کراچی: نیشنل اسٹیڈیم کے باہر سے چیکنگ کے دوران جعلساز گرفتار
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کے باہر سے چیکنگ کے دوران جعلساز کو گرفتار کرلیا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق پولیس حکام نے گرفتار ملزم مزمل قریشی سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور پریس کے جعلی کارڈز بھی برآمد کرلیے، ملزم نے کیمرہ مین کے جعلی کارڈز بھی بنا رکھے تھے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ اسپیشل سیکیورٹی یونٹ ( ایس ایس یو) کے اہلکاروں نے چیکنگ کے دوران ملزم مزمل کو مشتبہ جان کر شناخت کروانے کا کہا تو اس نے آئی سی سی اور پریس کے جعلی کارڈز دکھائے، جنہیں مشکوک جانتے ہوئے ملزم سے باز پرس کی گئی تو اس جعلسازی کا اعتراف کرلیا، کارروائی کے بعد ملزم کو مزید قانونی چارہ جوئی کے لیے متعلقہ تھانے کے حوالے کردیا گیا۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل چیمپئنز ٹرافی کے لیے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا افتتاح کیا گیا تھا۔
افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے علاوہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری، چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی، میئر کراچی مرتضٰی وہاب اور وزیر کھیل سندھ و دیگر اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی تھی۔
تزئین و آرائش کے بعد نیشنل اسٹیڈیم میں کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے جدید معیار کے ڈریسنگ روم، ہاسپٹیلٹی باکسز تعمیر کیے گئے ہیںِ، اسی طرح نیشنل اسٹیڈیم میں نشریاتی معیار کی بہتری کے لیے 350 ایل ای ڈی لائٹس نصب کی گئی ہیں۔
اسی طرح نیشنل اسٹیڈیم میں 2 ڈیجیٹل ری پلے اسکرینز اور 5 ہزار سے زائد نئی کرسیوں کا اضافہ کیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اسٹیڈیم کا افتتاح کیا، انہوں نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو نیشنل اسٹیڈیم کی ریکارڈ مدت میں تعمیر نو پر مبارکباد دی تھی۔












لائیو ٹی وی