متحدہ پاکستان کا ہیوی ٹریفک کے حادثات میں مرنے والوں کے ورثا کو معاوضہ دینے کا مطالبہ
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے کراچی میں ہیوی ٹریفک کے حادثات میں مرنے والے شہریوں کے لواحقین کو معاوضہ ادا کرنے کا مطالبہ کردیا۔
ڈان نیوز کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے سندھ اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر طہٰ احمد خان نے وزیر اعلیٰ سندھ کو خط لکھ دیا۔
ڈپٹی پارلیمانی لیڈر ایم کیو ایم پاکستان طہٰ احمد نے اپنے خط میں لکھا کہ کراچی میں ڈمپر سے شہریوں کی ہلاکتیں سندھ حکومت کی ناکامی کا ثبوت ہیں۔
انہوں نے اپنے خط قرار دیا کہ ٹوٹی پھوٹی سڑکیں اور اسٹریٹ لائٹس کا نہ ہونا ان حادثات کا سبب ہے، قاتل ڈمپرز کے شہر میں داخلے کے اوقات کار پر سختی سے پابندی کروائی جائے۔
طہٰ احمد نے کہا کہ حادثات کا شکار ہونے والے زیادہ تر افراد اپنے گھر کے واحد کفیل تھے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت متاثرین کے اہل خانہ کو فوری معاوضہ ادا کرنے کی پالیسی بنائے، متاثرہ خاندانوں کو مالی مشکلات سے نکالنا حکومت کی ذمہ داری ہے، قاتل ڈمپر مافیا کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران تواتر کے ساتھ ہیوی ٹریفک کے ذریعے حادثات میں اضافہ دیکھا گیا ہے، ان حادثات میں درجنوں افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
ہیوی ٹریفک کی جانب سے ممنوع اوقات کار میں شہر میں تیز رفتاری کی وجہ سے حادثات کے واقعات پر جماعت اسلامی، ایم کیو ایم پاکستان، مرکزی مسلم لیگ، مہاجر قومی مومنٹ سمیت دیگر سیاسی جماعتوں نے حکومت سے ان واقعات کا سختی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے سخت اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
اس کے بعد سندھ حکومت نے اہم اقدامات کرتے ہوئے ڈمپرز کے کراچی میں داخلے کو رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک محدود کر دیا تھا، یہ اعلان سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے پریس کانفرنس میں کیا تھا۔












لائیو ٹی وی