کراچی میں ہیوی ٹریفک کا ایک اور حادثہ، سپرہائی وے پر ٹریلر نے ایک شخص کو کچل دیا

شائع April 17, 2025
— فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: اے ایف پی

کراچی میں بھاری ٹریفک سے ایک اور حادثہ ہو گیا، سپر ہائی وے پر ایک ٹریلر نے نوجوان کو کچل دیا۔

سپر ہائی وے پر پیش آنے والے واقعے کے حوالے سے ڈان سے بات کرتے ہوئے گڈاپ سٹی تھانے کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) سرفراز جتوئی نے کہا کہ ڈرائیور نے کاٹھور کے قریب ایک پٹرول پمپ پر ٹریلر کو ریورس کرتے ہوئے اس شخص کو کچل دیا۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، جبکہ پولیس نے ٹریلر کو قبضے میں لے لیا۔

سرفراز جتوئی کا کہنا تھا کہ ہلاک شخص کی شناخت 23 سالہ نداش کمار کے طور پر ہوئی، جو فیول اسٹیشن پر کام کرتا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ لاش کو قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

ایک علیحدہ واقعے میں کلفٹن میں عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے قریب ہٹ اینڈ رن کے واقعے میں ایک 60 سالہ شخص جاں بحق ہوگیا۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے یہ شدید زخمی ہوگئے تھے، اسے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر لے جایا گیا، جہاں وہ علاج کے دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

تاہم، فوری طور پر ان کی شناخت نہیں ہو سکی۔

واضح رہے کہ ہسپتال کے اعداد و شمار کے مطابق شہر قائد میں ٹریفک حادثات میں خطرناک حد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا، گزشتہ برس 2024 کے دوران تقریباً 500 افراد حادثات میں جاں بحق جبکہ 4 ہزار 879 افراد زخمی ہوئے تھے۔

10 اپریل کو کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں پاور ہاؤس چورنگی کے قریب ڈمپر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار شخص زخمی ہوگیا تھا، ڈرائیور نے فرار کی کوشش میں 2 موٹرسائیکلوں کو رونڈ ڈالا تھا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا، حادثے کے بعد مشتعل افراد نے 5 ڈمپر اور 4 واٹر ٹینکر اور ایک ٹرک جلا دیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 14 جون 2025
کارٹون : 13 جون 2025