پی ٹی آئی کے خلاف سخت کارروائی کیلئے سندھ اسمبلی میں قرارداد منظور
سندھ اسمبلی کے اراکین نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے تعلق رکھنے والے اراکین کی عدم موجودگی میں گزشتہ روز ایک بار پھر عمران خان کی گرفتاری کے بعد 9 مئی کو ہونے والی پرتشدد کارروائیوں کی مذمت کی اور پی ٹی آٗئی کی اعلیٰ قیادت کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کی پارلیمانی پارٹی کے رہنما مفتی محمد قاسم فخری کی جانب سے پیش کردہ قرارداد کو پیپلز پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ-پاکستان (ایم کیو ایم-پی) اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کی جانب سے بھرپور حمایت ملی۔
قرارداد پر بات کرتے ہوئے ٹی ایل پی کے رکن اسمبلی نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کارکنان نے 9 مئی کو اپنے چیئرمین عمران خان کے کہنے پر تشدد کا سہارا لیا اور نجی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا۔
ٹی ایل پی رہنما نے مطالبہ کیا کہ پی ٹی آئی پر پابندی لگائی جائے اور عمران خان سمیت تمام قصورواروں کے خلاف کارروائی کی جائے، اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے قرارداد پر ووٹنگ کروائی جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔










لائیو ٹی وی