کیریبیئن لیگ میں سلو اوور ریٹ پر ریڈ کارڈ کا استعمال، پولارڈ کی قانون پر تنقید
کیریبیئن پریمیئر لیگ (سی پی ایل) میں کھلاڑیوں کو ریڈ کارڈ دکھانے کا نیا قانون نافذ کر دیا گیا ہے اور سنیل نارائن اس قانون کی زد میں آنے والے پہلے کھلاڑی بنے تاہم سابق ویسٹ انڈین اسٹار کیرن پولارڈ نے اس قانون کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
کیریبیئن پریمیئر لیگ کے منتظمین نے مرد اور خواتین کے مقابلوں میں سلو اوور ریٹ کے مسائل پر قابو پانے کے لیے متعدد اقدامات متعارف کرائے ہیں جس میں اننگز کے آخری اوور کے آغاز سے قبل مقررہ اوور ریٹ سے پیچھے رہنے والی فیلڈنگ ٹیم کو ریڈ کارڈ دکھا کر ایک کھلاڑی کو میدان سے باہر بھیج دیا جائے گا۔
سلو اوور ریٹ کی پاداش میں ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز کے سنیل نارائن کو ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے رخصت کیا گیا تو ٹیم کے کپتان کیرن پولارڈ نے اس قانون پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے مضحکہ خیز قرار دیا۔
پولارڈ نے اس قانون سے اختلاف کرتے ہوئے کہا کہ یہ قانون پوری اننگز کے دوران کھلاڑیوں کی جانب سے کی گئی محنت کو بہا لے جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ ہم پیادے ہیں جنہیں جو کہا جائے وہ انہیں کرنا ہو گا، اگر یہ چیز میچوں کا فیصلہ کرے گی تو پھر ہمیں اس کو دیکھنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم جلد از جلد اننگز ختم کرنا چاہتے ہیں، اگر آپ اس طرح کے ٹورنامنٹ میں 30 سے 45 سیکنڈ دیر سے آنے پر ایسی پینالٹی لگائیں گے تو یہ انتہائی مضحکہ خیز ہے۔
اتوار کو سینٹ کٹس اور نیوس پیٹریاٹس کے درمیان کھیلے گئے میچ میں 20ویں اوور کے آغاز سے قبل نائٹ رائیڈرز کی ٹیم اوور ریٹ کی بنیاد پر پیچھے تھی جس پر امپائر زاہد بشارت نے کپتان پولارڈ کو ریڈ کارڈ دکھایا جس کی وجہ سے انہیں ایک کھلاڑی کو میدان سے باہر بھیجنا پڑا۔
نارائن اپنے کوٹے کے چار اوور مکمل کر چکے تھے اس لیے پولارڈ نے انہیں میدان سے باہر بھیج دیا لیکن ساتھ ساتھ وہ اس قانون پر شدید برہم بھی نظر آئے۔
اس قانون کے تحت کپتان کو ایک کھلاڑی کو میدان سے باہر بھیجنا ہوتا ہے اور 6 کھلاڑیوں کو دائرے میں رہنا ہوگا۔
ٹی20 فارمیٹ میں ٹیموں کو 85 منٹ کے اندر 20 اوور گیند بازی کرنا ہوتی ہے۔
کیریبیئن پریمیئر لیگ کے اس نئے سیزن کے قانون کے تحت ٹیموں کو 17 اوورز 72منٹ 15 سیکنڈ، 18 اوورز 76 منٹ 30 سیکنڈ اور 19 اوور 80 منٹ 45 سیکنڈ میں مکمل کرنا ہوں گے۔
اگر ٹیم 18ویں اوور کے آغاز پر اوور ریٹ سے پیچھے ہو تو ان کو 5 فیلڈرز دائرے میں رکھنا ہوں گے اور اگر 19ویں اوور کے آغاز سے قبل بھی مقررہ اوور ریٹ برقرار نہ رکھ سکے تو 6 فیلڈر دائرے کے اندر رکھنا ہوں گے۔
اگر آخری اوور کے آغاز سے قبل بھی ٹیم اوور ریٹ سے پیچھے رہی تو پھر فیلڈنگ ٹیم ایک کھلاڑی سے محروم ہو جائے گی اور 6 کھلاڑی دائرے کے اندر ہوں گے۔
تاہم صرف فیلڈنگ ٹیم ہی نہیں بلکہ ٹیم کو بھی سلو اوور ریٹ کی پینالٹی لگے گی اور امپائر کی جانب سے حتمی وارننگ کے بعد ہر مرتبہ سلو اوور ریٹ کی غلطی پر بیٹنگ ٹیم پر 5 رنز کی پینالٹی لگے گی۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ساتھ ساتھ دنیا بھر کی لیگز میں بھی سلو اوور ریٹ پر بھاری جرمانے اور پینالٹی عائد کی جاتی ہے۔
بگ بیش لیگ نے سلو اوور ریٹ پر گزشتہ سیزن میں ایک نیا قانون متعارف کرایا تھا جس کے تحت ٹیم کو دائرے میں اضافی فیلڈر کھڑا کرنا ہوتا ہے۔