٹوئنٹی: کئی ریکارڈز چکنا چور

شائع August 30, 2013

ایرون فنچ کا چھکے کے ساتھ سنچری کی تکمیل پر فاتحانہ انداز۔ فوٹو رائٹرز

ساؤتھ ہیمپٹن: آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ایرون فنچ کی شاندار اور جارحانہ سنچری اننگ کی بدولت کئی ریکارڈز چکنا چور ہو گئے۔

مذکورہ میچ میں آسٹریلین ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے فنچ کی جارحانہ سنچری سے تقویت پاتے ہوئے 248 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔

جواب میں انگلش ٹیم مقررہ اوورز میں 209 رنز تک محدود رہی اور آسٹریلیا نے میچ میں 39 رنز سے کامیابی حاصل کر لی، یہ مہمان ٹیم کی دورہ انگلینڈ میں پہلی کامیابی بھی تھی۔

مذکورہ میچ کی خاص بات اوپنر ایرون فنچ کی جانب سے 63 گیندوں پر کھیلی گئی 156 رنز کی شاندار اننگ تھی جس کی بدولت انہوں نے ریکارڈز کی بک میں اپنا نام محفوظ کرا لیا ہے۔

یہ اب تک عالمی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں کسی بھی کھلاڑی کی جانب سے ایک اننگ میں کیا گیا سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ نیوزی لینڈ کے وکٹ کیپر بلے باز برینڈن میک کولم کے پاس تھا جنہوں نے گزشتہ سال بنگلہ دیش کے خلاف 123 رنز کی اننگ کھیلی تھی۔

فنچ نے ریکارڈ ساز اننگ کے دوران 14 چھکے جڑ کر سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا، اس سے پہلے جنوبی افریقی بلے باز رچرڈ لیوی نے گزشتہ سال نیوزی لینڈ کے خلاف ہملٹن کے مقام پر کھیلے گئے میچ میں 13 چھکے لگائے تھے۔

جہاں آسٹریلین بلے باز نے 14 چھکے لگا کر انفرادی ریکارڈ بنایا تو دوسری آسٹریلین ٹیم نے بھی میچ میں 18 چھکوں کی بدولت ایک ٹی ٹوئنٹی میچ میں سب سے زیادہ چکسز کا ریکارڈ بنایا۔

قابل ذکر امر یہ ہے اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ 17 چھکوں کا ریکارڈ بھی انگلینڈ کے خلاف بنا تھا جہاں 2009 میں جنوبی افریقہ نے 241 رنز بناتے ہوئے اس ریکارڈ کو قائم کیا تھا۔

آسٹریلین بلے باز نے 47 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی جہاں وہ محض دو گیندوں کے فرق سے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تیز ترین سنچری کا ریکارڈ اپنے نام نہ کر سکے تاہم انہوں نے اپنے ملک کی جانب سے پہلی اور تیز ترین سنچری کا ریکارڈ اپنے نام کے آگے درج کرا لیا۔

تقسیم انعامات کی تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فنچ نے کہا کہ وکٹ بیٹنگ کیلیے انتہائی سازگار تھی اور آج میرا دن تھا، وکٹ میں سیم یا اسپن موجود نہ تھا جس کے باعث میں نے شروع میں ہی باؤنڈریز اسکور کیں جو بڑی اننگ کھیلنے میں معاون ثابت ہوئی۔

آسٹریلین کپتان جارج بیلی نے اسے ایک بہترین اننگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے قریب صرف ایک اننگ آ سکتی ہے جو آئی پی ایل میں کرس گیل نے کھیلی تھی۔

یاد رہے کہ تیز ترین سنچری کا ریکارڈ جنوبی افریقہ کے رچرڈ لیوی کے پاس جنہوں نے صرف 45 گیندوں پر تین ہندسوں کی اننگ کھیلی تھی۔

مذکورہ میچ میں آسٹریلین ٹیم نے 248 رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ کی زینت بنایا جو ٹی ٹونٹی کرکٹ کا دوسرا سب سے بڑا اور آسٹریلیا کی جانب سے اب تک کیا جانے والا سب سے بڑا اسکور ہے۔

اس سے قبل آسٹریلیا کی جانب سے کھیل کے سب سے چھوٹے فارمیٹ میں سب سے بڑا اسکور 221 رنز تھا جو اس نے انگلینڈ ہی کے خلاف 2007 میں اسکور کیا تھا۔

اس طرز کی کرکٹ میں سب سے بڑے اسکور کا ریکارڈ سری لنکا کے پاس ہے جہاں اس نے 2007 میں کینیا کی کمزور ٹیم کو تختہ مشق بناتے ہوئے 260 رنز اسکور کیے تھے۔

پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں دونوں ٹیموں نے مل کر بھی ایک ریکارڈ بنایا، میچ میں مجموعی طور پر 457 رنز اسکور ہوئے جو اب تک ٹی ٹوئنٹی میں ایک میچ کے دوران دونوں اننگ کو ملا کر کیا جانے والا سب سے بڑا ٹوٹل ہے۔

سن 2010 میں نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے گئے میچ میں مجموعی طور پر 428 رنز بنے تھے جو اس میچ سے قبل دونوں اننگ کا سب سے بڑا ٹوٹل تھا۔

انگلش ٹی ٹوئنٹی کپتان اسٹورٹ براڈ نے میچ کے اختتام پر کہا کہ میچ ہارنا انتہائی مایوس کن ہے لیکن اس کا تمام تر سہرا آسٹریلین بلے بازوں کو جاتا ہے۔

اس موقع پر اسٹیڈیم میں موجود دیگر لوگوں کی طرح براڈ بھی فنچ کے گرویدہ دکھائی دیے اور انہوں نے اس اننگ کو ناقابل یقین قرار دیتے ہوئے کہا کہ کبھی کبھی ہمیں ماننا پڑتا ہے کہ ہمیں آؤٹ کلاس کر دیا گیا اور ہمیں صرف ایک شخص نے آؤٹ کلاس کر دیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2025
کارٹون : 22 دسمبر 2025