طویل عرصے سے خبروں میں رہنے والی سائنس فکشن فلم ’عمرو عیار‘ کا ٹیزر جاری کردیا گیا، جس میں فلم کو ریلیز کرنے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

ابتدائی طور پر نومبر 2021 میں ’عمرو عیار‘ کا موشن ٹیزر جاری کرتے ہوئے اسے 2022 میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن ایسا نہ ہوسکا۔

اب طویل عرصے بعد ڈیڑھ منٹ سے کم دورانیے کا اس کا ٹیزر جاری کردیا گیا۔

ٹیزر میں تقریباً فلم کے تمام مرکزی کرداروں کو دکھایا گیا ہے اور ٹیزر سے عندیہ ملتا ہے کہ عثمان مختار ہی ’عمرو عیار‘ کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے۔

فلم میں دیگر جادوئی کردار بھی دکھائے گئے ہیں اور ٹیزر سے معلوم ہوتا ہے کہ صنم سعید اور ثنا فخر بھی جادوئی کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

ٹیزر میں عدنان صدیقی، ثنا فخر، منظر صہبائی اور دیگر اداکاروں کے کرداروں کو بھی دکھایا گیا ہے۔

مختصر ٹیزر سے فلم کی کہانی کو سمجھنا مشکل ہے، تاہم عندیہ ملتا ہے کہ فلم مکمل طور پر سائنس فکشن اور ایکشن فلم ہوگی، جس میں پاکستانی شائقین پہلی بار بڑی اسکرین پر جادوئی کرداروں کو دیکھیں گے۔

’عمرو عیار‘ کی ہدایات اظفر جعفری نے دی ہیں، اس کی کہانی عاطف ریحان صدیقی نے لکھی ہے اور اسے ہما بابر نے پروڈیوس کیا ہے۔

فلم کی تیاری میں غیر ملکی ٹیم کی بھی خدمات حاصل کی گئی ہیں اور ٹیزر سے ہی معلوم ہوتا ہے کہ فلم میں شاندار افیکٹس اور گرافکس کا استعمال کیا گیا ہے۔

’عمرو عیار‘ کی کاسٹ میں عثمان مختار، صنم سعید، فاران طاہر کے علاوہ علی قاضی، عدنان صدیقی، سیمی راحیل، ثنا فخر، منظر صہبائی، دانیال راحیل اور سلمان شوکت سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔

یہاں یہ بات واضح رہے کہ ’عمرو عیار‘ فلم کی کہانی ہزار سالہ قدیم مسلم ادب ’داستان امیر حمزہ‘ میں شامل اسی نام کے کردار کی کہانی پر مبنی ہے۔

’داستان امیر حمزہ‘ کو ایک ہزار سال پرانا اسلامی ادبی نسخہ مانا جاتا ہے جو کہ عربی اور فارسی کے بعد مغل بادشاہوں کے دور میں اردو ادب میں ترجمے کی صورت میں شامل ہوا۔

’داستان امیر حمزہ‘ میں متعدد فکشنل جادوئی کرداروں کی کہانیاں شامل ہیں، جن میں ’عمرو عیار‘ کا قصہ بھی شامل ہے۔

’عمرو عیار‘ کے کردار کو متعدد ڈراموں اور فلموں میں پیش کیا جا چکا ہے، تاہم پہلا موقع ہے کہ اسی کردار پر پاکستانی فلم بنائی گئی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں