ڈانسر دیدار کا بھارتی فلم میں کام کرنے کا عندیہ
ماضی کی مقبول ڈانسر اور اداکارہ دیدار نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں اب تک بھارتی فلموں میں کام کی پیش کش ہوتی رہتی ہے اور ممکنہ طور پر وہ جلد ہی کسی بھارتی فلم میں نظر آئیں گی۔
دیدار ماضی میں متعدد پاکستانی فلموں میں کام کر چکی ہیں، تاہم ان کی وجہ شہرت تھیٹر اور اسٹیج اداکاری رہی ہے، وہ پاکستان کی بہترین ڈانسرز بھی رہی ہیں۔
دیدار نے عروج پر شوبز کیریئر کو خیرباد کہ کر شادی کرلی تھی اور اب انہیں بچے بھی ہیں، وہ خوشگوار ازدواجی زندگی گزار رہی ہیں، تاہم انہوں نے دوبارہ شوبز انڈسٹری میں واپسی کا عندیہ دیا ہے۔
دیدار نے حال ہی میں ’سنو ٹی وی‘ کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی اور ان کی بہن نرگس کی جانب سے اداکاری شروع کرنے سے قبل ہی ان کی والدہ نے بیوٹی سیلون کا کاروبار شروع کر رکھا تھا اور ابھی تک وہ سیلون کا کاروبار کرتی آ رہی ہیں، تاہم اب وہ اپنے نام سے سیلون چلا رہی ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی بڑی بہن ڈانسر نرگس نے ان کی کبھی کوئی مدد نہیں بلکہ دونوں کے درمیان مقابلہ رہتا تھا اور دونوں ایک طرح سے ایک دوسرے کی پروفیشنل دشمن رہیں۔
دیدار کے مطابق کبھی بھی دو بہنوں کو ایک ہی ڈرامے یا فلم میں کام نہیں کرنا چاہیے، انہوں نے ایسا کرکے غلطی کی، دونوں کے درمیان اس وقت تک تنازعات رہے جب تک دونوں بہنیں متحرک طور پر شوبز میں کام کرتی رہیں۔
ایک سوال کے جواب میں دیدار نے بتایا کہ انہیں تعلیم مکمل نہ کر پارنے پر افسوس ہے لیکن وہ تعلیم اور کیریئر میں سے کسی ایک کا انتخاب کر سکتی تھیں، اس لیے انہوں نے کیریئر کو منتخب کیا۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم مکمل نہ کرنے کے باوجود انہوں نے انگریزی زبان سیکھی اور وہ اتنی ہی انگریزی بولتی ہیں، جتنی انہیں آتی ہے، وہ خوامخواہ دوسروں کو متاثر کرنے کے لیے انگریزی نہیں بولتیں۔
دیدار نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ ہر اداکارہ کو اتنی انگریزی بولنی چاہیے، جتنی انہیں آتی ہو۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے شوہر نیدرلینڈ کے شہری ہیں، ان کی پیدائش بھی وہیں ہوئی، تاہم ان کے آباؤ و اجداد کا تعلق پاکستان سے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں شوہر نے پہلی بار ہی فون کرکے شادی کی خواہش ظاہر کی تھی، جس پر وہ مان گئیں اور کیریئر کے عروج پر شادی کا فیصلہ کرکے شوبز سے دور ہوئیں، انہیں اپنے فیصلے پر کوئی پچھتاوا نہیں۔
ایک اور سوال کے جواب میں دیدار نے بتایا کہ انہیں ماضی میں متعدد بار بولی وڈ فلموں میں کام کی پیش کش ہوئی جب کہ 2012 میں انہیں ’بگ باس‘ میں شرکت کی پیش کش بھی ہوئی، جس پر وہ رضامند ہوگئی تھیں اور معاہدہ بھی کرلیا تھا لیکن بعد میں انہوں نے متنازع شو میں نہ جانے کا فیصلہ کیا۔
ان کے مطابق بگ باس کے سیٹ پر بہت سارے کیمرے لگے ہوتے ہیں، ہر کسی کی ہر چیز ہر کوئی دیکھ سکتا ہے، جس وجہ سے انہوں نے شرکت سے انکار کیا۔
دیدار نے انکشاف کیا کہ انہیں اب بھی بھارت سے کام کی پیش کش ہوتی ہے اور اس وقت بھی انہیں ایک پنجابی گلوکار کی جانب سے فلم میں ساتھ کام کرنے کی پیش کش ہے اور ممکنہ طور پر وہ بھارتی فلم میں کام کے لیے رضامند ہوجائیں گی۔
انہوں نے بھارتی گلوکار کا نام نہیں بتایا، تاہم میزبان نے دلجیت دوسانجھ کا نام لیا تو انہوں نے کہا کہ وہ ان کے پسندیدہ گلوکار و اداکار ہیں لیکن وہ کسی کا نام نہیں بتائیں گی کہ انہیں کس نے پیش کش کی ہے؟












لائیو ٹی وی