وفاقی حکومت اپنے ہر وعدے سے پیچھے ہٹ رہی ہے، رہنما پیپلزپارٹی
پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما شازیہ مری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) میں حکومت بناتے وقت ایک معاہدہ ہوا تھا، تاہم وفاقی حکومت اپنے ہر وعدے سے پیچھے ہٹ رہی ہے۔
ڈان نیوز کے پروگرام لائیو ود عادل شاہ زیب میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان ہونے والے معاہدے پر عمل نہیں ہوا، پنجاب میں پیپلز پارٹی کو جگہ نہیں دی جا رہی۔
شازیہ مری نے کہا کہ پنجاب میں بہت پریشانیوں کے باوجود ہم اپنا کام کر رہے ہیں، ہم ماحول بہتر بنانے کے لیے احتیاط کر رہے ہیں، وزیراعظم کو پنجاب کی وزیر کی باتوں کا نوٹس لینا چاہیے۔
رہنما پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو پنجاب کے معاملات سنجیدگی سے دیکھنے پڑیں گے۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت پنجاب اور سندھ میں پیپلزپارٹی کی حکومت کے متعدد وزرا کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی جاری ہے۔
حکومت سندھ کے ترجمان اور میئر سکھر ارسلان شیخ نے گزشتہ روز کہا تھا کہ سندھ میں حادثات کی بنیادی وجہ این ایچ اے کی تباہ حال سڑکیں ہیں، وفاق نے شاید سندھ کو اپنے نقشے سے الگ کیا ہوا ہے۔
ارسلان شیخ کی پریس کانفرنس کے جواب میں وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا تھا کہ پنجاب کے 90 فیصد منصوبے اپنے فنڈز سے مکمل ہورہے ہیں، سیہون میں وزیراعلیٰ سندھ کےعلاقے میں حادثے کو وفاق پرمت ڈالیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ اللہ کرے سندھ نے جو 956 ارب کا ترقیاتی بجٹ منظور کیا تھا وہ جلد از جلد لگ جائے۔
بعد ازاں، آج سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے صوبے میں ہائی ویز پر ٹریفک حادثات کا ملبہ وفاقی حکومت پر ڈالتے ہوئے کہا تھا کہ قومی شاہراہوں پر حادثات (ن) لیگ کی نااہلی ہے، وفاق میں سب سے زیادہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت رہی ہے، اگر سڑکیں مکمل نہیں ہوئیں تو یہ (ن) لیگ کی وفاقی حکومت کی نااہلی ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ آئینہ انکو دکھایا تو برا مان گئے۔












لائیو ٹی وی