عرفان خان کا بیٹا ہونے کے باوجود آڈیشن دے کر کام حاصل کرتا ہوں، بابل خان
بولی وڈ کے ورسٹائل مرحوم اداکار عرفان خان کے بیٹے اور ابھرتے ہوئے اداکار بابل خان نے کہا ہے کہ وہ بہت بڑے اداکار کے بیٹے ہونے کے باوجود ہر بار آڈیشن دے کر فلموں میں کام حاصل کرتے ہیں۔
عرفان خان کا شمار بولی وڈ کے اے لسٹر اداکاروں میں ہوتا تھا، وہ اپریل 2020 میں کینسر کے باعث انتقال کر گئے تھے۔
ان کے بڑے صاحبزادے بابل خان نے دسمبر 2022 میں نیٹ فلیکس پر ریلیز ہونے والی فلم ’کلا‘ سے فلم ڈیبیو کیا تھا۔
اس کے بعد بابل خان ’دی فرائیڈے پلان‘ نامی رومانٹک کامیڈی فلم میں بھی دکھائی دیے۔
جلد ہی ان کی ویب سیریز ’دی ریلوے مین‘ بھی ریلیز ہوگی، جس میں وہ سینیئر اور منجھے ہوئے اداکاروں کے ساتھ دکھائی دیں گے۔
’دی ریلوے مین‘ نامی مختصر ویب سیریز کی کہانی ریاست مدھیا پردیش کے شہر ’بھوپال‘ کی کیمیکل فیکٹری میں 1984 میں ہونے والے دھماکے کے گرد گھومتی ہے، جس میں تقریبا ڈھائی ہزار کے قریب افراد مارے گئے تھے۔
بابل خان حال ہی میں ’انڈیا ٹوڈے کے ٹی وی چینل آج کل‘ کے فورم پر ہونے والی ایک تقریب میں ’دی ریلوے مین‘ کی دیگر کاسٹ کے ہمراہ شریک ہوئے، جہاں انہوں نے کیریئر سمیت اداکار کے بیٹے ہونے کے ناطے پیش آنے والی مشکلات پر بھی کھل کر بات کی۔
بابل خان نے اداکار کے بیٹے ہونے کے ناطے فلم انڈسٹری میں کام کرنے کے دباؤ سے متعلق پوچھے گئے سوال پر کہا کہ وہ اب بھی ہر بار آڈیشن دینے کے بعد ہی کام حاصل کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اداکار کے بیٹے ہونے کے باوجود انہیں ہدایت کار اور پروڈیوسرز سے بھی آڈیشن دینے کا کہتے ہیں۔
ان کے مطابق انہیں بھی آڈیشن دے کر کام حاصل کرنا اچھا لگتا ہے، کیوں کہ ان کا ماننا ہے کہ اگر وہ ایک مرحلے سے گزر کر شوٹنگ سیٹ پر پہنچیں تو ان میں کانفیڈنس ہوگا اور وہ بہتر انداز میں کام کر سکیں گے۔
انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اب تک حاصل کیے گئے تمام کردار آڈیشن دے کر حاصل کیے اور اب بھی وہ آڈیشنز ہی دے رہے ہیں۔
والد سے اداکاری سیکھنے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا وہ والد کے ساتھ بہت زیادہ وقت گزارتے تھے اور ان کے ساتھ گزارے گئے وقت میں وہ کچھ نہ کچھ سیکھ رہے ہوتے تھے، ایسا بلکل نہیں کہ انہوں نے باضابطہ طور پر والد سے اداکاری سیکھی لیکن انہوں نے ان سے بہت کچھ سیکھا۔
بابل خان کی ویب سیریز ’دی ریلوے مین‘ آئندہ ماہ دسمبر میں نیٹ فلیکس پر ریلیز ہوگی۔












لائیو ٹی وی