• KHI: Maghrib 5:51pm Isha 7:08pm
  • LHR: Maghrib 5:12pm Isha 6:35pm
  • ISB: Maghrib 5:14pm Isha 6:39pm
  • KHI: Maghrib 5:51pm Isha 7:08pm
  • LHR: Maghrib 5:12pm Isha 6:35pm
  • ISB: Maghrib 5:14pm Isha 6:39pm

انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے، شان مسعود

شائع September 30, 2024
فوٹو: ڈان نیوز
فوٹو: ڈان نیوز

قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ بنگلادیش کے خلاف جو نتیجہ چاہتے تھے وہ نہیں آیا، تمام لڑکوں کو خراب کارکردگی کا دکھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کامیابی کے لیے کھلاڑیوں کو مسلسل مواقع فراہم کرنے پڑے گیں، خرم شہزاد ٹیم کا اہم جز ہیں اور بدقسمتی سے وہ انجری کا شکار ہوگئے ہیں، ٹیسٹ کرکٹ میں آپ کو کارکردگی دکھانے کے لیے متواتر میچز چاہیے ہوتے ہیں۔

قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ پہلے ٹیسٹ کے لیے ٹیم کا اعلان کیا ہے لیکن ہمیں ملتان میں کنڈیشنز کا اندازہ نہیں، ہماری کوشش ہو گی پہلے ٹیسٹ میں اچھا آغاز کریں۔

شان مسعود کا کہنا تھا کہ جب آپ کی ٹیم ہارتی ہے خاص طور پر پاکستان ہارتا ہے تو یہ بات انہیں کبھی بھی اچھی نہیں لگتی، بنگلہ دیش اور آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں اچھا آغاز نہیں ہوا، آسٹریلیا سے کھیل کر آنے کے بعد ہم نے بہت ساری ایسی چیزیں دیکھی جو ہمیں مثبت لگیں لیکن ہمیں بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں نتیجہ کے طور پر وہ چیزیں دیکھنے کو نہیں ملیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں غلطیوں سے سیکھنا ہوگا، ٹیسٹ کرکٹ آپ سے جسمانی اور ذہنی طور پر مضبوط رہنے کا مطالبہ کرتی ہے، ہمیں ان چیزوں کو بطور ٹیم بہتر کرنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ بنگلادیش کے خلاف ٹیم میں اتحاد کے حوالے سے کوئی مسائل نظر نہیں آئے، ان کی ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ ڈریسنگ روم میں بہتر ماحول رکھا جائے۔

شان مسعود کا کہنا تھا کہ محمد رضوان مستقل ٹیم کا حصہ ہیں لیکن شارٹ ٹرم میں سرفراز احمد بہترین متبادل ہیں، سرفراز احمد کی پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ میں کافی پرفارمنس ہے، وہ اپنی گزشتہ کارکردگی کی وجہ سے ٹیم کا حصہ ہیں، ٹیسٹ میچز میں نئے وکٹ کیپر کو فوری میدان میں نہیں اتارا جا سکتا، نوجوان وکٹ کیپرز اور اوپنرز کے ساتھ مستقبل کی پلاننگ کو نظر میں رکھ کر کوچز کام کررہے ہیں۔

ٹیسٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ بابراعظم دنیا کے نمبر ون اور بہترین بلے باز ہیں، کھلاڑیوں کو پورا موقع دینا چاہتے ہیں، کامران غلام، صائم ایوب سمیت سب کو پرفارمنس دکھانے کا موقع ملے گا۔

شان مسعود کا کہنا تھا کہ کھلاڑی کو بیک کرنے میں اگر ان کی جگہ بھی چلی جائے تو انہیں اس بات کا دکھ نہیں ہوگا، ایمانداری اور انصاف سے فیصلہ کروں گا تو سکون سے رہوں گا اور سو سکوں گا، انگلینڈ کے خلاف اچھی کارکردگی دکھا کر گزشتہ پرفارمنس کا ازالہ کرنے کا اچھا موقع ہے۔

کارٹون

کارٹون : 1 نومبر 2024
کارٹون : 31 اکتوبر 2024