بھارت: اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی اور والدہ سونیا گاندھی پر منی لانڈرنگ کا الزام عائد

شائع April 16, 2025
راہول گاندھی اور سونیا گاندھی سے ای ڈی نے 2022 میں معاملے کی جانچ کے حصے کے طور پر پوچھ گچھ کی تھی — فوٹو: بشکریہ اے این آئی
راہول گاندھی اور سونیا گاندھی سے ای ڈی نے 2022 میں معاملے کی جانچ کے حصے کے طور پر پوچھ گچھ کی تھی — فوٹو: بشکریہ اے این آئی

بھارت میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی اور ان کی والدہ سونیا گاندھی پر منی لانڈرنگ کا الزام عائد کر دیا گیا ہے۔

ڈان اخبار میں شائع غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق فنانشل کرائم ایجنسی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے نئی دہلی کی ایک عدالت میں چارج شیٹ پیش کی۔

ای ڈی نے گاندھی خاندان پر الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے ’نیشنل ہیرالڈ‘ اخبار شائع کرنے والی کمپنی کی 30 کروڑ ڈالر مالیت کی جائیداد کو غیر قانونی طور پر کنٹرول کرنے کے لیے ایک شیل کمپنی تشکیل دی تھی۔

چارج شیٹ میں کانگریس پارٹی کے دیگر ارکان کے نام بھی شامل ہیں، ای ڈی نے فوری طور پر تبصرہ کرنے کے لیے ’رائٹرز‘ کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔

کانگریس کے ترجمان جے رام رمیش نے وزیر اعظم نریندر مودی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سونیا گاندھی، راہول گاندھی اور کچھ دیگر کے خلاف چارج شیٹ داخل کرنا وزیر اعظم کی جانب سے انتقامی کارروائی اور ڈرانے دھمکانے کی سیاست کے سوا کچھ نہیں۔

رام رمیش نے کہا کہ کانگریس پارٹی اور اس کی قیادت کو خاموش نہیں کروایا جاسکتا۔

راہول گاندھی اور سونیا گاندھی سے ای ڈی نے 2022 میں معاملے کی جانچ کے حصے کے طور پر پوچھ گچھ کی تھی۔

نومبر 2023 میں ایجنسی نے کہا تھا کہ اس نے 7 ارب 52 کروڑ روپے (اس معاملے سے منسلک) کے اثاثے ضبط کیے ہیں، جن میں نئی دہلی اور ممبئی میں جائیدادیں اور ایکویٹی سرمایہ کاری شامل ہیں۔

نیشنل ہیرالڈ اخبار کی بنیاد 1937 میں جواہر لال نہرو نے رکھی تھی جو بھارت کے پہلے وزیر اعظم تھے، ان کی اولاد کئی دہائیوں سے کانگریس کی قیادت کر رہی ہے، راہول گاندھی نہرو کے پڑپوتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 13 جون 2025
کارٹون : 12 جون 2025