بھارت سے آئے 5 ہزار 803 سکھ یاتری واہگہ بارڈر کے راستے وطن واپس روانہ
بھارت سے آئے 5 ہزار 803 سکھ یاتری واہگہ بارڈر کے راستے وطن واپس روانہ ہوگئے، صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے یاتریوں کو رخصت کیا، اس دوران ایڈیشنل سیکریٹری شرائنز سیف اللہ کھوکھر بھی موجود تھے۔
ڈان نیوز کے مطابق واہگہ بارڈر کے ذریعے سکھ یاتریوں کی واپسی کے دوران ممبران پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی بھی یاتریوں کو الوداع کہنے کے لیے موجود رہے۔
پاکستان سے واپس جانے والے سکھ یاتریوں نے کہا کہ پاکستان میں انسان اور انسانیت کی تعظیم دیکھی ہے، یہاں سے ملنے والے پیار سے بھارتی سرزمین کو مہکانے کی کوشش کریں گے۔
دہلی گوردوراہ منیجمنٹ کمیٹی کے جتھہ لیڈر سردار دلجیت سنگھ نے کہا کہ حکومت پاکستان، حکومت پنجاب اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے شکر گزار ہیں، پاکستان حقیقت میں اقلیت نواز ملک ہے۔
شرومنی گوردوراہ پربندھک کمیٹی کے جتھہ لیڈر سردار رویندر سنگھ نے کہا کہ پاکستانیوں کی طرف سے ملنے والا مان کبھی بھلا نہیں پائیں گے۔
سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ دعاگو ہیں کہ بہت جلد آپ لوگ واپس آئیں اور ہم مل کر محبتیں بانٹیں، ہم نے خدمت میں کوئی کمی نہیں چھوڑی، کوشش ہے کہ اگلی مرتبہ ویزوں کی تعداد کو مزید بڑھایا جائے۔
ایڈیشنل سیکریٹری شرائنز سیف اللہ کھوکھر نے کہا کہ کوشش کی کہ ایک بہترین ٹیم ورک سے تمام مراحل ادا کیے جائیں، جو کمی رہ گئی اسے اگلی مرتبہ لازمی درست کریں گے، امید ہے ہم آپ کی مہمان نوازی میں پورے اترے ہوں گے۔












لائیو ٹی وی