• KHI: Partly Cloudy 16.6°C
  • LHR: Partly Cloudy 12.1°C
  • ISB: Partly Cloudy 12.9°C
  • KHI: Partly Cloudy 16.6°C
  • LHR: Partly Cloudy 12.1°C
  • ISB: Partly Cloudy 12.9°C

لاہور ہائیکورٹ نے توہین مذہب کیس میں نابالغ مسیحی ملزم کی ضمانت منظور کرلی

شائع February 20, 2025
ملزم جیل میں ہی رہے گا، کیونکہ ایک کیس میں ضمانت کی درخواست اب بھی لاہور ہائی کورٹ میں زیر التوا ہے — فائل فوٹو
ملزم جیل میں ہی رہے گا، کیونکہ ایک کیس میں ضمانت کی درخواست اب بھی لاہور ہائی کورٹ میں زیر التوا ہے — فائل فوٹو

لاہور ہائی کورٹ نے سرگودھا کے مختلف تھانوں میں توہین مذہب کی فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) میں (گرفتاری کے وقت) نابالغ مسیحی کی ضمانت منظور کرلی۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق ملزم کو ابتدائی طور پر 16 جولائی 2023 کو سیٹلائٹ ٹاؤن پولیس کی جانب سے درج کی گئی ایف آئی آر میں گرفتار کیا گیا تھا، اور بعد میں محض شک کی بنیاد پر مختلف تھانوں کے مزید 2 مقدمات میں نامزد کر دیا گیا تھا۔

ما تحت عدالت نے 20 جولائی 2024 کو ملزم کو گرفتاری کے وقت نابالغ قرار دیا تھا۔

سرگودھا کی کرنا پولیس نے 20 اگست 2023 کو پی پی سی کی دفعہ 295 اے اور بی کے تحت دوسری ایف آئی آر نمبر 454 درج کی تھی۔

جسٹس اسجد جاوید غورل نے ضمانت منظور کرتے ہوئے کہا کہ درخواست گزار کو کرائم رپورٹ میں نامزد نہیں کیا گیا تھا، بلکہ شکایت کنندہ کے ضمنی بیان کے ذریعے مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

جج نے کہا کہ مبینہ واقعے کے وقت درخواست گزار نابالغ تھا، لیکن حیرت انگیز طور پر اس کی قید کو ڈیڑھ سال سے زیادہ عرصہ گزر جانے کے باوجود پولیس نے چالان (چارج شیٹ) جمع نہیں کرائی۔

انہوں نے کہا کہ درخواست گزار کو پیشگی سزا کے طور پر غیر معینہ مدت کے لیے سلاخوں کے پیچھے نہیں رکھا جاسکتا، بالخصوص جب مقدمے کا جلد اختتام نظر نہیں آتا ہے۔

جسٹس اسجد جاوید غورل نے فیصلہ سنایا کہ درخواست گزار کبھی بھی سخت گیر مجرم ثابت نہیں ہوا۔

عدالت نے درخواست گزار کی ضمانت منظور کرتے ہوئے ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کردی، تاہم ملزم جیل کی سلاخوں کے پیچھے رہے گا کیونکہ تیسرے کیس میں اس کی ضمانت کی درخواست اب بھی لاہور ہائی کورٹ میں زیر التوا ہے۔

گزشتہ سال دسمبر میں جسٹس محمد وحید خان نے سیٹلائٹ ٹاؤن تھانے کی پہلی ایف آئی آر نمبر 856 میں مسیحی شخص کی ضمانت منظور کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 14 دسمبر 2025
کارٹون : 13 دسمبر 2025