کراچی: دن کے اوقات میں ہیوی ٹریفک پر2 ماہ کیلئے پابندی
کمشنر کراچی نے ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے دن کے اوقات میں ہیوی ٹریفک پر دو ماہ کے لیے مکمل پابندی لگا دی۔
ڈان نیوز کے مطابق پابندی کا اطلاق تعمیراتی مال بردار ڈمپرز پر بھی ہوگا، ہیوی ٹریفک کو صبح 6 بجے سے رات 10 بجے تک شہر میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ہیوی ٹریفک پر شہر میں داخلہ پر پابندی ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ٹریفک کی سفارش پر لگائی گئی۔
ہیوی ٹریفک کو سپر ہائی وے سے نیو کراچی انڈسٹریل ایریا براستہ سلپ روڈ چلنے کی اجازت ہوگی، اسی طرح نیشنل ہائی وے سے گودام چورنگی براستہ منزل پیٹرول پمپ، یونس چورنگی، داؤد چورنگی سے جام صادق چلنے کی اجازت ہوگی۔
اسی طرح ناردرن بائی سے پراچہ چوک، اسٹیٹ ایونیو، سیمینز چورنگی سے گلبائی ماڑی پور روڈ پر ہیوی ٹریفک کو آمدورفت کی اجازت ہوگی۔