بہاولپور: ایران میں قتل کیے گئے 8 پاکستانی شہری اپنے آبائی علاقوں میں سپرد خاک
ایران کے صوبہ سیستان بلوچستان میں قتل کیے گئے 8 پاکستانیوں کی میتیں آبائی ضلع بہاولپور پہنچادی گئیں۔
ڈان نیوز کے مطابق پاکستانی مکینکس کے جسد خاکی رات گئے خصوصی طیارے کے ذریعے اسلام آباد اور پھر وہاں سے بہاولپور پہنچائے گئے، جہاں سے ایمبولنسز کے ذریعے آبائی علاقوں میں لائے گئے۔
بہاولپور میں مرنے والوں کے پیاروں نے میتیں دیکھ کر علاقے میں کہرام برپا کر دیا، مقتولین کے گھروں پر رقت آمیز مناظر دیکھے گئے، اہلخانہ غم سے نڈھال تھے۔
تمام میتوں کو آبائی علاقوں میں نماز جنازہ کے بعد سپرد خاک کردیا گیا، نماز جنازہ میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا تھا۔
دفتر خارجہ کے اعلامیے کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ نے سیستان میں 8 پاکستانیوں کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا تھا، ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی۔
یاد رہے کہ 12 اپریل کو ایران کے مشرقی صوبے سیستان بلوچستان میں ایک مسلح حملے میں کم از کم 8 پاکستانی شہری جاں بحق ہوگئے تھے۔
جنوبی پنجاب کے ضلع بہاولپور سے تعلق رکھنے والے ان افراد کو مبینہ طور پر 12 اپریل کو ایران کے ضلع مہرستان میں ایک ورکشاپ میں نامعلوم مسلح افراد نے ہاتھ پاؤں باندھ کر گولی مار کر قتل کر دیا تھا، وہ تقریباً 5 سال سے اس علاقے میں موٹر مکینک کے طور پر کام کر رہے تھے۔